
کراچی (رنگ نوڈیسک )انتہائی طاقتور سمندری طوفان کراچی سے 700 کلومیٹر کی دوری پر ہے جس کی وجہ سے سندھ کی ساحلی پٹی
پر بارشوں جبکہ شہر قائد کے لیے شدید گرمی کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے تازہ ترین الرٹ کے مطابق سمندری طوفان جسے بھارتی محکمہ موسمیات نے وائیوکا نام دیا ہے کے زیر اثرسندھ کے ساحلی علاقوں ٹھٹٹہ، بدین اور تھرپارکر میں شدید بارشوں کا امکان ہے
سمندری طوفان کے نتیجے میں کراچی میں بارشوں کے بجائے شدید گرمی کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کراچی میں جمعرات سے لے کر اتوار تک موسم شدید گرم اور حبس زیادہ رہے گا۔
ڈائریکٹر میٹ کراچی سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان وائیو کے نتیجے میں کراچی میں بارش کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں لیکن اس طوفان کے نتیجے میں کراچی میں شدید گرم اور مرطوب موسم ہونے کے امکانات بہت زیادہ ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ جمعرات سے لے کر ہفتے تک شہر کا درجہ حرارت 40 سے اوپر جا سکتا ہے اور ہوا میں نمی کا تناسب بڑھنے کی وجہ سے ہیٹ اسٹروک ہونے کے امکانات ہو سکتے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے ماہرین کے مطابق سمندری طوفان وائیو کے باعث بھارتی ریاست گجرات اور رن آف کچھ کے علاقوں میں شدید بارشوں کے پیش نظر لاکھوں لوگوں کو علاقہ خالی کرنے کا حکم دیا جا چکا ہے جبکہ ساحلی علاقوں میں فوجی دستوں کو طلب کر لیا گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق محکمہ اس طوفان پر نظر رکھے ہوئے ہے اور جیسے ہی سائیکلون نزدیک آئے گا تمام متعلقہ اداروں اور عوام کو اس کے متعلق آگاہ کر دیا جائے گا۔




































