
جنیوا (ویب ڈیسک)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ہیومن رائٹس کمشنر کے مقبوضہ کشمیر بارے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے
کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں سلب کئے گئے بنیادی انسانی حقوق کی بحالی کا مطالبہ انتہائی حوصلہ افزا ء ہے،آئندہ دو روز میں ہمیں ہیومن رائٹس کونسل ، انسانی حقوق پر کام کرنے والی بین الاقوامی تنظیموں اور این جی او ز کے ساتھ پاکستان اور کشمیر کا نکتہ نظر اجاگر کرنے کا موقع ملے گا۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے جنیوا پہنچنے پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ ہیومن رائٹس کونسل کے اجلاس کا آغاز ہوگیا ہے،مجھے بتایا گیا ہے کہ ہیومن رائٹس کمشنر نے ایک بیان دیا ہے وہ بہت حوصلہ افزا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہم عرصہ دراز سے جو کہتے آئے ہیں ہیومن رائٹس کونسل کے اجلاس کے آغاز میں اس کا اظہار ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاؤن اور پابندیوں پر بات ہوئی کرفیو ہٹائے کا کہا گیا ذرائع مواصلات پر عائد پابندیوں کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا اور جو بنیادی انسانی حقوق مقبوضہ جموں و کشمیر میں سلب کئے گئے ہیں ان کو بحال کرنے کا مطالبہ کیا گیا جو کہ انتہائی حوصلہ افزا ہے۔
انہوں نے کہاکہ اگلے دو یوم میں ہمیں ہیومن رائٹس کونسل ، انسانی حقوق پر کام کرنے والی بین الاقوامی تنظیموں اور این جی او ز کے ساتھ پاکستان اور کشمیر کا نکتہ نظر اجاگر کرنے کا موقع ملے گا۔
انہوں نے کہاکہ آج دنیا دیکھ رہی ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری ظلم و بربریت آہستہ آہستہ بے نقاب ہو رہی ہے۔




































