کابل ( اسپورٹس ڈیسک)افغانستان کرکٹ بورڈنے رواں ماہ کے اختتام پر شارجہ میں تین ٹی 20 میچز کی سیریز کیلئے پاکستان کی میزبانی کا اعلان کیا ہے ۔
ٹی 20 سیریز دونوں ممالک کے درمیان پہلی دو طرفہ کرکٹ سیریز ہوگی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی) نے کہا کہ ان کی ہوم سیریز کا آغاز پاکستان کے خلاف کرکٹ سیریز سے ہوگا۔
بورڈ کے مطابق’افغانستان کے عالمی ہوم سیزن برائے سال 24-2023 کا آغاز پاکستان کے خلاف ٹی 20 میچز کی سیریز سے ہوگا جو 25، 27 اور 29 مارچ کو شارجہ میں کھیلے جائیں گے۔ یاد رہے کہ افغانستان رواں برس مارش میں آسٹریلیا کے خلاف ایک روزہ میچز کی بین الاقوامی سیریز سے اپنے سیزن کا آغاز کرنے والا تھا، مگر کرکٹ آسٹریلیا نے طالبان حکومت کی جانب سے خواتین کے ساتھ روا رکھے گئے سلوک پر احتجاجاً کھیلنے سے انکار کردیا تھا۔
دوسری جانب افغان کرکٹ بورڈ کے سربراہ میراعظ اشرف نے پاکستان کی جانب سے افغانستان کے ساتھ میچ کھیلنے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا،انہوں نے کہا کہ ’ہم مارچ میں افغانستان کے ساتھ کھیلنے کے پاکستان کرکٹ بورڈ کے فیصلے کو سراہتے ہیں، یہ دونوں ہمسایہ ممالک کیلئے نمایاں کامیابی ہے۔
ادھر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نے سیریز کا خیر مقدم کیا ہے۔پی سی بی کا کہنا تھا کہ ’مجھے خوشی ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے مابین افتتاحی ٹی 20 سیریز رواں ماہ کے اختتام پر اس شہر میں کھیلی جائے گی ۔