
کراچی( ویب ڈیسک) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے کہا کہ ہم سب نے دیکھا کہ شہبازشریف نے زرداری کو کیسے کراچی
کی سڑکوں پر گھسیٹا،کراچی کے معاملے پر سیاسی بیان بازی نہیں بلکہ عملی اقدامات کی ضرورت ہے،سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق کے الیکٹرک کے لائسنس میں تبدیلی کی جا سکتی ہے۔
وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی اسد عمر نے کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں نالوں پر تجاوزات بنائے گئے جن کی وجہ سے مسائل پیدا ہوئے حکومت کو کراچی کے عوام کو درپیش مسائل کا مکمل ادراک ہے، کراچی میں مسائل کی ایک اہم وجہ اختیارات کا منقسم ہونا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن پاکستان کے صدر شہباز شریف کراچی والوں کے ساتھ ہمدردی کے بجائے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے پاس گئے اور سیاست کر کے واپس چلے گئے کے الیکٹرک کے بارے میں اب سنجیدگی سے سوچنا ہو گا اور سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق کے الیکٹرک کے لائسنس میں تبدیلی کی جا سکتی ہے جبکہ بجلی ٹیرف میں اضافے کا فیصلہ نیپرا کا ہے موجودہ نظام میں ریگولیٹر حکومت کے تابع نہیں ہوتا کے الیکٹرک حکام سے کراچی اور دیگر معاملات پر بات چیت ہوئی اور سپریم کورٹ نے جو سوالات اٹھائے تھے ان پر معاملات پر گفتگو ہوئی اب باقی پاکستان کی طرح کراچی میں بھی بجلی کے نرخ یکساں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے فون پر بات ہوئی ہے، باہمی مشترکہ ذمہ داری کے ساتھ کام کریں گے تو نتائج ملیں گے کیونکہ باہمی رابطوں کے فقدان کے باعث کراچی کے مسائل حل نہیں ہوئے۔





































