
ملتان(ویب ڈیسک)جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہاہے کہ عوام کو صرف ایک ماہ
انتظار کرنا ہوگا پھر آئین اور جمہوریت کے مطابق تبدیلی آئے گی۔
ملتان میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آزادی مارچ نے ملکی سیاسی جمود کو توڑا ہے۔عوام کی قوت نے بتادیا ناجائز حکومت کو کوئی سہارا نہیں دے سکتا۔ اسمبلیاں تحلیل کردی جائیں وزیراعظم استعفیٰ دیں اور فوج کے بغیر دوبارہ الیکشن کروائے جائیں۔نئے الیکشن کے بغیر کوئی دوسرا راستہ حکومت کے پاس نہیں ہے۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کے حوالے سے قانون بنانے میں کوئی حرج نہیں، یہ حکومت جعلی ہے اور یہ اہم قانون سازی ہے۔ لہٰذا اس حکومت میں یہ کام نہیں ہونا چاہیے۔اگر یہ ناجائز حکومت اس پر قانون سازی کرے تو پاک آرمی کے سربراہ متنازع ہو جائیں گے۔
سربراہ جے یو آئی(ف)نے کہا کہ امریکا نے سی پیک کے حوالے سے سخت بیان دیا جب کہ نواز شریف اور آصف زرداری کو سی پیک کی سزا دی جارہی ہے، سی پیک کو ایک سال تک معطل رکھا گیا اور جب دوبارہ کام شروع ہوا تو دھمکی آگئی، ان کا کہنا تھا کہ عوام کو ایک ماہ صرف انتظار کرنا ہوگا، ایک ماہ میں آئین اور جمہوریت کے مطابق تبدیلی آئے گی۔
ملک میں جوکچھ ہورہاہے، میں ذمہ دارنہیں ہوں، شہزاد اکبر
اسلام آباد (ویب ڈیسک،خبر ایجنسی ز)معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہاہے کہ ملک میں جوہورہاہے مجھ کواس کا ذمہ دار نہ ٹھہرائیں،35سال اقتدار میں رہنے والوں نے سرکاری زمینوں پر قبضہ کیا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہزاداکبر نے کہاہے کہ شہباز شریف 18سالوں کے جواب نہیں دے رہے،حیرت ہے شہباز شریف کو تلاش کررہا ہوں اور اس کاجواب نہیں مل رہا۔ن لیگ کی بی ٹیم سارا ملبہ قائدین پر ڈال دیتی ہے، ن لیگ کی بی ٹیم کے بھی بڑے کارنامے ہیں۔ ان کوتکلیف ہے کہ ان کے کارنامے پکڑے جارہے ہیں۔
شہزاد اکبر نے کہا کہ 35سال اقتدار میں رہنے والوں نے سرکاری زمینوں پر قبضہ کیا۔شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ سرکاری اراضی کی واگزاری پر واویلہ کیاجارہاہے، ایسٹ ریکوری یونٹ کا مقصد لوٹی ہوئی دولت واپس لاناہے، ایسٹ ریکوری یونٹ کو وفاقی کابینہ نے قائم کیاہے اور اس کا مقصد بیرون ملک سے لوٹی ہوئی دولت واپس لاناہے۔ جب ان کے لیڈر کوسزا ہوئی تو یہ مٹھائیاں بانٹ رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ مریم اورنگ زیب نے اثاثوں کی ریکوری پر سوالات اٹھائے ہیں،پارلیمنٹ میں ایک سوال کولیکر مریم نواز نے پریس کانفرنس کی ہے،مریم اورنگزیب قوم کو گمراہ کرناچھوڑ دیں اور شہباز شریف سے میرے سوالوں کاجواب دلوادیں۔




































