
اسلام آباد (ویب ڈیسک،فوتو فائل ) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کوو ڈ-19 مشترکہ
دشمن ہے،اس سے موثر انداز میں نمٹنے کیلئے دنیا کو مشترکہ لائحہ عمل تیار کرنے کی ضرورت ہے۔ نامساعد حالات کے باوجود پاکستان، دیگر ترقی پذیر ممالک کی طرح انسانی زندگیوں ومعیشت کو بچانے کیلئے پر عزم ہے۔
وزارت خارجہ میں، پاکستان پریپیرڈنس اینڈ رسپانس پلان کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک سے معاشی بوجھ کو کم کرنے کیلئے پالیسی فریم ورک مرتب کرنے کے حوالے سے عالمی بنک، ایشیائی ترقیاتی بینک، اسلامی ترقیاتی بنک، ایشیائی انفراسٹرکچر آیند ڈویلپمٹ بینک کا کردار قابل تحسین ہے۔
انہوں نے اقوام متحدہ کی ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر جولین ہرنیَز کی انتھک کاوشوں پر ان کا تہہ شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہم ایک تاریخ ساز وقت میں اکٹھے ہو رہے ہیں۔کرونا وبا کے باعث پوری دنیا، صحت اور معیشت کے حوالے سے غیر معمولی چیلنجز کا سامنا کر رہی ہے۔ہمیں لوگوں کی جانیں اور معیشت دونوں کو بچانا ہے جو کہ ایک بہت بڑا چیلنج ہے، کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے مشترکہ کاوشوں کی ضرورت ہے۔
تقریب میں وفاقی وزیر اقتصادی امور مخدوم خسرو بختیار، معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا اور چیرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل سمیت ڈی جی، عالمی ادارہ ء صحت ٹیڈروس اندھانوم،ایشین ڈویلپمنٹ بنک کے نائب صدر ڈاکٹر بمبنگ سوسنتونو، عالمی بنک گروپ کے نائب صدر ہارٹ ونگ شافر بھی شریک تھے۔




































