
میانوالی( ویب ڈیسک )وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ چاہے جو مرضی دھمکیاں
دیں، ڈرامے کریں، احتساب ہو کر رہے گا۔
میانوالی میں نمل انسٹی ٹیوٹ میں اسپتال کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ کرپشن ہے، جب تک چوروں کو نہیں پکڑا جائے گا، ملک آگے نہیں بڑھے گا،میں 22سال سے انتظار کررہا تھااللہ مجھے ایک موقع دے، طاقتوروں کا احتساب کر کے اپنا 22 سالہ خواب پورا کر دیا
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ادارے کام کرنے میں آزاد ہیں، کسی کےخلاف انتقامی کارروائی نہیں ہو رہی، لوٹی ہوئی دولت کی واپسی کیلئے پر عزم ہیں،پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے ان گرفتاریوں کا پاکستان کو کیا فائدہ ہوگا؟
وزیراعظم نے چین کی مثال دیتے ہوئے کہا ہمسایہ ملک نے اپنے 450 وزرا کو جیل میں ڈالا اور وہاں سب سے زیادہ ترقی ہو رہی ہے،پاکستان میں بھی جبتک کرپٹ لوگوں کا احتساب نہیں ہوگا ملک ترقی نہیں کر سکےگا۔ گزشتہ 10 سال میں ملک کا قرضہ 6 ہزار سے 30 ہزار ارب ہو گیا ہے۔ آج ہمارا حال یہ ہے کہ ہم قرضوں کا سود واپس کرنے کیلئے مزید قرضے لے رہے ہیں۔ 3 میٹروز جو بنائی گئی ہیں وہ ہر سال 12 ارب کا نقصان کریں گی۔ یہ پیسہ جن کی جیبوں میں گیا ہے جب تک ان کا احتساب نہیں ہوگا یہ ملک آگے نہیں بڑھے گا۔
عمران خان نے کہا کہ انتقامی کارروائیاں تو میرے خلاف کی گئی تھیں، پاناما کیس اٹھایا تومجھ پر 32ایف آئی آر کٹوائی گئیں، کیامیں نے کوئی شورمچایا؟ کوئی ڈراما کیا؟ عدالت میں 60دستاویزات دیں تو عدالت نے صادق اور امین قراردیا،ان لوگوں (شریف خاندان) نے ایک قطری خط دیا وہ بھی فراڈ نکلا۔
وزیراعظم عمران خان نے میانوالی ایکسپریس کا بھی افتتاح کیا۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد عام آدمی کیلئے آسانیاں پیدا کرنا ہے۔ ریلوے کی ترقی کیلئے ہم ایم ایل ون چین کے تعاون سے شروع کررہے ہیں جب یہ منصوبہ مکمل جائے گا تو تب کراچی سے لاہور کا سفر8گھنٹے کا ہوجائے گا۔





































