
کراچی/شکارپور( رنگ نوڈاٹ کام ) جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ امیر و
غریب کے لیے ملک میں الگ الگ قانون معاشرے میں انتشار کا سبب اورملک کی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے ریاست مدینہ میں عدل و انصاف کا مثالی نمونہ پیش کیا، جس پر عمل کرکے انسانیت مسائل سے نجات اور دنیا کو امن کا گہوارہ بنا سکتی ہے۔
جماعت اسلامی شکارپور کے تحت مقامی ہال میں منعقدہ پانچ روزہ سیرت النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کانفرنس کے آخری روز خطاب اور صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے محمد حسین محنتی کا کہنا تھا کہ احتساب کو انتقام میں بدلنے کے تاثر کو ختم اور الیکشن کمیشن کو غیر جانبدارانہ کردار ادا کرنا چاہئے۔ اگر تمام ادارے آئین و قانون اور اپنے اختیارات کے مطابق کردار ادا کرتے رہیں تو کسی کو بھی دھرنے یا روڈ بلاک کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
اس موقع پر ممتاز دینی اسکالر قاری نثار احمد منگی، امیر ضلع عبدالرحمان منگریو، سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا ودیگر مقامی رہنما بھی موجود تھے۔
انہوں نے کہاکہ عشق مصطفی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا تقاضہ ہے کہ صرف دعویٰ ہی نہیں زندگی کے ہر دائرے میں قرآن و سنت کو نافذ کرکے اپنے پیارے نبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم سے وفادری کا عملی ثبوت دیا جائے۔
محمد حسین محنتی نے کہا کہ آج جو معاشرے میں مہنگائی کا سیلاب و سیاسی انتشار ہے وہ سب ہمارے اعمال ہی کا نتیجہ ہے۔ دین پر عمل کرکے ہم تمام مسائل سے نجات اور دنیاوآخرت میں کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔
دریں اثناء صوبائی امیر نے تھرپارکر اور اچھڑو تھر میں آسمانی بجلی گرنے سے قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر دلی دکھ و افسوس کا اظہار کیا ہے۔




































