
اسلام آباد(تعلیم ڈیسک)فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن(ایف بی آئی ایس ای(نے میٹرک اور
انٹر کے سالانہ امتحانات کی تاریخ کا اعلان کردیا۔اسلام آباد میں چیئرمین فیڈرل بورڈ قیصر عالم نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ کہ امتحانات10 جولائی سے 31جولائی تک ہوں گے،بارہویں اور دسویں کے امتحانات پہلے ہوں گے جب کہ نویں اور گیارہویں کے بعد میں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ بارہویں اور دسویں کے نتائج پہلے جاری کریں گے۔ ان نتائج کی بنیاد پر بچے جامعات میں داخلہ لے سکیں گے۔
قیصر عالم نے بتایا کہ ملک بھر میں میٹرک کے 767اور انٹرمیڈیٹ کے 385 سینٹرز بنائے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امیدوار کی تعداد 3 لاکھ 85 ہزار سے زائد ہیں، پہلی بار امتحانات میں ڈیجیٹل اٹینڈنس لگے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک گھنٹے کے دوران فیڈرل بورڈ کے ڈیش بورڈ پر بچوں کی حاضری ، غیر حاضری کا پتہ چل جائے گا،والدین کو بھی بچوں کی حاضری سے متعلق الرٹ بھیج دیا جائے گا۔ ڈیجیٹل امتحانات کی انسپکشن بھی ہو گی۔انہوں نے بتایا کہ ابھی امتحانات کے پریکٹیکل نہیں لے رہے،آئندہ امتحانات میں پریکٹیکل لیں گے۔چیئرمین فیڈرل بورڈ قیصر عالم نے بتایا کہ امتحانات ای مارکنگ کے زریعے چیک ہوں گے، اس طریقہ کار سے معروضیت آجائے گی۔




































