
یاسمین شوکت
وزیراعظم کراچی آئے اور واپس چلے گئے ۔اہلیان کراچی کی آرزوئیں اور امنگیں پھر ہوا ہوگئیں ۔امید تھی کہ
وہ کراچی کیلئے اہم اعلانات کریں گے۔کراچی کے بہت سے مسائل ہیں ، جن کے حل کی ضرورت ہے ۔یہ مسائل کون حل کرے گا اللہ جانتا ہے ،لیکن 16ماہ کی حکومت اس کیلئے کوئی خاطر خواہ اعلان یا اقدامات کر سکی ،نہ کراچی والوں کیلئے خوشی کا کوئی پیام لاسکی۔
ہمیں عمران خان کے وزیر اعظم بننے سے قبل حکومت میں آنے کے بعد پی ٹی آئی کا سوروزہ پلان یاد آرہا ہے جس میں کراچی کیلئے ایک نکتہ شامل تھا اور وہ یہ تھا کہ کراچی میں کاٹرانسپورٹ نظام بہتر بنایا جائے گا ،نہ ٹریفک نظام ٹھیک ہوا نہ ہے اس کی ترقی کیلئے پیکیج ملا ۔کراچی کے پیکیج کیلئے جماعت اسلامی کا یہ ہمیشہ مطالبہ رہا ہے کہ اسے 500ارب کا پیکیج دیا جائے جس کی پیروی کرتے ہوئے دیگر جماعتوں نے بھی مطالبہ کیا کہ کراچی کو 500ارب کا پیکیج ملنا چاہیے ،مگر پی ٹی آئی حکومت میں اس کی شنوائی نہیں ہورہی ۔
کراچی کا سب سے بڑا مسئلہ صفائی کاہے ۔دوسرا بڑا مسئلہ صحت کی مفت سہولتوں کی دستیابی ہے،گلی محلوں میں سڑکوں کی تعمیر مرمت ،کے الیکٹرک کی اووربلنگ ،تفریحی مقامات میں اضافہ ،پہلے سے موجود چیزوں کی بہتری،بہترین پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم،پانی کے بحران کا مستقل حل ،لوڈشیڈنگ کا خاتمہ،یہاں کے بوسیدہ سیوریج سسٹم کی از سر نو تنصیب یہ سب وہ مسائل ہیں جو حل ہونے چاہئیں ،مگر کون کرے یہ کام ،مشکل جو ہیں ۔
ماضی میں کراچی والوں کی جذبات سے کھیلا گیا ،سیاسی فوائد حاصل کرنے والوں نے اس کی خوب مٹی خراب کی ،مسائل جوں کے توں رہے ۔قتل وغارت گری کی گئی ،ہزاروں لوگ لقمہ اجل بنے ،اللہ نے کرم کیا ،سابقہ دو حکومت نے سیکیورٹی ایجنسیز کی تعاون سے کراچی میں امن قائم ہوا ۔دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ کراچی کو شاد آباد رکھے ۔وزیر اعظم نےکراچی میں تاجروں سے بھی ملاقات کی اوران کے مسائل سنے اورانہیں درپیش مسائل حل کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی ،مگر اہلیان کراچی کو تشنگی بڑھا کر چلے گئے۔
عمران خان اچھی سوچ لے کر حکومت میں آئے تھے اوراہلیان کراچی کو ان سے بہت سی امیدیں وابستہ تھیںجو ابھی پوری نہیں ہوسکیں ،ان کا کراچی کو اپنے یجنڈ ے میں شامل نہ کرناووٹرزاورعوام میں مایوسی اور بے چینی پیدا کررہا ہے ۔انہیں آئندہ کراچی کو پی ٹی آئی کا قلعہ بنا نا ہے تو کراچی کے مسائل کو حل کرنا ہوگا ۔مسائل حل نہ کیے تو یہ دوریاں بڑھ سکتی ہیں اورہو سکتا ہے عوام پی ٹی آئی کوآئندہ انتخابات میں مسترد کردیں ۔




































