
کراچی(تعلیم ڈیسک )انچارج اسٹوڈنٹس فائنانشل ہید آفس جامعہ کراچی ڈاکٹر
صدف مصطفی کے مطابق ایچ ای سی نیڈ بیسڈ اسکالرشپ پروگرام 2021 ءکے تحت پہلے مرحلے میں جامعہ کراچی کے 1089 طلباوطالبات کو انٹرویوز کے لئے شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔مذکورہ اسکالرشپ حاصل کرنے والے طلبہ کی سیمسٹر فیس کی ادائیگی ایچ اسی کی جانب سے اس مد میں موصول ہونے والی گرانٹ سے کی جائے گی نہ صرف یہ بلکہ 10 ماہ تک چھ ہزار روپے وظیفہ بھی ماہانہ بنیاد پر فراہم کیا جائے گا۔
تاہم اسکالرشپ حاصل کرنے والے طلبہ کی ا سکالر شپ جاری رکھنے کا سلسلہ ان کی ڈ گری پروگرام کی تکمیل تک تسلی بخش تعلیمی کارکردگی سے مشروط ہوگا۔شارٹ لسٹ کئے جانے والے طلبہ کے انٹرویوزپیر 22 مارچ 2021 ءسے فیکلٹی آف سائنس کے کونسل روم میں شروع ہوگئے ہیں جو26 مارچ2021 ءتک جاری رہیں گے ۔
تمام طلبہ کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ وقت کی پابندی کا خاص خیال رکھیں اور قومی شناختی کارڈ یا ب فارم کی کاپی،جامعہ کراچی کا اسٹوڈنٹ کارڈ اور فیس کی رسید بمعہ کاپی لازماً اپنے ہمراہ لائیں،بصورت دیگر ان کو انٹرویوز میں شرکت کی اجازت نہیں دی جائے گی
۔واضح رہے کہ انٹرویوز کے لئے شارٹ لسٹ ہونے والے طلبہ کو گذشتہ ہفتے بذریعہ ایس ایم ایس،ای میل آگاہ کردیا گیاہے علاوہ ازیں شارٹ لسٹ ہونے والے طلبہ کی فہرست جامعہ کراچی کی آفیشل ویب سائٹ پر بھی اپ لوڈ کردی گئی ہے۔




































