
طیبہ سلیم / کراچی
" مزاحمت اور عزیمت کے راستے میں چلنےوالےفلسطینی قوم اب پوری دنیا کے لیے معجزات اور رول ماڈل کے طور پرسامنے آگی ہے مغرب و یورپ کی
عوام بھی یہ سوچنے پرمجبورہوگئی ہےکہ آخر کون سا ایسا مقصد ہے جن کی وجہ سے یہ موت کو بھی ہنسی خوشی گلے لگا رہے ہیں۔ جا بجا مثالیں بکھری پڑی ہیں ۔ایک دس سالہ بچے نے گھر کے ملبے کے ڈھیر پر قران پڑھ رہا ہے ”مومن لوگوں کو جب تکلیف پہنچتی ہے تو وہ کہتے ہیں ” بے شک ہم اللہ کے ہیں اور اللہ کی طرف لوٹ کر جانے والے ہیں ۔ اس منظر کو دیکھ کر کٸی غیرمسلم ایمان لائے۔ ایک سات سالہ بچہ اپنی شدید زخمی بہن کو نزع کی حالت میں کلمہ پڑھنے کی ترغیب دے رہا تھا۔ کیسے عزیمت والے لوگ جو اپنے موقف اور مقصد میں ڈٹے ہوئے ہیں اور اپنے پیاروں کی لاش ایسے وصول کر رہے ہیں جیسے تمغہ حسن کارکردگی۔۔ بے شک اللہ تعالی ایسے لوگوں کو سکینت عطا فرماتا ہےجو اپنے مقصد کے لیے جان بھی قربان کرنے سے دریغ نہیں کرتے۔۔
مزاحمت کا مطلب صرف جسمانی قوت کا استعمال نہیں بلکہ ذہنی اور روحانی قوت کا بھی ہے۔ جب ایک شخص یا قوم کسی مشکل، ناانصافی یا جبر کے خلاف کھڑا ہوتا ہےتو وہ ایک راستہ اختیار کرتا ہے جسے ہم مزاحمت کہتے ہیں۔ یہ مزاحمت زندگی کی پیچیدگیوں، ظالمانہ نظاموں، اورغیر منصفانہ حالات کے خلاف ہو سکتی ہے۔ یہی مزاحمت فرد یا قوم کو طاقت دیتی ہے کہ وہ اپنے حقوق اور آزادی کے لیے جدوجہد کرنا ۔عزم، ثابت قدمی اور مقصد کے حصول کے لیے مستقل کوشش کرنا۔ یہ وہ راستہ ہےجس پر چلنے والے افراد مشکلات کے باوجود پیچھےنہیں ہٹتےبلکہ مسلسل آگے بڑھتے ہیں۔عزیمت کا راستہ ہمیشہ سیدھا اور آسان نہیں ہوتا۔ یہ راستہ کانٹوں بھرا اور دشوار گزار ہوتا ہے لیکن یہ وہی راستہ ہے جو کامیابی اور ترقی کی طرف لے جاتا ہے۔
فلسطینی کی مثال لے لیں، جو ایک مضبوط قیادت اور ناقابل تسخیرعزم کےساتھ ایک طویل اورمسلسل جدوجہد میں مصروف ہیں۔ فلسطینی قوم کی مزاحمت نہ صرف اسرائیلی جبر کے خلاف ہے، بلکہ اپنی شناخت، ثقافت اور آزادی کو محفوظ رکھنے کی بھی جنگ ہے۔ سالوں سے جاری یہ مزاحمت فلسطین کے عوام کی ثابت قدمی اور عزیمت کی بہترین مثال ہے۔ ان کے پاس وسائل کم ہیں، لیکن ان کا عزم اور جذبہ بہت بڑا ہے۔ انہوں نے کبھی اپنے مقصد سے منہ نہیں موڑا، چاہے حالات کتنے بھی کٹھن کیوں نہ ہوں۔
یہ جدوجہد ہمیں یہ سکھاتی ہے کہ عزیمت کا راستہ کبھی آسان نہیں ہوتا۔ فلسطین کے عوام کو روزانہ مشکلات اورمصائب کا سامنا ہےلیکن انہوں نے ہمیشہ اپنی آزادی اور حقوق کے لیے لڑنے کا عزم برقراررکھا ہے۔ اس مزاحمت نے انہیں ایک ایسی قوت بنایا ہے جسے نظراندازکرنا مشکل ہے۔
مزاحمت اور عزیمت کا یہ فلسفہ نہ صرف فل سطینہ کی جدوجہد تک محدود ہے بلکہ ہر اس فرد یا قوم کے لیے قابل اطلاق ہے جو اپنی آزادی، خود مختاری یا بنیادی حقوق کے لیے لڑ رہے ہیں۔اس فلسفے کا اطلاق انفرادی سطح پر بھی ہوتا ہے۔ جب ایک شخص کسی ذاتی مشکل، جیسے کہ بیماری، مالی مشکلات یا سماجی دباؤ کا سامنا کرتا ہے تو وہ مزاحمت اور عزیمت کے ذریعے اپنی زندگی کو بہتر بنا سکتا ہے۔
غزہ کے رہنے والوں بے شمار قربانیاں دےکر یہ ثابت کردیا کہ ان کا مقصد افاقی اورپائیدار ہے کسی بھی مقصد کے حصول کے لیے مزاحمت اور عزیمت کا راستہ اپنانا ضروری ہے۔ یہ راستہ ہمیشہ آسان نہیں ہوتا، لیکن یہ وہی راستہ ہے جو کامیابی، آزادی اورخوشحالی کی طرف لے جاتا ہے۔فلسطین کی مثال ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ طاقت کا مطلب صرف اسلحہ یا دولت نہیں بلکہ انسان کا عزم، حوصلہ اور اس کی جدوجہد ہوتی ہے۔



































