
کرن وسیم
مشرقی پاکستان بہت خوبصورت تھا ۔سندر بن کےشیروں کا دیس، ایک انتہائی میٹھی،سریلی بولی بولنے والوں کاسرسبز وشاداب
خطہ، پوربو( مشرقی ) سونار (سنہرا ۔۔۔)
ایک مکمل پاکستان جسکا تصور بھارت سے ہجرت کرنیوالے مسلمانوں کے دلوں میں بسا ہوا تھا۔۔ وہ لوگ جو یہی تصور لے کر پاکستان آئے تھے اور یکایک بےدخل کردیئے گئے اپنے مطلوبہ وطن سے ۔۔۔ہجرت کا وہ سفر جو منزلوں کی آغوش میں آ کر اختتام پذیر ہوگیا تھا وہ ازسرنو شروع ہوگیا ۔۔ سرزمین پاکستان جن کے قدموں کے نیچے سے کھینچ لی گئی۔۔ رہائشی ، محصورین بنا دیئے گئے ۔۔ ٹھکانے ، سرائے بن گئے ۔۔ اپنے ، پرائے ہوگئے ۔۔۔ صد افسوس۔۔۔۔
71ء میں پاکستانی ریاست کے دو لخت ہو جانے کے بعد وہاں رہ جانے والےغیربنگالی پاکستانیوں کی اکثریت کو نوآزاد ریاست بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ اور اس کے گرد و نواح میں قائم کیمپوں میں محصور کر دیا گیا تھا۔ ان کیمپوں کے مکینوں کی ناگفتہ بہ حالت کے خلاف انسانی حقوق کی تنظیمیں عشروں سے آوازیں اٹھاتی آئی ہیں۔
یہ محصور پاکستانی 1971ء میں بنگلہ دیش کے قیام کے وقت مشرقی پاکستان کے شہری تھے جنہوں نے بنگلہ دیش کی شہریت قبول کرنے کے بجائے واپس پاکستان جانے کو ترجیح دی تھی،لیکن ان میں سے بیشتر افراد پاکستان نہیں جاسکے تھے اور آج 45 سال بعد بھی بنگلہ دیش میں قائم ان کیمپوں میں زندگی گزار رہے ہیں جو 1971ء کے بعد ان کی عارضی رہائش کے لیے قائم کیے گئے تھے۔
2010میں محصورین کے کیمپوں کی بجلی کاٹنے ،کیمپوں سے محصورین کو جبری بے دخل کرنے اور دیگر نا انصافیوں کے خلاف عدالت میں محصورین کی جانب سےرٹ داخل کی گئی جس پر ایک مقامی بنگالی نے اس رٹ کو چیلینج کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ تقریباََ40برس گزر نے کےباوجود یہ اردو بولنے والے پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگاتے ہیں اور بنگلہ دیش کے قیام کے مخالفت کرچکے ہیں اور ان لوگوں نے1971میں پاکستانی فوج کے ساتھ مل کر بنگلہ دیش کے قیام کی مخالفت بھی کی تھی لہذا انہیں بنگلہ دیش میں رہنے اور بسنے کا کوئی حق نہیں اور نہ ہی انہیں یہاں کوئی بنیادی سہولت ملنی چاہئے۔۔۔
بنگلہ دیش کے کیمپوں میں محصور محب وطن پاکستانیوں پرظلم کی داستانیں تو بہت طویل ہیں بنگلہ دیش میں محصور پاکستانیوں کی وطن واپسی میں تاخیر اور ان کی موجودہ کسمپرسی کے ہمارے پاکستانی حکمران اولین ذمہ دار ہیں اور اپنے اس عمل کے لئے یقینا اللہ کی عدالت میں جوابدہ بھی ہونا ہوگا کیونکہ محصورین اور ان کے آباؤ اجداد قیام پاکستان سے پہلے پاکستان کے لئے اور قیام پاکستان کے بعد بقاء اور استحکام پاکستان کے لئے اور بنگلہ دیش کے وجود میں آنے کے بعد نصف صدی سے بنگلہ دیش میں شناخت پاکستان کے لئے مسلسل قربانیاں دے رہے ہیں۔۔۔
50 برسوں سے انہوں نے امید کا دامن نہ چھوڑا اور پاکستان کی جانب سےاخلاقی مدد تک نہ ہونے کے با وجود آج تک پاکستانی پرچم کو سر بلند رکھ کر پاکستان سمیت دنیا بھر کو باورکرانے میں مصروف ہیں کہ محصورین آج بھی ہجرت کے اس سفر سے واپس نہیں لوٹ سکے۔۔۔
یہ ہے محبت ان محصورین کی پاکستان اور نظریہ پاکستان سے ۔۔۔ جنہیں ہم بھول چکےہیں
اس جنگ کے نتیجے میں جہاں پاکستان کی آدھی سے زائد آبادی یعنی ساڑھے چھ کروڑ شہری ، پاکستانی شہریت سے تائب ہوئے وہاں ملک کے رقبے میں بھی ڈیڑھ لاکھ مربع کلومیٹر کی کمی ہوئی تھی۔ 93 ہزار فوجی جنگی قیدی بنے تھے ، آٹھ ہزار کے لگ بھگ شہید اور 25 ہزار سے زائد زخمی ہوئے تھے۔ پاکستان کا دفاع ، معیشت ، بین الاقوامی ساکھ اور قومی جذبہ مکمل طور پر تباہ و برباد ہو چکا تھا۔
آج بھی ہمارے مقتدر طبقوں کی پالیسیوں کے باعث یہ سوال ذہنوں میں ابھرتا ، ڈوبتا رہتا ہے کہ کیا اس جنگ کے محرکات سے کبھی سبق سیکھا گیا ہے۔۔؟



































