
شبانہ اشفاق
انسان جب زندگی کے کسی موڑ پر الجھ جاتا ہے تو اسے ایک رہنما چاہیے ہوتا ہے۔ ایک ایسا نمونہ جو ہر حال میں، ہر رشتے میں، ہر مشکل میں روشنی دے۔ اللہ رب العزت نے وہ
نمونہ محمد رسول اللہ ﷺ کی ذاتِ مبارکہ میں ہمیں عطا فرمایا۔
قرآن نے خود گواہی دی: "لَقَدْ کَانَ لَکُمْ فِیْ رَسُوْلِ اللّٰہِ اُسْوَۃٌ حَسَنَۃٌ"
"بے شک تمہارے لیے رسول اللہ ﷺ کی زندگی بہترین نمونہ ہے"
آپ ﷺ یتیم پیدا ہوئے، لیکن جفا نہیں دیکھی۔ چرواہا بنےلیکن محنت کی عزت سکھائی۔ تاجر بنے تو "الصادق الامین" کا لقب پایا۔ 40 سال کی عمر سے پہلے ہی مکہ کے لوگ آپ ﷺ پر آنکھ بند کر کے بھروسہ کرتے تھے۔ سیرت ہمیں بتاتی ہے کہ لیڈر بننے سے پہلے انسان بننا پڑتا ہے۔
مدینہ کی ریاست: عدل اور اخوت
جب آپ ﷺ مدینہ تشریف لائے تو 3 کام سب سے پہلے کیے:
مسجد بنائی - عبادت اور مرکزِ تربیت کے لیے
میثاقِ مدینہ - مسلمان، یہودی، سب کو برابر حقوق دیے۔ یہ دنیا کا پہلا تحری سماجی معاہدہ تھا
مواخات - مہاجر اور انصار کو بھائی بنا دیا۔
آج اگر لیوی ٹیکس، کرپشن اور ناانصافی کے خلاف آواز اٹھتی ہے تو اس کی بنیاد بھی وہی عدل ہے جو نبی ﷺ نے قائم کیا۔
رحمت کا عملی نمونہ
آپ ﷺ نے بیوی سے مشورہ کیا، بچوں کو گود میں کھلایا، غلام کے ساتھ کھانا کھایا، پڑوسی یہودی کا جنازہ دیکھ کر کھڑے ہوئے۔
ایک صحابی نے کہا: "میں نے آپ ﷺ سے زیادہ کسی کو مسکراتا نہیں دیکھا"۔
سیرت ہمیں سکھاتی ہے کہ طاقت غصے میں نہیں، اخلاق میں ہے۔آج ہم مسائل میں گھرے ہیں۔ مہنگائی، ناانصافی، ٹوٹے رشتے،حل کہاں ہے؟
حل سیرت میں ہے۔ تاجر ہیں؟ تو صداقت اپنائیں جیسے محمد صلی اللہ علیہ وسلم بن عبداللہ نے اپنائی۔- حکمران ہیں؟ تو عدل کریں جیسے مدینہ میں ہوا
- گھر کے سربراہ ہیں؟ تو رحمت بنیں جیسے آپ ﷺ گھر میں تھے۔- مظلوم ہیں؟ تو صبر اور حکمت سے حق مانگیں جیسے طائف میں ہوا۔
سیرتِ نبوی ﷺ صرف تاریخ کا ایک باب نہیں۔ یہ 14 سو سال بعد بھی زندہ دستور ہے۔ ہر دور کا مسئلہ، ہر قوم کا سوال، ہر فرد کی الجھن کا جواب اس میں موجود ہے۔ہمیں ضرورت پڑھنے کی نہیں، اپنانے کی ہے کیونکہ جب تک ہماری سیاست، تجارت، گھر اور معاشیت نبی ﷺ کے طریقے کے مطابق نہیں چلیں گی، سکون نہیں آئے گا۔اللہ ہمیں سیرتِ طیبہ پر عمل کی توفیق دے۔ آمین۔



































