
مجاہد عالم ندوی / بہارانڈیا
الفیض ماڈل اکیڈمی بابوآن بسمتیہ ارریہ بہار کا مشہورومعروف دینی وعصری علوم کا حسین ادارہ ہےجس کے چیئرمین ڈاکٹرامان اللہ مدنی حفظہ اللہ عالی
ہیں جو باہمت اورجہاں دیدہ شخصیت کے مالک ہیں۔اپنے تجربات اور جد وجہد کی بنیاد پر انہوں نے بہت تیزی کے ساتھ ادارے کو نئی بلندی تک پہنچا دیاہےچونکہ ہمارے کئی عزیز واقارب اس ادارے سےبطور معلم اورمتعلم وابستہ رہے ہیں اور میں بھی بذات خود چند مہینوں سےاس ادارے میں بحیثیت معلم تدریسی فریضہ انجام دےرہا ہوں۔اس لیےان کی سرگرمیوں کوقریب سےجاننے اور دیکھنے کا موقع ملتا رہاہے ۔
کیرالہ سےمتبحر دانشوروں اور علماء کی آمد پرالفیض ماڈل اکیڈمی بابوآن بسمتیہ ارریہ بہارکے کانفرنس ہال میں ایک بزم منعقد ہوئی۔طلبہ و طالبات نے بہترین اسلوب میں تلاوت قرآن پاک اور حمد پاک پیش کی ۔ انگلش میں تقریریں کیں اور اکیڈمی کے پرنسپل جناب حسنگیرخان صاحب نے تہنیت نامہ پیش کیا۔ بزم میں آئے ہوئے معززمہمانوں نےیکے بعد دیگرے نہایت ہی قلیل وقت میں بیش قیمت نصیحتیں کی۔ میدان تدریس کے کہنہ مشق معلم و مربی صدیق فلاحی حفظہ اللہ نے طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک وقت تھا کہ طالبات کے لیے یکسوئی کے ساتھ شریعت مطہرہ کے بارے میں معلومات حاصل کرنا بڑاپیچیدہ معاملہ تھالیکن آج اس جیسے دیہی علاقوں میں اس طرح کا علمی چمن تعمیرہونا گویا بچیوں کے لیے پلیٹ میں کھانا سجا کررکھ دیا گیا ہے، اس لیے آپ موقع کو غنیمت جان کر خوب محنت اورسعی پیہم سےتعلیم حاصل کریں۔

مشہورومعروف مقبول خطیب شیخ نصر اللہ فلاحی حفظہ اللہ نےطالبات کو قیمتی نصیحتیں کی اور بالخصوص وقت کی اہمیت کی تلقین کرتےہوئےاپنی گفتگو کا اختتام کیا ۔
آخرمیں سفیر الدین نے اکیڈمی کے تمام طالب علموں سےسرسری امتحانی جائزہ لیا۔ بچےاوربچیوں کی اچھی کارکردگی اورمتانت وسنجیدگی کو دیکھ کران کو داد دی اورمستقبل میں اس محنت کواسی طرح جاری رکھنےکےحوالے سے بچے اوربچیوں کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عصری تعلیم کےساتھ ساتھ دینی تعلیم پرخصوصی توجہ دیں۔ دینی تعلیم میں دنیا وآخرت دونوں کی کامیابی ہیں۔انہوں نےمزید کہا کہ ہمیں بھی پڑھ لکھ کرویسا ہی بننا ہےجیسے ہمارے اسلاف تھے۔انہوں نےاپنےبچوں کوسب سے پہلے ایمانی دولت سےمالا کیا پھر انہیں قرآنی تعلیمات سےروشناس کیا۔
نظامت کےفرائض الفیض ماڈل اکیڈمی کے پرنسپل حسنگیرخان نے بحسن وخوبی انجام دیئے ۔ پروگرام کا اختتام فضیلتہ الشيخ ڈاکٹر امان اللہ مدنی حفظہ اللہ، چیئرمین الفیض ماڈل اکیڈمی بابوآن بسمتیہ ارریہ بہار کے مختصر خطاب اور دعائیہ کلمات سے ہوا ۔





































