
لاہور (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں کابینہ کمیٹی برائے امن
وامان کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں پی آئی سی میں ہنگامہ آرائی کیس پر ہونے والی پیشرفت اور ہسپتال کو فنکشنل کرنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کاجائزہ لیا گیا-
اجلاس میں ہسپتالوں، ڈاکٹروں اور عملے کے تحفظ کے لئے قانون سازی کرنے کا فیصلہ کیاگیا-وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ہیلتھ پروفیشنلز سکیورٹی بل کو کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے اور قانون سازی سے متعلقہ امور کو جلد نمٹایا جائے- انہوں نے کہاکہ اسپتا لوں، ڈاکٹروں او ر عملے کو تحفظ فراہم کریں گے اورکسی کو بھی اسپتالوں میں ڈاکٹروں، عملے یا مریضوں پر تشدد کی اجازت نہیں دی جا سکتی-
وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی ایمرجنسی کو رات تک فنکشنل کرنے کیلئے ضروری اقدامات کئے جائیں -ایمرجنسی کی بندش سے دل کے مریضوں کو مشکلات کا سامناہے-ایمرجنسی کو جلد سے جلد مریضوں کے لئے کھولنا پہلی ترجیح ہے-
انہوں نے کہاکہ ہنگامہ آرائی کے ذمہ داروں کے خلاف بلاامتیازقانونی کارروائی جاری ہے-قانون ہاتھ میں لینے والے شر پسند عناصر سے کوئی رعایت نہیں ہوگی اور اس کیس میں انصاف کے تمام تقاضے پورے کریں گے۔




































