
کراچی (رنگ نو ڈاٹ کام )سندھ حکومت نے اپنے خصوصی ’’ کلین مائی کراچی مہم‘‘ کے تحت 1101 لوڈرز کےٹرپس کے ذریعے
21 ستمبر سے شروع ہونے والی مہم کے پہلے دو دنوں کے دوران 20306 ٹن کچرا اٹھالیا۔
وزیراعلیٰ سندھ کو یومیہ بنیاد پرپیش کی جانے والی رپورٹ میں صوبائی وزیر بلدیات سید ناصرشاہ نے کہا کہ 22 ستمبر کو مجموعی طورپر 13181 ٹن کچرا اٹھایاگیاجس کے لیے 1134 ورکرز نے حصہ لیا جبکہ پہلے دن 21 ستمبر کو 7152ٹن کچرا اٹھایاگیا جس میں 1263 ورکرز نے شرکت کی۔
رپورٹ کے مطابق مہم کے افتتاحی دن یعنی 21 ستمبر کو مجموعی طورپر 212 ڈمپرز نے 7152 ٹن کچرا اٹھایا اور اسے 848 ٹرپس کے ذریعے عارضی جی ٹی ایس تک پہنچایا۔صفائی اور کچرا اٹھانے کے کام میں 1263 ورکرز نے حصہ لیا۔22 ستمبر کو کچرا اٹھانے کا کام مزید منظم طریقے سے کیاگیا اور 1253 ٹرپس کے ذریعے 13181 ٹن کچرا اٹھایاگیا۔147ڈمپرز استعمال کیے گئے جن کے لیے1134 ورکرز نے کام کیا۔ اس طرح مہم کے دو دنوں کے دوران 20306 ٹن کچرا اٹھایاگیا۔سب سے زیادہ 2500 ٹن کچرا ماڈل کالونی سے اٹھایاگیا جبکہ 2200 ٹن کورنگی سے، 2000شاہ فیصل کالونی سے،1540 لانڈھی سے اٹھایاگیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر شاہ پر زور دیا کہ وہ مہم کو مزید موثر اور منظم بنائیں ۔ کچرا اٹھانے کے کام کی نگرانی کے لیے وزیراعلیٰ سندھ نے 18 رکنی مانیٹرنگ کمیٹی تشکیل اور نوٹیفائی کی ہے ۔ہر ضلع سے 3 وزراء کو مانیٹرنگ کا کام تفویض دیاگیا ہے ۔
ضلع جنوبی میں صوبائی وزراء مرتضیٰ وہاب، اویس قادر شاہ اور وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی سید ریاض احمد مانیٹر کریں گے۔ ضلع وسطی میں شہلا رضا ، میر اعجاز جاکھرانی اور معاون خصوصی راشد ربانی دیکھ بھال کریں گے۔ ضلع غربی میں سید سردار شاہ ، شبیر بجارانی اور معاون خصوصی وقار مہدی نگرانی کریں گے۔ ضلع شرقی میں اسماعیل راہو، فراز احمد ڈھرو اور معاون خصوصی قاسم نوید قمر نگرانی کریں گے۔ کورنگی میں مکیش کمار چاولہ، امتیاز احمد شیخ اور جام اکرام اللہ دھاریجو کو ذمہ داری دی گئی ہے ۔ ملیر میں مرتضیٰ بلوچ ، تیمور تالپور اور معاون خصوصی نواب وسان کو یہ کام دیا گیا ہے ۔




































