
کراچی (رنگ نوڈاٹ کام)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ مشکلات
راہ حق کی جدوجہد کا لازمی حصہ ہے۔حضرت حسینؓ کی شہادت حق و باطل کی کشمکش میں حق کے پر چم کو سر بلند کر نے اور ہر طرح کی مشکلات اور مصائب میں صبر و استقامت کا مظاہر ہ کرنے کا درس دیتی ہے۔
جماعت اسلامی ضلع ملیر کےتحت مسجد سلمان شاہ لطیف ٹائون میں ایک روزہ ’’تربیت گاہ ‘‘سےخطاب کرتےان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کی جدو جہد اقامت دین اور اﷲ کی سر زمین پر اﷲ کے نظام اور قانون کو نافذ کر نے کی جدو جہد ہے۔کارکنان دعوت دین کو عام کر نے اور عوام الناس کو اس جدو جہد کا حصہ بنانے کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں اور صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔
تربیت گاہ سے امیرجماعت اسلامی ضلع ملیر محمد اسلام ،جنرل سیکریٹری مفخراحمد اورقدر گل نے بھی خطاب کیا ۔
لیاقت بلوچ نے کہاکہ تربیت کے پروگرامات میں صرف شریک ہونا کافی نہیں بلکہ تربیتی ہدایات پر عمل کرنا اور دوسروں کو ترغیب دینا تربیت کا حقیقی مقصد ہے ،نظریاتی کارکن کے لیے ضروری ہے کہ اقامت دین کی جدوجہد اخلاص کے ساتھ کرے اوراﷲ پرکامل یقین رکھے۔نظریاتی کارکن کو اپنی ذاتی و اجتماعی زندگی کے معاملات میں ایک دوسرے کی عزت نفس کاخیال رکھتے ہوئے مخلص رہنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا دعوتی کام قرآن وحدیث اور اسلامی لٹریچر کے مطالعہ کرنے سے ہی بہتر انداز میں ہوگا ،کارکنان کو چاہیے کہ وہ اپنے اخلاق اور رویے کے ذریعے جماعت اسلامی کا پیغام اور منشور آگے بڑھائیں ، جہاد کے میدان میں اسلحے کے ساتھ کھڑا ہونا یہ ریاست کی ذمہ داری ہے۔ اس لیے اس محاذ پر اصل ذمہ داری انہی کی ہے،تحریکی و نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کے لیے لوگوں کو بیدار کریں۔




































