
ارم کاشف
زندگی کی گاڑی دو پہیوں پر چلتی ہے۔ ایک مرد اور دوسرا عورت۔ ایک ہی گھر کی چھت تلے مرد صبح سے رات تک روزگار کی چکی میں پستا ہے۔دفتر اور
دکان کی تھکن اور قرضوں کا بوجھ اپنے کندھوں پر اٹھائے پھرتا ہےاور اس کی تھکن اکثر کسی کو دکھائی نہیں دیتی اور اسی گھر میں عورت بھی ہےجو گھر، بچوں اور رشتوں کی ذمہ داریوں میں اپنی ذات کو بھلا بیٹھتی ہےاور اس کے آنسو بھی کسی کھاتے میں درج نہیں ہوتے مگر انصاف کا تقاضا ہے کہ ہم یہ بھی مانیں کہ ہر مرد ایسا بے حس نہیں ہوتا کہ اسے بیوی کی تکلیف اور آنسو نظر ہی نہ آئیں اور نہ ہی ہر عورت ایسی خود غرض ہوتی ہے کہ شوہر کی جدوجہد اور محنت کو خاطر میں نہ لائے۔ ہر گھر اور ہر جگہ اچھے لوگ بھی ہیں اور برے بھی۔ چند افراد کے رویّوں کو بنیاد بنا کر پوری صنف کے کردار کا فیصلہ کر دینا سراسر ناانصافی ہے۔ سچ یہ ہے کہ دکھ جنس دیکھ کر نہیں آتا۔ بوجھ دونوں کے کندھوں پر ہے۔ تھکن دونوں کے حصے میں ہے اور سہارے کی ضرورت دونوں کو یکساں ہے۔
اللہ تعالیٰ نے انسان کو پیدا کیا تو دونوں کو ایک ہی جان سے پیدا کیا۔ قرآن نے میاں بیوی کو ایک دوسرے کا لباس قرار دیا: ھُنَّ لِبَاسٌ لَّکُمْ وَاَنتُمْ لِبَاسٌ لَّھُنَّ (سورۃ البقرہ، آیت 187)۔ لباس پردہ بھی ہے، زینت بھی اور حفاظت بھی۔ بھلا لباس اور پہننے والے میں سے کسی کو کمتر کہا جا سکتا ہے؟ برابری کا اس سے خوبصورت استعارہ کیا ہوگا جس کے بعد برتری کی دوڑ خود بخود بے معنی ہو جاتی ہے۔
افسوس کہ ہمارے معاشرے میں آج دو انتہائیں پائی جاتی ہیں۔ ایک طرف وہ سوچ ہے جو عورت کو پاؤں کی جوتی سمجھتی ہے اور دوسری طرف وہ جو مرد کو محض کمانے کی مشین اور ہر خرابی کا ذمہ دار ٹھہراتی ہے۔ یہ دونوں رویّے ناانصافی پر مبنی ہیں۔ عورت کی عزت، تعلیم، رائے اور وقار اتنا ہی ضروری ہے جتنا مرد کا اور مرد کی محنت، قربانی اور ذمہ داری کا اعتراف بھی اتنا ہی لازمی ہے۔
برابری کا مطلب یکسانیت نہیں۔ خالقِ کائنات نے ہر ایک کے لیے حدود مقرر کی ہیں اور ہر حد میں حکمت پوشیدہ ہے۔ سورۃ البقرہ کی آیت 228 میں ارشاد ہے: وَلَھُنَّ مِثْلُ الَّذِیْ عَلَیْھِنَّ بِالْمَعْرُوْفِ وَلِلرِّجَالِ عَلَیْھِنَّ دَرَجَۃٌ۔ آیت کے پہلے حصے میں حقوق کی برابری کا اعلان ہے کہ عورتوں کے لیے بھی ویسے ہی حقوق ہیں جیسے ان پر فرائض ہیں۔ دوسرے حصے میں مرد کے ایک درجے کا ذکر ہے، جسے مفسرین نے مختلف پہلوؤں سے بیان کیا ہے۔ ازدواجی زندگی میں اس درجے کے ساتھ ذمہ داری، حسنِ سلوک اور حقوق کی ادائیگی بھی وابستہ ہے۔ سورۃ النساء کی آیت 34 میں قوامیت کا ذکر اسی تناظر میں آیا ہے۔ یہ درجہ اس لیے نہیں کہ مرد حاکم بن کر ظلم کرے بلکہ اس لیے ہے کہ وہ محافظ اور کفیل بن کر خدمت کرے۔
اسی درجے کی بنا پر شوہر، باپ، بھائی اور بیٹے کی حیثیت سے مرد کی عزت اور احترام ہم پر واجب ہےجو عورت اپنے گھر کے مرد کی محنت کا اعتراف کرتی اور اس کی عزت کا خیال رکھتی ہے، وہ اپنا مقام کم نہیں کرتی بلکہ اپنے گھر کی بنیادوں کو مزید مضبوط بناتی ہے اور جو مرد عورت کو عزت، شفقت اور مشورے کا حق دیتا ہے،وہ اپنے درجے کا حق ادا کرتا ہے۔ عزت یک طرفہ سودا نہیں، یہ دو طرفہ امانت ہے۔
چند اشعار اسی خیال کی نذر:۔
مرد و زن دونوں ہیں گلشنِ ہستی کی پہچان
ایک بنا دوجے کے ہے ادھورا انسان
نہ کوئی کمتر ہے یہاں، نہ کوئی برتر ہے
حد میں رہنا ہی ہر رشتے کی اصل میزان
جس نے رکھی ہیں حدیں، اس نے ہی بخشی ہے لاج
مرد کو مان دیا، عورت کو بخشی ہے شان
آخر میں بس اتنا کہ جس گھر میں مرد کو عزت اور عورت کو تحفظ و وقار ملے، وہاں رحمتیں اترتی ہیں۔ جہاں دونوں ایک دوسرے کو حریف نہیں، رفیق سمجھیں، وہی گھر جنت کا نمونہ ہے۔



































