
عائشہ بی
ملک کی ترقی کے لئے مضبوط معیشت، روزگار کے مواقع اور عوام کی خوشحالی ضروری ہو تی ہے۔ جب مہنگائی بے قابو ہو جائے اور بے روزگاری میں مسلسل اضافہ
ہونے لگے تو سب سے زیادہ متاثر عام آدمی ہوتا ہے۔ آج پاکستان میں بھی یہی صورتحال دیکھنے میں آ رہی ہے۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بے روزگاری نے غریب اور متوسط طبقے کی زندگی کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ پٹرول کی قیمت بڑھاتے جارہا ہے،جب پٹرول کی قیمت عروج پر ہوتی ہے تو پر چیز کی قیمتیں عروج پر ہوتی ہیں ۔
عوام مہنگائی کی وجہ سے پس رہے ہیں ،روزمرہ استعمال کی اشیاعام آدمی کی پہنچ سے دور ہوتی جا رہی ہیں۔ آٹا، چاول، گھی، چینی، سبزیاں، گوشت، دودھ اور دیگر بنیادی ضروریات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ بجلی، گیس اور پٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے لوگوں کے گھریلو بجٹ کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ ایک محنت کش یا تنخواہ دار شخص کے لیے محدود آمدنی میں اپنے خاندان کی ضروریات پوری کرنا دن بہ دن مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ مکان کا کرایہ بھی عروج پر ہے۔
دوسری طرف بے روزگاری نے نوجوانوں کو شدید ذہنی دباؤ میں مبتلا کر دیا ہے۔ اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان بھی ملازمت کی تلاش میں دربدر پھر رہے ہیں جبکہ ہنر مند افراد کو بھی مناسب روزگار میسر نہیں ۔ جب ایک نوجوان کو اپنی صلاحیتوں کے مطابق روزگار نہ ملے تو اس کی امیدیں ماند پڑنے لگتی ہیں، جس کے منفی اثرات پورے معاشرے پر مرتب ہوتے ہیں۔
مہنگائی اور بے روزگاری کا سب سے زیادہ بوجھ غریب طبقہ برداشت کرتا ہے۔ روزانہ مزدور طبقہ روز کی تلاش میں سڑک کے کنارے بیٹھے ہوئے نظر آتا ہے۔۔۔ کبھی کچھ مل جاتا ہے اور کبھی خالی ہاتھ لوٹ جاتا ہے ۔
بہت سے والدین اپنے بچوں کی تعلیم جاری رکھنے سے قاصر ہو جاتے ہیں، بیمار افراد علاج نہیں کرا سکتے اور کئی گھرانوں کے لیے دو وقت کی روٹی کا انتظام بھی مشکل مرحلہ بن جاتا ہے۔ ایسے حالات میں غربت، جرائم اور سماجی بے چینی میں اضافہ ہونے کا خدشہ بھی بڑھ جاتا ہے۔اس صورتحال سے نکلنے کے لیے ضروری ہے کہ حکومت ایسی معاشی پالیسیاں اختیار کرے جو مہنگائی پر قابو پانے، صنعت و تجارت کو فروغ دینے اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں مددگار ہوں۔ ساتھ ہی سرمایہ کاری، فنی تعلیم اور چھوٹے کاروبار کی حوصلہ افزائی کی جائے تاکہ معیشت مضبوط ہو اور عوام کو حقیقی ریلیف ملے۔
تمام اختیارات حکومت کے پاس موجود ہیں اور یہ احساس ہونا چاہیے کہ کسی بھی ریاست کی اصل طاقت اس کے عوام ہوتے ہیں۔ جب عوام خوشحال ہوں گے تو ملک ترقی کرے گا لیکن اگر لوگ مہنگائی اور بے روزگاری کے بوجھ تلے دبے رہیں گے تو معاشی ترقی کا خواب ادھورا ہی رہے گا۔ وقت کا تقاضا ہے کہ عوامی مشکلات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے تاکہ ہر شہری باعزت زندگی گزار سکے اور پاکستان ترقی، استحکام اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو۔



































