
اسلام آباد( تعلیم ڈیسک )وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے برٹش کونسل کو جولائی-اگست میں
”خصوصی“ او لیول امتحانات لینے کیلئے نو اوبجیکشن سرٹیفکیٹ (این او سی) جاری کردیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ ہم نے آج برٹش کونسل کو ایک این او سی جاری کردیا ہے اور 26 جولائی سے 6 اگست تک خصوصی او لیول امتحانات لینے کی اجازت دی گئی ہے۔
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ اس فیصلے سے او لیول کے طلبہ کو ستمبر سے اے لیول یا ایف اے/ ایف ایس سی کی تعلیم شروع کرنے میں سہولت ہوگی۔شفقت محمود کا کہنا تھا کہ جولائی میں اس طرح کے امتحان کی مثال نہیں ہے اور میں خوش ہوں کہ کیمبرج نے انتظامات کرلیے ہیں۔وزیر تعلیم نے برٹش کونسل کے کنٹری ڈائریکٹر کو لکھا گیا خط بھی شیئر کیا، جس میں کہا گیا کہ ایجنسی 26 جولائی 2021 سے 6 اگست 2021 تک ذیلی امتحان سیریز شروع کرنے کے لیے مکمل طور پر بااختیار ہے تاہم کووڈ-19 کی تمام موجودہ ایس اوپیز پر عمل درآمد ضروری ہے۔
انہوںنے ٹوئٹرپر کہا کہ وبا نے ہر شعبہ ہائے زندگی کو مشکل میں ڈال دیا ہے لیکن خاص کر تعلیم زیادہ مشکلات کا شکار ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم تعلیمی سلسلے کو جاری رکھنے کے لیے سخت فیصلے لے رہے ہیں، ہر فیصلے کے فائدے اور نقصانات ہوتے ہیں لیکن ہمارے لیے طلبہ کا مفاد ہر وقت عزیز ہے۔




































