
اسلام آباد(ویب ڈیسک) ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب نے جج ویڈیو اسکینڈل میں ملوث 3 ملزمان کی رہائی کے فیصلے پراپنے
ردعمل میں وزیراعظم عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئےکہاہے کہ عمران صاحب !آج ایک بار پھر آپ کا جھوٹ، جعلسازی اور سیاسی انتقام ثابت ہوگیاہے۔
انہوں نے کہا کہ آج ثابت ہوگیا کہ آپ نے اپنے سیاسی انتقام کے لئے ایف آئی اے کو استعمال کیا،آج پھر ثابت ہوگیا کہ محمد نوازشریف کے خلاف جج کو بلیک میل کرکے فیصلہ لیاگیا، عمران صاحب آپ کی ایک اور سازش اور کوشش ناکام ہوگئی ۔
مریم اورنگزیب نے کہاکہ عمران صاحب آپ کا رانا ثناءاللہ، شاہد خاقان عباسی، مریم نواز، حمزہ شہباز، سعد رفیق، سلمان رفیق سمیت دیگر سیاسی اسیران کے خلاف جھوٹ بھی آخر بے نقاب ہوکر رہے گا۔
عمران صاحب اب آپ مزید کسی جھوٹ، جھوٹے مقدمے اور جعلی جذباتی مکالموں کے پیچھے نہیں چھپ سکتے۔ آپ کی نااہلی، نالائقی اور جھوٹ دن کی روشنی کی طرح قوم کے سامنے آچکاہے۔




































