
اسلام آباد:پاکستان کا بچہ بچہ کشمیریوں کے ساتھ ہے اورہندو دہشت گرد مودی حکومت کشمیریوں پر چاہے جتنے بھی
مظالم کے پہاڑ توڑلے،کشمیرپاکستان کا حصہ بن کر رہے گا،یوم کشمیر پر پاکستان کی اعلیٰ ترین قیادت اور پوری قوم نے بھارت سمیت پوری دنیاکو واضح پیغام دے دیا۔
وزیر اعظم عمران خان نے بھارت کو دو ٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا ہےکہ آزادکشمیر میں کوئی حرکت کی تو اینٹ کا جواب پتھر سے دینگے ،وعدہ ہے جب تک کشمیر آزاد نہیں ہوتا ہر فورم پر کشمیر کی جنگ لڑونگا ، اگر کشمیری مسلمان نہ ہوتے تو ان کے لئے آج ساری دنیا شور مچاتی، سب ان کے ساتھ کھڑے ہوتے،مگر افسوس جب مسلمانوں پر ظلم ہوتا ہے تو عالمی برادری اور اقوام متحدہ جیسے انصاف دینے والے ادارے خاموش رہتے ہیں۔
جمعے کووزیراعظم ہاؤس کے باہر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے حوالے سے منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہم آخری دم تک کشمیریوں کےساتھ کھڑے رہیں گے، مودی کی فاشسٹ حکومت کے کشمیریوں پر مظالم کو نہ روکا گیا تو اس کے اثرات پوری دنیا میں جائیں گے،پاک افواج پوری طرح تیار ہیں،دوسری جنگ عظیم کی طرح جنگ کا خطرہ پھیل گیا، دنیا کشمیر کو نظرانداز نہیں کرسکتی ،عالمی برادری کو کاروباری فوائد سے بالاترہوکر سوچنا ہوگا ۔
ایوان صدر کے باہر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام کشمیریوں کیساتھ کھڑے ہیں اور ان کی سیاسی ، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے،کشمیریوں کے حقوق کسی صورت دبائے نہیں جاسکتے،کشمیر آزاد ہو کر رہے گا،ہم متحد ہوں گے تو کشمیر ضرور آزاد ہوگا، کشمیریوں کے حقوق کو کسی صورت سلب نہیں ہونے دیں گے۔





































