
اسلام آباد (ویب ڈیسک ) وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی جانب سےشروع کیاجانے والا "احساس" پروگرام
ملکی تاریخ کا سب سےمفصل پروگرام ہےوہاں اس پروگرام کامقصد ریاست کی جانب سے معاشرے کے کمزور طبقات اور ضرورت مند افرادکی ضروریات کو پورا کرنا ہے.
وزیر اعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت "احساس اسٹیرنگ کمیٹی" کا پہلااجلاس یہاں وزیرِ اعظم آفس میں منعقد ہوا۔جس سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں سماجی تحفظ کے حوالے سے وفاقی اور صوبائی پروگراموں میں باہمی ربط اور کوارڈینیشن کا فقدان رہا جس کے نتیجے میں جہاں ایک طرف وسائل کا زیاں سامنے آیا وہاں بسا اوقات حقدار بھی اپنے حق سے محروم رہے ہیں۔
اجلاس میں وزیرِ تعلیم شفقت محمود، وزیرِ برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، وزیرِ منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر، معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، معاون خصوصی یوسف بیگ مرزا، معاون خصوصی ندیم افضل گوندل، وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان، وزیرِ اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن، وزیرِ اعظم آزاد جموں و کشمیر راجا فاروق حیدر، چئیرمین قومی اسمبلی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے خزانہ اسد عمر، صوبہ بلوچستان اور سندھ کے نمائندے اور سینئر افسران نے شرکت کی
انہوں نے کہا کہ غربت کے حوالے سے اب تک موجود اعداد و شمار خصوصا غربت سروے پر مختلف حلقوں کے تحفظات کو مد نظر رکھتے ہوئے موجودہ حکومت نے غربت کے سروے کو از سر نو کرانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ غربت کے حوالے سے صحیح اعدادو شمار مرتب کئے جا سکیں، غربت کے سروے کے عمل کو جلد مکمل کرنے کی کوشش کی جائے۔
وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ غربت کے سروے کے عمل کو جلد مکمل کرنے کی کوشش کی جائے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ ماضی میں سماجی تحفظ کے حوالے سے شروع کیے جانے والے پروگراموں میں وفاقی و صوبائی حکومتوں کے درمیان ہم آہنگی کے فقدان پر قابو پانے کے لئے اعلیٰ سطحی اسٹیرنگ کمیٹی قائم کی گئی ہے تاکہ جہاں اس جامع پروگرام پر وفاقی و صوبائی سطح پر متوازن عمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔
معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر کی جانب سے اجلاس کے شرکاءکو سماجی تحفظ کے ضمن میں حکومت کی جانب سے شروع کئے جانے والے ملکی تاریخ کے سب سے بڑے "احساس پروگرام " کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔





































