
کوثرخان
عافیہ اور تابش کی شادی کو 15 سال ہو چکے تھے اس عرصے میں ان کے چار اولادیں ہوئیں۔دو بیٹیاں مہرین اور ثانیہ اس کے بعد دو بیٹے طلحہٰ اور انس ۔
تابش ایک پرائیویٹ فرم میں ملازم تھا۔عافیہ اپنے والدین کی اکلوتی اولاد تھی لیکن انہوں نے اس کی تربیت اسلامی خطوط پر کی تھی جس کی وجہ سے صبر اور شکر جیسی خصوصیات اس میں بدرجہ اتم موجود تھیں۔ ماں نے پڑھائی کے ساتھ ساتھ گھر داری کا سلیقہ بھی سکھایا تھا۔عافیہ تابش کی آمدنی میں احسن طریقے سے گھر چلا رہی تھی۔ سفید پوشی کا بھرم قائم تھا۔آپس کے اتفاق اور محبت کی وجہ سے گھر میں خیر و برکت تھی۔ زندگی کی گاڑی خوشی کی پٹڑی پر رواں دواں تھی۔
پھر حالات نے ایسا پلٹا کھایا کہ سب کچھ بدلتا چلا گیا---دو ممالک کے درمیان جنگ جو چھڑی تو پوری دنیا میں معاشی بھونچال آگیا --جس کے اثرات پٹرول کی قیمتوں پر بھی پڑے۔پٹرول کے نرخ کچھ اس انداز سے بڑھتے چلے گئے کہ ہر شخص پریشان ہو گیا۔
ایک دن تابش اپنے آفس سے گھر لوٹا تو کافی پریشان تھا۔ذہنی تناؤ اس کے چہرے سے عیاں تھا ۔آتے ہی اپنے آپ کو بستر پر گرا دیا--عافیہ نے پریشانی کی وجہ پوچھی تو اس نے تقریباً چیختے ہوئے جواب دیا"حکومت نے پٹرول بم گرا دیا ہے ہم جیسے غریبوں پر۔ اب کیسے گزارا ہوگا؟"عافیہ نے تسلی دیتے ہوئے کہا"روزی کا مالک تو اللّٰہ ہے ہمارے قسمت کا جو رزق ہے وہ ہمیں مل کر رہے گا-آپ کیوں پریشان ہوتے ہیں جس نے آج تک کھلایا ہے وہ کل بھی کھلائے گا۔ ہمیں اسی کے آگے ہاتھ پھیلانے چاہیے-وہ انشاءاللہ ہمیں بے آسرا نہیں چھوڑے گا--"
صبح کا سورج طلوع ہوا تو عافیہ کے لیے آزمائش کی گھڑیاں لے کر آیا۔۔۔۔عافیہ نے تابش کو آفس جانے کے لیے آواز دی تو وہ اٹھ نہ سکا۔فشار خون زیادہ بلند ہونے کی وجہ سے اس پہ فالج کا اٹیک ہو چکا تھا۔۔۔عافیہ کی تو جیسے پیروں تلے سے زمین نکل گئی۔۔۔۔وہ ایک دم گھبرا گئی لیکن حواس باختہ ہونے کی بجائے اس نے ہمت سے کام لیا اور رب کے حضور گڑگڑا کر دعا کی"یا اللہ اس مشکل گھڑی میں تو ہی میرا سہارا ہے میرے لیے آسانیاں پیدا فرما اور میرے شوہر کو جلد از جلد صحت و تندرستی عطا فرما-"
نہ جا نے ان بدلتے ہوئے حالات نے اور تیزی سے بڑھتی ہوئی مہنگائی نے کتنے گھروں کے چولہے ٹھنڈے کیے ہوں گے۔۔۔کتنے لوگ ڈپریشن کا شکار ہوئے ہوں گے۔۔۔۔کتنے ہی نوجوان مایوسی کے سمندر میں ڈوب گئے ہوں گے لیکن ارباب اقتدار کو اس سے کیا سروکار؟
عافیہ نے بیٹیوں سے مشورے کے بعد جاب کرنے کا ارادہ کیا ۔چند دن کی کوششوں کے بعد ایک سکول میں کینٹین مل گئی ۔ کھانا پکانا اچھا آتا تھا مہرین اور عافیہ نے مل کر کینٹین چلانی شروع کر دی۔۔۔۔گھر اپنا تھا اس لیے کرائے کی فکر نہ تھی ۔یوں گھر کی گاڑی بخوبی چلنے لگی۔ دن گزرتے گئے لیکن عافیہ کی قسمت میں شاید ابھی آزمائش باقی تھی۔۔۔۔عافیہ کا دیور عمران شہر کا ایک کامیاب بزنس مین تھا لیکن لالچی اور خودغرض طبیعت کا مالک تھا۔بھائی کی فیملی کو سہارا دینے کے بجائے اس نے ایک شیطانی چال چلی جس میں وہ کامیاب بھی ہو گیا لیکن یہ کامیابی عارضی تھی۔
کامران نے بھائی کے فالج زدہ ہونے کا فائدہ اٹھایا ۔اس نے مکان کے جعلی کاغذات بنوائے اور گھر آکے بھائی کے انگوٹھے میں نیلی سیاہی لگا کر اپنے ہاتھ سے بھائی کا انگوٹھا پکڑا اور کاغذات پر لگا دیا، یوں اس نے مکان اپنے نام کر لیا۔۔۔اور جاتے ہوئے بھاوج سے کہہ دیا"یہ گھر اب میرے نام ہو چکا ہے۔ دو ماہ کی مہلت دے رہا ہوں دو ماہ میں گھر خالی کر دینا---"عافیہ اور بچے بے بسی سے چچا کا منہ دیکھتے رہ گئے۔۔۔یہ ظلم کا پہاڑ تھا جو اس نے اپنے معذور بھائی کی فیملی پہ گرایا تھا۔۔۔عافیہ نے اس ظلم کی گھڑی میں اپنے رب ہی کو پکارا اس نے آسمان کی طرف سر اٹھایا اور اپنے رب سے فریاد کی--مظلوم کی بددعا تو بغیر کسی رکاوٹ کے عرش تک پہنچتی ہے۔ فریاد رب کے حضور سنی جا چکی تھی اور قبول ہو چکی تھی۔
اگلے ہی دن ایک بڑے کاروباری تجارتی مرکز پر آگ لگنے کی خبریں شہر میں گردش کر رہی تھیں پورا تجارتی مرکز جل کر تباہ ہو چکا تھا۔۔۔اسی میں کامران کی دکان بھی تھی ،وہ بھی دکان سمیت جل کر راکھ ہو چکا تھا ۔اس کا کوئی نام و نشان بھی نہیں ملا۔۔۔۔یوں ظلم اپنے انجام کو پہنچا۔
مہرین کا رشتہ اسکول کی ایک ٹیچر کی وساطت سے اچھی جگہ طے ہو گیا۔داماد خوش اخلاق اور دین دار تھا مالی لحاظ سے بھی مستحکم تھا۔شادی کے بعد اس نے پوری فیملی کی سرپرستی کا ذمہ لے لیا یوں عافیہ کی زندگی کے بوجھل پن میں کچھ کمی آگئی ۔ علاج معالجے کی وجہ سے تابش کے بیماری میں بھی کچھ بہتری آگئی عافیہ نے اللّٰہ کا شکر ادا کیا جس نے ان ازمائشوں سے نجات دی۔



































