
عائشہ بی
ہم لائے ہیں طوفان سے کشتی نکال کر
اس ملک کو رکھنا میرے بچوں سنبھال کر
یہ خوبصورت شعر وطن سے محبت، بزرگوں کی قربانی اور نئی نسل کو احساس ذمہ داری سکھانے کا ایک لازوال پیغام ہے۔ اس ملی ترانے کی شاعری ہمیں یاد دلاتی ہے کہ
پاکستان ہمیں کسی نے طشت میں رکھ کر آسانی سے پیش نہیں کیا گیا بلکہ یہ ارض پاک تو ہمارے بزرگوں کی بے شمار قربانیوں، انتھک جدوجہد اور بے مثل عزم و ہمت کی بدولت حاصل ہوا ہے ۔ وطن عزیز کے لیے لاکھوں مسلمانوں نے اپنا گھر بار چھوڑا زخم کھائے اپنوں سے بچھڑے اور جانوں کا نذرانہ پیش کیا طرح طرح کے مصائب و مشکلات کا سامنا کیا تاکہ مسلمانوں کو ایک آزاد خود مختار اسلامی وطن میسر آئے جہاں وہ قرآن کا نظام نافذ کرکے وہ دین کے مطابق محبت، محنت، عزت اور وقار کے ساتھ آزادانہ زندگی گزار سکیں۔
یہ ارض پاک ہمارے پرکھوں کی امانت ہے ، پاکستان صرف زمین کا ایک ٹکڑا نہیں ہے بلکہ ہمارے بزرگوں کے خوابوں کی تعبیر امنگوں اور امیدوں کا ترجمان ہے۔" یہ ارض وطن جدوجہد آزادی کی تحریک کا حاصل ہے۔ سرزمین پاک کی بنیاد کلمہ طیبہ لا الہ الااللہ محمدرسول اللہ ہے۔ قائد اعظم نے قرآن مجید کو اس ملک کا دستور قرار دیا اور عوام کو ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط جیسے عظیم اصولوں کے ساتھ اس ملک کو چلانے کا پیغام دیا۔ اگر ہم چاہتے ہیں کہ ہمارا وطن ترقی یافتہ، خوشحال اور مضبوط بنے تو ہمیں قائد کے ان اصولوں کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنانا ہوگا۔
شاعر مشرق علامہ اقبال کے خواب کی تعبیر اور قائد اعظم محمد علی جناح نے اپنے ساتھیوں اور تحریک آزادی کی جدوجہد کے ہمنوا مسلمانوں کی انتھک محنت ، جدوجہد اور قربانیوں کے بعد ہمیں سرزمین پاکستان کی صورت میں آزاد مملکت حاصل ہوئی۔ آزادی کی اصل قیمت تو ان ہجرت کر نے والوں نے ادا کی ہے۔
قرار داد پاکستان کی منظوری کے بعد سے برصغیر پاک و ہند کے مسلم اکثریتی علاقوں میں "پاکستان کا مطلب کیا لاالہ الااللہ ۔ نعرہ تکبیر اللہ اکبر لے کے رہیں گے پاکستان بٹ کے رہے گا ہندوستان، بن کے رہے گا پاکستان" کے نعرے فضا میں گونج رہے تھے۔ مسلمانوں نے قائد اعظم کی قیادت میں پاکستان کا مقدمہ جتنے پر خوشی سے سرشار تھے۔ اعلان ہوتے ہی ہندوؤں کا مسلمانوں کے لیے بعض و عناد اور نفرت بھی مزید بھڑک اٹھی۔
انہوں نے سکھوں کو اپنے ساتھ ملا کر مسلمانوں کو نقصان پہنچانے کے لیے قتل و غارتگری اور انسانیت سوز مظالم کا آغاز کر دیا۔مسلمانوں کی املاک کو مکینوں سمیت نذر آتش کرنا شروع کر دیا۔ ہر طرف دھویں کے سیاہ بادل چھانے لگے۔ بہت سے علاقوں کی فضائیں گھروں، کھیتوں کھلیانوں سے اٹھتے کا لے دھوئیں سے اٹ گئی تھیں۔
بارود اور گولیوں کی خطرناک آوازیں ہر طرف گونج رہی تھیں مسلمانوں کے محلے میں سکھ کر پانیں لہراتے ہوئے مسلمانوں کی گردنیں کاٹ رہے تھے۔ ہندو بنیے تلواریں سونت کر میدان میں اترے ہوئے تھےتاکہ کسی طرح مسلمان ان سے بچ کے پاکستان جانے کے لیے ٹرینوں تک نہ پہنچیں لیکن اس کے باوجود بہت سے مسلمان کسی طرح ٹرینوں تک پہنچ گئے ہندووں اور سکھوں نے ٹرینوں پر بھی حملے کیے لوگوں کو گاجر مولی کی طرح کاٹ کے رکھ دیا تھا۔ بہت سی ٹرینیں لاشیں لے کر آئیں ۔ کچھ زندہ مردہ و زخمی لوگ پاکستان پہنچنے میں کامیاب ہو گئے ۔ پاکستان کی خاطر ہزاروں خاندان جام شہادت نوش کر چکے تھے۔ہزاروں کی تعداد میں عصمتیں پامال ہو چکی تھی۔
ہجرت کے دوران لوگوں میں خوف و ہراس تھا۔۔۔۔آہ خدارا۔۔۔ اتنی زیادہ بچیاں قتل ہوئیں کہ اللہ کی پناہ۔۔۔ لڑکیاں اپنی عزت بچانے کے لیے دریا اور کود گئیں ،کافی لوگوں نے دریائے راوی اور دریائے بیاس کے ذریعے پہنچنے کی کوشش کی۔ یہ دونوں دریا مسلمانوں کے خون سے سرخ ہوچکے تھے۔۔ اف خدارا۔۔۔۔! ظالموں نے دودھ پیتے بچوں کو نیزوں پر اچھال کر شہید کر دیا گیا۔ بس اس ظلم سے بچے ہوئے لوگ کسی نہ کسی طرح طرح پاکستان کی سرزمین پر پہنچ کر سجدہ شکر بجالائے۔
پاکستان دنیا میں مدینۃالنبی صلی اللہ علیہِ وسلم کے بعد وہ واحد ریاست ہے جو اسلام کے نام پر قائم کی گئی ہے۔ نسل نو کو آزادی پاکستان کی جدوجہد اور قربانیاں آج بھی یہی پیغام دے رہی ہیں۔ اس ملک میں اسلام کا نظام نافذ کرنا ہے۔ اس ملک کا دستور و آئین بھی اسلام کے مطابق وضع و نافذ کرنا ہے۔ نسل نو کو پورے یقین محکم اتحاد اور نظم و ضبط کے ساتھ انتھک محنت بے غرض مخلصانہ جدوجہد کے ساتھ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے کے لیے کام کرنا ہے۔
جان و مال کی لازوال قربانیوں سے حاصل ہونے والا ملک پاکستان ہمارے لیے بزرگوں کا تحفہ ہے . یہ وطن امانت ہے اور ہم اسکے امین ہیں۔ امانتداری کا تقاضا ہے کہ ان لاکھوں لوگوں کے خون کا قرض جو ہم پر واجب ہوتا ہے جنہوں نے ارض پاک کے لیے جان مال عزت و آبرو کا نذرانہ پیش کیا ،اس سے وفاداری کریں ،امانت کی حفاظت کریں ۔
یہ شعر یہی پیغام یاد دلاتا ہے کہ ہمیں اپنے اسلاف کا خون رائیگا ں نہیں جانے دینا بلکہ ہم سب کو مل کر ملک کی ترقی و بھلا ئی کے لیے کام کرنا ہے۔ الحمدللہ پاکستان قدرتی وسائل اور پر عزم نوجوانوں سے سے بھی مالامال ہے ۔اللہ کی نعمتوں کے شکر کے اظہار کے طور پر ہمیں سرزمین پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے کام کرنا ہے۔ مفاد پرست نا عاقبت اندیش ذہنی غلام حکومت سے نجات کے لیے کوششیں کرنا ہیں۔ جب تک اس ملک میں نیک صالح باصلاحیت مسلمانوں کے حوالے کریں جو اس ملک میں اسلام کا منصفانہ و عادلانہ نظام قائم کریں۔ یہاں کے نوجوانوں کو تعلیم و ٹیکنالوجی کے میدان میں بھی آگے بڑھنا ہے۔ پاکستان عالمی سطح پر ایک ایٹمی طاقت امت مسلمہ کے لیے طاقت تھی علامت ہو۔
اللہ پاک سے دعا ہے کہ پاکستان ہمیشہ قائم و دائم رکھے آمین ۔
ہمارے اسلاف نے ہمیں پیغام دے دیا ہے کہ ہم لائے ہیں طوفان سے کشتی نکال کر یعنی پاکستان کو بچاکر کر تو لے آئے ہیں ،اب پاکستانی نسل نو کی ذمہ داری ہے کہ اس کشتی کو بچا کر رکھنا ہے اس کو سنبھالنا ہے ،اسے ترقی کی جانب گامزن کرنا ہے ،خوشحال بنانا ہے، اس میں کلمہء حق بلند کرنا ہے۔۔
اس وطن کی مٹی میں خون ہے شہیدوں کا
یہ وطن امانت ہے اور تم امین لوگو ۔۔۔



































