
حیدرآباد (تعلیم ڈیسک) جامعہ سندھ جامشورو کی انتظامیہ کی جاب سے تعلیمی سال 2022کے تحت بیچلر ڈگری پروگرامز میں داخلوں کیلئے دوسرے مرحلے
میں پری انٹری ٹیسٹ کا انعقاد 7 نومبر کو کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔
اس ضمن میں ڈائریکٹر ایڈمیشنز ڈاکٹر ایاز کیریو نے بتایا کہ شیخ الجامعہ سندھ کی منظوری کے بعد دوسرے مرحلے میں انٹری ٹیسٹ صرف اتوار 7 نومبر کو لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ،کیونکہ دوسرے مرحلے کیلئے کل 8343 امیدوار رہتے ہیں، جن سے دو دن کی بجائے ایک ہی دن میں ٹیسٹ لیا جائے گا ۔
انہوں نے بتایا کہ دوسرے مرحلے میں 7 نومبر کو ہونے والے ٹیسٹ میں 6531 میل اور 1647 فیمیل امیدوار شرکت کریں گے۔ ڈائریکٹر ایڈمیشنز کے مطابق پہلے مرحلے میں انٹری ٹیسٹ سے رہ جانے والے ایسے 165 امیدوار جنہوں نے درخواستیں دیں وہ بھی ٹیسٹ میں بیٹھ سکیں گے تاہم ان کے سیٹ نمبرز وہی رہیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ 1500 روپے داخلہ پراسیسنگ فیس جمع نہ کرانے پر 112 امیدواروں سمیت مطلوبہ کاغذات شامل نہ کرنے پر مجموعی طور پر 187 فارم مسترد کیے گئے ہیں۔




































