
کوثرخان
افق پر سرمئی اور سنہری رنگوں کی آمیزش سے یوں محسوس ہوتا تھا جیسے کسی مصور نے کائنات کے کینوس پر سحر انگیز رنگ بکھیر دیے ہوں۔۔۔دن بھر
کی تمازت کے بعد اب سورج آہستہ آہستہ پہاڑیوں کی اوٹ میں روپوش ہو رہا تھا اور شام اپنے زلفیں پھیلائے زمین پر اتر رہی تھی۔۔۔کھیتوں کے درمیان برگد کا ایک گھنا اور بوڑھا درخت ایستادہ تھا جس کی جڑیں زمین میں دور تک پھیلی ہوئی تھیں گویا وہ اس دھرتی کی صدیوں پرانی داستانوں کا امین ہو۔۔۔درخت کے پتوں سے چھنتی ہوئی ڈھلتے سورج کی آخری کرنیں زمین پر روشنی اور سائے کا دل فریب منظر پیش کر رہی تھیں ۔۔
اس درخت نے زندگی کے کئی رنگ دیکھے تھے۔اس کی شاخیں وقت کی کہانیاں سناتی تھیں اور اس کے پتے زندگی کے راز چھپائے ہوئے تھے۔۔
انہیں کہانیوں میں ایک کہانی نیلم کی بھی تھی۔۔۔نیلم ایک باحجاب لڑکی تھی۔۔۔اسے اپنے حجاب سے عشق تھا۔یونیورسٹی میں بھی چار سال اس نے حجاب میں رہ کر تعلیم حاصل کی تھی۔اس کا رشتہ اس کے کزن ارباز سے طے ہو چکا تھا۔ارباز اعلی ٰتعلیم کے لیے جرمنی گیا۔
دو سال بعد وہ جرمنی سے واپس آیا تو اس کے خیالات و نظریات میں کافی تبدیلی آ چکی تھی۔اس کا ذہن جدت پسندی کی طرف مائل تھا۔۔۔اس کی نظر میں حجاب دقیانوسی اور بنیاد پرست لوگوں کے لیے تھا۔۔۔اسی کو بنیاد بنا کر اس نے نیلم سے شادی سے انکار کر دیا کہ"مجھے حجابی لڑکیاں پسند نہیں ہیں ۔۔۔۔میں نیلم کو اپنا شریک سفر نہیں بنا سکتا-ہم دونوں کے راستے جدا ہیں"۔
یہ خبر جب نیلم کے گھر والوں تک پہنچی تو پورے گھر میں غم کی لہر دوڑ گئی۔۔۔ہر شخص اداس اور پریشان تھا والدین کے لیے یہ کسی سانحہ سے کم نہ تھا۔۔لیکن نیلم کے دل پر اس بات کا زیادہ اثر نہیں ہوا کیونکہ حجاب میں اس کی زندگی تھی۔۔۔وہ سعودی عرب کی مشہور خاتون سائنسدان پروفیسر نجلا ءالرودادی سے متاثر تھی جو ایک باحجاب خاتون تھیں لیکن دنیا کے سب سے بہترین اور با اثر دو فیصد سائنس دانوں میں شامل تھیں ۔۔
امریکی یونیورسٹی کی طرف سے اکتوبر 2024 میں جاری ہونے والی نئی لسٹ کے مطابق وہ مسلسل پانچویں سال دنیا کے چوٹی کے سائنس دانوں میں جگہ بنانے میں کامیاب رہیں۔اسے معلوم تھا کہ حجاب ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں ہے۔اسی لیے وہ حجاب کے معاملے میں کسی قسم کا سمجھوتا کرنے کو تیار نہیں تھی۔۔وہ اپنے اللہ سے مایوس نہیں تھی۔ اسے یقین تھا کہ جو اللہ کے راستے پر چلتا ہے، اللہ اس کے لیے ضرور آسان راستے نکالتا ہے یہ یقین اس کے لیے بہت بڑا سہارا تھا۔
ایک دن نیلم اپنے گھر کی بالکونی میں کھڑی ہوئی تھی سامنے ہی قطار در قطار درخت تھے کچھ پتے جھڑ چکے تھے شاخیں بے لباس ہو گئی تھیں لیکن کچھ شاخوں پر ہرے پتوں کا لباس تھا۔۔نیلم کا مشاہدہ بہت گہرا تھا وہ دیر تک کھڑی ان درختوں کو دیکھتی رہی اور سوچتی رہی کہ یہ خزاں کا موسم ہے۔ درختوں کے پتے آہستہ آہستہ جھڑ رہے ہیں لیکن کچھ ہی دنوں بعد موسم بہار آئے گا ۔انسان کی زندگی بھی کچھ ایسی ہی ہے۔ کچھ یادیں ہمیں رلاتی ہیں اور کچھ خواب ہمیں جینے کا حوصلہ دیتے ہیں۔ خزاں ہمیں صبر سکھاتی ہے اور بہار ہمیں امید کا پیغام دیتی ہے۔
نیلم کی دوست ملیحہ کی خالہ کافی عرصے سے اپنے بیٹے کے لیے رشتے کی تلاش میں تھی مگر ابھی تک کامیابی نہیں ہوئی تھی کیونکہ انہیں بیٹے کے مطلوبہ معیار کی لڑکی نہیں ملی تھی ۔ان کے بیٹے افنان کو باحجاب لڑکی کی خواہش تھی--ملیحہ کے کانوں تک یہ بات پہنچی تو اس نے اپنی دوست کا ذکر کیا۔افنان کے والدہ اور بہنیں نیلم کے گھر پہنچیں تو انہیں نیلم کو دیکھ کر خوشی ہوئی کیونکہ وہ ان کے معیار کے عین مطابق تھی۔دونوں خاندانوں میں خوشی کی ساعتیں آگئیں ۔افنان نیلم کو پا کر بہت خوش تھا کیونکہ اسے اپنا گوہر نایاب مل چکا تھا اور یوں نیلم کی زندگی میں بھی بہار کے جھونکے داخل ہو چکے تھے۔
زریاب اپنے والدین کی اکلوتی اولاد تھا وہ بچپن ہی سے ذہین اور ہونہار طالب علم تھا---تعلیم کے مدارج تیارطے کرتا ہوا وہ یونیورسٹی تک پہنچ گیا۔یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہو کر ملازمت کے حصول کی کوشش میں لگ گیالیکن معاملہ"منزل ہنوز دور است"کے مترادف تھا سو کوشش جاری تھی لیکن مایوسی نہیں تھی۔
ایک دن وہ فارغ وقت گزارنے اور دل بہلانے کے لیے اپنے یونیورسٹی کے دوست عثمان کے پاس چلا گیا جو قریبی گاؤں میں رہتا تھا۔ شہر میں تعلیم حاصل کرنے کے بعد وہ واپس گاؤں چلا گیا تھا۔ دونوں دوست مل کر بہت خوش ہوئے۔ دونوں دوست جا ب کی تلاش میں تھے جس کی وجہ سے وہ بہت اداس تھے لیکن اللہ کی ذات سے پر امید بھی تھے۔زریاب گاؤں پہنچا تو گاؤں کی تازہ اور فرحت بخش فضا میں دماغ ترو تازہ ہو گیا اور ذہن کو آسودگی ملی۔
ایک دن باغ میں ٹہلنے کو نکلے ٹہلتے ٹہلتے ایک درخت کے نیچے بچھے بینچ پر بیٹھ کر دونوں باتیں کرنے لگے۔زریاب بولا"یار قدرت کا نظام دیکھو! درختوں پر سے کیسے پتے جھڑ چکے ہیں۔ شاخیں بے رونق سی ہو گئی ہیں لیکن کچھ دنوں بعد انہی شاخوں پر ہرے بھرے پتوں سے رونق بھی ہو جائے گی۔ ایسا لگتا ہے جیسے ایک ہی درخت کے دل میں دو موسم آباد ہوں ۔ایک اداسی کا دوسرا امید کا درخت کی زرد شاخیں بیتے ہوئے دنوں کی یاد میں خاموش ہو ں ،جب کہ ہرے پتے نئی زندگی کی نوید سناتے ہوں"۔
عثمان نے اس کے ہاں میں ہاں ملائی اور بولا ہاں یار ہماری زندگی کا معاملہ بھی کچھ ایسا ہی ہے ،کبھی غم کبھی خوشی جس کا دل اسباب میں اٹکا رہتا ہے ،اللہ اسے اسباب کے حوالے کر دیتا ہے اور جس کا دل اللہ میں اٹکا رہتا ہے اللہ اس کے لیے اسباب کو مسخر کر دیتا ہے ۔بس ہمیں اللہ کی رحمت سے مایوس نہیں ہونا چاہیے۔ اس سے تعلق مضبوط رکھنا چاہیے اور بہار کی آمد کا یقین سے انتظار کرنا چاہیے۔"
یار! بات تو تم نے صحیح کہی ہے ۔ہمیں صبر اور امید کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے۔"زریاب نے اس کے کندھے پر ہاتھ رکھ کر بہت جوش سے جواب دیا۔۔۔
دونوں دوستوں کے دل سے اداسی دور ہو چکی تھی ۔دونوں ایک نئے عزم کے ساتھ وہاں سے اٹھ کھڑے ہوئے۔درخت نے بھی ہوا کے جھونکے کے ساتھ اپنی شاخیں ہلائیں گویا وہ پوری دنیا کو یہ پیغام دے رہا ہو کہ زندگی میں خوشی اور غم ساتھ ساتھ چلتے ہیں مگر امید وہ روشنی ہے جو اندھیرے میں بھی راستہ دکھاتی ہے ۔
اقامت دین کا راستہ بہت کٹھن راستہ ہے لیکن جو اس مشن کو سمجھ لیتا ہے وہ زندگی کے آخری لمحات تک تبلیغ دین میں مصروف رہتا ہے۔ ایسی ہی ایک مثال افریقہ کے شہر کینیا میں رہنے والے شیخ علی کریسا کی ہے جن کی کوششوں سے تقریبا 40 ہزار افراد نے اسلام قبول کیا۔افریقی جنگلات میں خطرات بھی کم نہ تھے۔انہیں کئی مرتبہ شیروں اور سانپوں کا سامنا کرنا پڑابعض قبائل نے ان کے اسلامی مراکز پر حملے بھی کیے۔ایسے حالات میں دعوتی سرگرمیاں جاری رکھنا آسان نہ تھا لیکن انہوں نے ہمت نہ ہاری۔
وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ صورتحال بدلنے لگی جو قبائل پہلے مخالفت کرتے تھے انہیں میں سے کچھ لوگوں نے بعد میں اسلام قبول کیا اور اسلام کے محافظ بن گئے۔یوں مخالفت کے ماحول میں آہستہ آہستہ قبولیت اور اعتماد کی فضا پیدا ہونے لگی۔
شیخ علی کریسا کی زندگی اس بات کی روشن مثال ہے کہ ایمان کی مضبوطی انسان کو بڑے سے بڑے امتحان میں بھی ثابت قدم رکھتی ہے۔ اسلام قبول کرنے کے بعد بچپن میں والد کا تشدد سہنے'زنجیروں میں جکڑے جانے اور گھر بار چھوڑنے کے باوجود انہوں نے دعوت دین کا راستہ نہیں چھوڑا۔جنگلات کی دشواریاں وسائل کی کمی اور جان کا خطرہ بھی انہیں اپنے مشن سے پیچھے نہ ہٹا سکا۔
انہوں نے اپنی زندگی ان لوگوں تک اسلام کا پیغام پہنچانے میں گزاری جو اس دولت سے محروم تھے-ان کی دعوتی جدوجہد نے ہزاروں افراد کو متاثر کیا۔بلا شبہ اخلاص صبر اور حسن اخلاق سے کی جانے والی کوششیں مشکل ترین حالات میں بھی اپنا اثر دکھا سکتی ہیں ۔مشکلات کا راستہ کتنا ہی طویل کیوں نہ ہو امید کی ایک کرن کامیابی کا راستہ دکھا سکتی ہے۔



































