
پاکستان دنیا کا چھٹا سب سے زیادہ آبادی والا ملک ہے جس کی مجموعی آبادی 21 کروڑ سے زائد ہے جبکہ آبادی میں 63 فیصد افراد
کی عمر 30 سال سے کم ہے۔ یہی عمر ہے جب انسان کی تخلیقی اور مشاہداتی صلاحیتیں عروج پر ہوتی ہیں۔۔ ہماری آبادی کا بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے جو مضبوط اعصاب اورقوی جذبات کے مالک ہوتے ہیں۔۔ الحمدللہ ایک نوجوان ابھرتا ہوا معاشرہ ہے ہمارے پاس ۔۔ ایک ایسا قدرتی وسیلہ جس سے موجودہ دور کے کچھ ترقی یافتہ ممالک بھی محروم ہیں ۔۔
سورہ الاسراء میں بنی اسرائیل کو عطا کردہ نعمتوں میں سے ایک نعمت ان کی کثرت اولاد کو بھی شمار کیا گیا ۔۔ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں کہ
" پھر ہم نے تمہیں دشمن پر غلبےکا موقع دیا اور تمہیں مال اور اولاد (نوجوانان) سے مدد دی اور تمہاری تعداد پہلے سے بڑھادی۔"
الاسراء۔ آیت 6
یقیناً یہ نوجوان کسی بھی قوم کو عطا کردہ قوت و صلاحیت کی نعمتوں میں سے ایک بیش قدر نعمت ہوتے ہیں ۔ انکے جوش و جذبے کے بل پر اقوام کی ترقی اور عروج کی راہیں روشن ہوتی ہیں۔۔ خودداری ، بلند کردار، علم و فہم اور اعلیٰ اخلاق سے مزین نسلیں اپنے آباء اور قوم کیلئے باعث فخر سرمایہ ہوتے ہیں۔۔
یہی قدرتی وسائل کی وہ قسم ہے جو بہبود آبادی ، میڈیا وار اور over population کی اصطلاحات کی زد میں آکر سازشوں کا سب سے زیادہ شکار ہے۔۔ ہمارے یہی دل و نظر کی ٹھنڈک کا احساس دلاتے نوجوان بےراہ روی ، گمراہی کی اندھیر نگری میں دھکیلے جارہے ہیں ۔۔ ناکارہ بنائے جارہے ہیں ۔۔ تعلیمی اداروں اور میڈیا کی منفی ذہن سازی کے آسان ترین ہدف بنے ہوئے ہیں اور اس گراں قدر خدائ مدد کے ضیاع کا احساس و ادراک ہم نہیں کر پارہے ۔۔
حقائق قبول کرنے کی سب سے زیادہ صلاحیت رکھنے والی عمرکے نوجوان ہی سب سے زیادہ زندگی کی حقیقت سے فراراختیار کر رہے ہیں۔ خاندان کے بزرگ اور والدین سے فاصلے کی روش نے تربیت کا محاذ بالکل سرد کردیا ہے۔۔ ٹیکنالوجی کے استعمال پر عبور رکھتے ہیں مگر زندگی میں کسی بلند مقصد کے حصول سے عاری ۔۔ یہی وجہ ہے کہ علم و عمل کے اس خلاء کو کبھی لادین سیکولرز اور کبھی اخلاقیات سے عاری میڈیا پروگرامز پُر کررہے ہیں .. دین کی بنیادی تعلیم جو ہمارے گھروں میں ہی روزمرہ کا حصہ ہوا کرتی تھی , آج دینی و دنیاوی علوم کی کثرت اور ایک کلک پر موجودگی کے باوجود دین سے لاتعلقی اور عقائد کا بگاڑ عروج پر ہے .. یہ ہم والدین کی ہی کمزوری گردانی جائے گی , صرف اور صرف نوجوان اس گمراہی کے ذمہ دار نہیں ہیں..
ہم نے ہی انہیں قیمتی سرمایہ نہ سمجھا .. تعلیم کو فقط روزی , روٹی اور اسٹیٹس امپروومنٹ اسکل بنا دینے میں ایک بڑا ہاتھ ہم والدین اور سرپرست حضرات کا بھی ہے..
نبوی ص اور اسلافی ادوار کے انقلابات کی تاریخ گواہ ہے کہ یہی نوجوان طبقہ وہ خام مال تھا جسکی تراش خراش سے عالمگیر اثرات رکھنے والے انقلاب برپا ہوئے .. آج یہی مسلم نوجوان ذہنی پراگندگی اور جذباتی الجھنوں کا شکار بنایا جارہا ہے.. قوتوں , صلاحیتوں کا ایک منبع ہے جو فیشن , کلچر , اینٹرٹینمنٹ , ماڈرنزم اور لبرلزم کے نام پر ناکارہ کیا جارہا ہے .. کہیں مرد و زن کے اختلافات کو بڑھاوا دے کر اور کہیں خاندان , رشتوں اور جائز تعلقات پر ابلاغی حملوں کی صورت .. مسلم دنیا کا نوجوان طبقہ ہی ان فتنوں کی زد میں ہے .. صدیوں پہلے کا فرعون بھی نوجوانوں اور بالخصوص لڑکوں کے خاتمے پر بضد تھا , آج کے فراعین کا بھی اول نشانہ یہی نوجوان ہیں مرد ہوں یا خواتین .. ہمیں ہی قرآن کے پیش کردہ صراط مستقیم کو روشن کر کے ان بچوں کے سامنے پیش کرنا ہے ۔۔
دین کی اصل تعلیمات کو عام کرنے کی ضرورت ہے ۔ متشدد رویوں سے اپنے بچوں کو بچانا اسوقت بہت اہم ہے۔۔ انکے ایمان پر ہونیوالے حملوں کے آگے بند باندھنے پڑیں گے ۔۔ موجودہ تعلیمی نظام طبقاتی تقسیم کو فروغ دے رہا ہے اور کردار سازی ، اخلاقی تربیت سے بالکل خالی ہے ۔۔ دینی اور دنیاوی تعلیم کو علیحدہ کردینے کی وجہ سے یونیورسٹی لیول کے طلباء میں بھی اخلاقیات کی روح پروان نہ چڑھ سکی ۔ یہی دنیاوی تعلیم سے آراستہ ، لیکن دینی اخلاقیات سے عاری طبقہ جب مختلف کلیدی عہدوں پر پہنچتا ہے تو کرپشن اور رعونت کو اپنا شعار بنا لیتا ہے ۔۔ ضروری ہے کہ آج کے والدین اور اساتذہ کرام دینی و اخلاقی تربیت کو بھی آنے والی نسل کی دنیا و آخرت سنوارنے کا ذریعہ سمجھیں ، کیونکہ فلاح اور کامیابی چاہے دنیاوی ہو یا اخروی , واحد راستہ وہی ہے جو نبی آخر الزماں ص ہمیں بتا کر گئے ہیں ..



































