
اسلام آباد(ویب ڈیسک )وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود کی ہدایت پر اسلام آباد میں انٹر بورڈ کمیٹی آف چیئر مین فورم
(آئی بی سی سی ) کے 170ویں اجلاس میں امتحانی نظام کی بہتری کے لئے ایک ایجنڈا آئٹم رکھا گیا جس میں 30 ایجوکیشنل بورڈز کے چیئرمین سمیت فورم کے 49 ممبران نے شرکت کی۔
تمام بورڈز نے اس بات پر اتفاق کیا کہ امتحان اور اسیسمنٹ پیٹرن کو روٹ لرننگ سے تصوراتی تعلیم کی طرف منتقل کیا جا سکتا ہے۔ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ تمام امتحانی بورڈز مستقبل میں (سٹوڈنٹس لرننگ آٹکم) پر مبنی سوالیہ پرچے تیار کریں گے۔ بورڈز نے بتدریج اعلیٰ علمی سطح کے سوالات کی طرف بڑھنے پر اتفاق کیا جس میں ویٹج نالج 30 فیصد، تفہیم 50 فیصد اور پریکٹیکل 20 فیصد ہے۔
فورم نے مختلف امتحانی اصلاحات کی سفارش کی اور بورڈز کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے متعلقہ فورمز پر عمل درآمد کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کریں۔ اہم سفارشات میں کارکردگی اور شفافیت کو بہتر بنانے کے لئے امتحان کا آٹومیشن متعارف کرانا، نصاب پر مبنی امتحان کا انعقاد، امتحانی عملے اور اساتذہ کی استعداد کار میں اضافہ تاکہ تشخیص کو مزید درست اور قابل اعتماد بنایا جا سکے۔
تشخیص کو مستند بنانے کیلئے سینٹرل آئٹمز بینک اور روبرکس تیار کرنا، سیکورٹی کے نظام کو بہتر بنانا۔ امتحانی مراکز میں دھوکہ دہی اور امتحان میں دیگر بدعنوانیوں کو روکنےکیلئے، کام کو بہتر اور تیز تر بنانے کے لئے ای مارکنگ، تجزیہ اور مستقبل میں بہتری کے لئے بورڈز میں ریسرچ سیکشن کا قیام شامل ہے۔




































