
شبانہ اشفاق
آج ہم پاکستان کی 79 واں جشن آزادی منا رہے ہیں الحمدللہ۔
اس بات پر ہم اپنے رب کا جتنا بھی شکر ادا کریں کم ہے ہم ایک آزاد ملک کے باسی ہیں اپنی زندگی اپنی مرضی سے گزار سکتے ہیں ہم پر کوئی قید نہیں یوں ہم بہت ہی خوش قسمت ہیں۔
سوچنے کا مقام یہ ہے کہ آج جب ہمارا پیارا پاکستان 79 برس کا ہو گیا ہے ،اس طویل عرصے میں ہم نے کیا کھویا اور کیا پایا ؟ یہ بہت اہم سوال ہے ، کہاں سے شروع کریں ایسا نہیں ہے کہ ہم نے کچھ حاصل ہی نہیں کیا بلکہ ہم نے بہت کچھ حاصل کیا ہے ، پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا ، اسٹیل مل لگائی جسے پاکستان کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیا گیا، پاکستان کو اسلامی آئین عطا ہوا ،یہ تو ہیں ہماری کامیابیاں الحمدللہ۔
اب ہم اس بات کا جائزہ لیتے ہیں کہ آیا ہم نے قیام پاکستان کے مقصد کو پورا کیا گیا یا نہیں؟ نہایت افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ اس میں ہم قطعی ناکام رہے۔
بقول شاعر
وائے ناکامی متاع کارواں جاتا رہا
کارواں کے دل سے احساس زیاں جاتا رہا
آج 79برس بعد بھی ہم اس الجھن کا شکار ہیں کہ اس ملک کو اسلامی ہونا چاہئے یا سیکولر؟؟؟یہاں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اگر سیکولر ملک ہی بنانا تھا تو اتنی قربانیاں دینے کی ضرورت کیا تھی؟ انڈیا تو بزعم خود بہت بڑی " سیکولر اسٹیٹ " ہے ۔ وہیں رہتے رہتے۔
قائداعظم نے کیوں فرمایا کہ " ہندو اور مسلمان دو الگ الگ قومیں ہیں اور یہ ایک ساتھ نہیں رہ سکتے " ہمارا کھانا پینا، رہنا سہنا ، لباس اور دین سب الگ ہیں ہم ہرگز ہندوؤں کے ساتھ نہیں رہ سکتے اور اسی بناء پر " تحریک پاکستان " شروع ہوئی آپ کا کیا خیال ہے ،یہ ملک ہمیں یوں ہی پلیٹ میں رکھ کر دے دیا گیا؟؟؟ نہیں جناب ! اس کے لئے لاکھوں جانوں کی قربانیاں دی گئیں۔ بہنوں بیٹیوں نے اپنی عزت بچانے کے لئے دریاؤں اور کنووں میں چھلانگیں لگادیں۔ مسلمان اپنا سب مال و متاع چھوڑ کر اس نئے ملک میں اس لئے آگئے کہ ان کا نعرہ تھا " پاکستان کا مطلب کیا لا الہ الا اللہ " جی ہاں! یہ وہ نعرہ تھا جس پر مسلمانان ہند نے سر دھڑ کی بازی لگا دی ۔
آج ہم یہ پوچھ رہے ہیں کہ اس ملک کو اسلامی بنانا ہے یا سیکولر!!!!!انتہائی افسوس کا مقام ہے یہ ۔ یہ ان کے زخموں پر نمک پاشی ہے جنہوں نے اسلام کی خاطر اپنا سب کچھ لٹا دیا ۔ اللہ سے کیے گئے وعدے کو اگر ہم پورا نہیں کریں گے تو یہی سب کچھ ہوتا رہے گا جو آج ہو رہا ہے کہیں سکون نہیں ہے، قتل وغارت گری کا بازار گرم ہے .بیروزگاری اور مہنگائی نے ہر ایک کی کمر توڑ رکھی ہے . نااہل حکمران ہم پر مسلط ہیں، ہر شخص پریشان ہے آخر ایسا کیوں ہے؟
یہ اللہ کریم سے بد عہدی کا نتیجہ ہے .وہ تو صاف کہتا ہے کہ " اگر تم اپنا وعدہ پورا کرو گے تو میں بھی اپنا وعدہ پورا کرونگا اگر تم مجھے بھول جاؤ گے تو میں بھی تمہیں بھول جائونگا " (القرآن)
اگر ہم اپنی بقا اور سلامتی چاہتے ہیں تو ہمیں اسلام کے دامن رحمت میں آنا ہو گا ہمیں کلمہ " لا الہ " کو نافذ کرنا ہو گا اسی میں ہماری بھلائی بھی ہے اور عافیت بھی ۔
آئیے آج جبکہ ہم 78 ویں سالگرہ میں داخل ہو رہے ہیں اپنے عہد کو پھر سے دہرائیں، اپنے رب سے کئے وعدہ کو نبھائیں وہ بہت مہربان رب ہے جلدی سے مان جاتا ہے ندامت کے چند آنسو اس کی بارگاہ میں قبولیت حاصل کر لیتے ہیں۔
یہ ہمیں کرنا ہے کیونکہ
موج بڑھے یا آندھی آئے دیا جلائے رکھنا ہے
گھر کی خاطر سو دکھ جھیلیں گھر تو آخر اپنا ہے
جماعت اسلامی کی صورت میں ایک صالح قیادت ہماری منتظر ہے آپ کے ووٹ کی ایک پرچی آپ کی تقدیر بدل سکتی ہے۔ اور یہ ووٹ آپ کے پاس امانت ہے اور یہ امانت اسی کے سپرد کرنی چاہئے جو اس کا امین ہے۔ باقی تمام پارٹیوں کو 78 برس سے بھگت رہے ہیں اب اپنی قسمت بدلئے اور نیک اور صالح قیادت کا انتخاب کیجئے۔
اللہ ہم سب کا حامی و ناصر ہو۔ آمین ثم آمین یارب العالمین۔



































