
لاہور(ویب ڈیسک)کرکٹ کی دنیا کو ’ گگلی‘ سے روشناس کرانے والےپاکستان کے سابق شہرہ آفاق لیگ اسپنر عبدالقادر جمعے کی
شام لاہورمیں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے ۔ان کی عمر 63 سال تھی
عبدالقادر کے بیٹے کا کہنا ہے کہ ان کے والد کبھی بھی دل کے عارضے میں مبتلا نہیں رہے۔عبدالقادر کے داماد عمراکمل کے بھائی ٹیسٹ کرکٹر کامران اکمل نے بتایا کہ عبدالقادر کو دل کا دورہ پڑنے پر اسپتال پہنچانے کی کوشش کی گئی تاہم وہ راستے ہی میں دم توڑ گئے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے عبدالقادر کے انتقال کی خبر پر صدمے کا اظہار کرتے ہوئے اہل خانہ سے تعزیت کی ہے۔پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی،چیف ایگزیکٹو وسیم خان،قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد،سابق کپتان معین خان سمیت سابق اور موجودہ کرکٹرز نے عبدالقادار کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔
عبدالقادر کا شمار پاکستان ہی نہیں دنیا کے چند بہترین لیگ اسپنرز میں ہوتا تھا۔انہوں نے اسپن بولنگ میں ایک ایسی نئی اور جادوئی گیند’گگلی‘ ایجاد کی جس کا سامنا کرتے ہوئے دنیا کا بڑے سے بڑا بلے باز بھی چکرا جاتا تھا۔ آسٹریلوی شہرہ آفاق لیگ اسپنر شین وارن بھی عبدالقادر کے زبردست مداح تھے اور 1994 میں پاکستان کے دورے میں انہوں نے عبدالقادر کے گھر جاکر ان سے ملاقات کی تھی اور ان سے لیگ سپن کے گُر سیکھے تھے۔عبدالقادر نے 67 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی اور 236 وکٹیں حاصل کیں،جبکہ 104 بین الاقوامی ون ڈے میچوں میں بھی 132 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔انہوں نے 1983 اور 1987 کے عالمی کپ میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔




































