
کراچی (تعلیم ڈیسک،خبر ایجنسی )وفاقی اردو یونیورسٹی میںمستقل وائس چانسلر کی تقرری کے لیے
تلاش کمیٹی کی جانب سے کام تقریبا مکمل ہوتے ہی جامعہ اردو کی مقام انتظامیہ نے منظور نظر اساتذہ کو نوازنے کیلئے جلد سلیکشن بورڈکرانے کے ٹاسک پر کا م شروع کر دیا اس مقصد کیلئے 3ہزار کے قریب امیدواروں کو ٹیسٹ کیلئے طلب کرنے کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔مذکورہ ٹیسٹ لیکچرر کے عہدے پر تعیناتی کے لیے لیا جا رہا ہے ۔
کورونا کی وبا کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر حکومت نے جہاں کاروبار اور دیگر معاملات میں سخت پابندیاں عائد کررکھی ہیں وہی تعلیمی ادارے بھی اگلے دو ہفتے تک بند کر دیے گئے ہیں۔ یہ تمام اقدامات صوبہ سندھ میں کرونا کی پھیلتی ہوئی لہر کو کنٹرول کرنے کے لئے اٹھائے گئے جس کے تحت تعلیمی اداروں بشمول یونیورسٹیوں میں تدریس اور امتحانات کو معطل کر دیا گیا ہے تاکہ ایک جگہ ایک وقت میں زیادہ لوگ جمع نہ ہو سکیں۔
ذرائع نے بتایا کہ کورونا کی صورتحال کو نظر انداز کرتے ہوئے وفاقی اردو یونیورسٹی کراچی میں ہفتہ اور اتوار کو اساتذہ کے سلیکشن بورڈ کروانے کی غرض سے یونیورسٹی کی قائم مقام انتظامیہ نے تقریبا3 ہزار کے قریب افراد کو ٹیسٹ کے لیے طلب کرنے کی تیاریاں کر لی ہے۔
اطلاعات کے مطابق ہفتہ کو1400 اور اتوار کو1700 افراد کو لیکچرار کے عہدے پر تعیناتی کے لیے ٹیسٹ دینے کے لیے طلب کرنے کی تیاری کی گئی ہے۔بتایا جاتا ہے کہ وفاقی اردو یونیورسٹی کی قائم مقام انتظامیہ منظور نظر اساتذہ کو تعینات کرانے کیلئے سرگرم ہے حالانکہ مستقل وائس چانسلر کی تقرری کے لیے تلاش کمیٹی نے اپنا کام تقریبا مکمل کر لیا ہے اور اگلے چند دن میں صدر پاکستان کی صدارت میں سینٹ کا اجلاس بلا کر مستقل وائس چانسلر کے نام کی منظوری دیئے جانے کا قوی امکان ہے۔




































