
اسلام آباد (ویب ڈیسک)جاپان کے وزیردفاع کونو اور پاک فوج کے سربراہ جنرل قمرجاوید باجوہ نے ٹیلی کانفرنس کے دوران کووڈ-19 اور
دفاع سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔اسلام آباد میں قائم جاپان کے سفارت خانے سے جاری بیان کے مطابق 'ویڈیو کانفرنس کے دوران دونوں فریقین نے عالمی سطح پر پھیلنے والی کوروناوبا جیسے مسائل پر دفاعی حکام کی جانب سے ادا کیے گئے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا'۔وزیردفاع کونو نے جاپان سیلف-ڈیفنس فورسز کی کروزشپ ڈائمنڈ پرنسز پر ہونے والی سرگرمیوں سے آگاہ کیا جو ایئرپورٹ پر اقدامات کے لیے سرگرم ہے۔
انہوں نے کہا کہ جاپان سیلف ڈیفنس فورسز انفیکشن کے پھیلاؤ کو روکنے اور اپنی سرگرمیوں کے دوران انفیکشن سے بچنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے، جس کے باعث وہاں تعینات کوئی اہلکار وائرس سے متاثر نہیں ہوا۔جاپانی وزیر نے کہا کہ ایس ڈی ایف سینٹرل ہسپتال کیجانب سے دستاویزات کی بنیاد پر تجزیہ کیا جاتا ہے۔
سفارت خانے کے بیان کے مطابق آرمی چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان میں کیے گئے حالیہ اقدامات کی وضاحت کی۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دونوں فریقین نے جاپان اور پاکستان کے درمیان دفاعی تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
جاپانی وزیر نے دونوں ممالک کے لیے دوطرفہ مضبوط دفاعی تعاون کی اہمیت کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ کووڈ-19 کے اثرات کو مدنظررکھتے ہوئے فری اینڈ اوپن انڈو-پیسفک اقدامات کو بحال کرنا اہم ہے۔کووڈ-19 کے باعث پیدا ہونے والے حالات کیپیش نظر دونوں فریقین نے اتفاق کیا کہ آپس میں معلومات، آگاہی اور دفاعی حکام کی جانب سے کووڈ-19 پرقابو پانے کے لیے کیے گئے اقدامات سے حاصل نتائج کا تبادلہ کیا جائے گا۔
جاپانی سفارت خانے کے بیان میں کہا گیا ہے کہ موجودہ حالات میں خطرات سے ایک دوسرے کو آگاہ کیا جائے گا اور دونوں ممالک کی دفاعی پالیسی پر کووڈ-19 کے پڑنے والے اثرات کو نمایاں کیا جائے گا۔





































