
نگہت فرمان
کبھی کبھی شہر میں جب عمارت گرتی ہیں وہ صرف اینٹ، سیمنٹ اور سریے کا ڈھیر نہیں ہوتی بلکہ کچھ ملبے ایسے بھی ہوتے ہیں جو عدالتوں کی خاموش
فائلوں میں دبے رہتے ہیں، کچھ سرکاری دفتروں کی الماریوں میں، کچھ اُن دستخطوں میں جنہوں نے ضابطوں کو محض ایک رسمی کارروائی سمجھ لیا اور کچھ ہماری اجتماعی بے حسی میں جہاں ہر حادثہ چند دن کی خبر بنتا ہے پھر معمول کی زندگی اسے نگل جاتی ہے۔
ہم سمجھتے ہیں کہ عمارت اس دن گرتی ہے جس دن اس کی چھت زمین پر آتی ہے۔حقیقت یہ ہے کہ عمارت بہت پہلے گر چکی ہوتی ہے۔وہ اس دن گرنا شروع ہوتی ہے جب تعمیر میں دیانت کی جگہ مصلحت لے لیتی ہے۔ جب جائزہ ایمان داری کے بجائے تعلقات کی بنیاد پر لیا جاتا ہے۔ جب قانون طاقت ور کے لیے نرم اور کمزور کے لیے سخت ہوجاتا ہے ۔ جب انسان کی جان سے زیادہ اہم ایک دستخط، ایک سفارش یا نوٹوں کی گڈیاں ہوتی ہیں۔
پھر ایک دن عمارت گر کر صرف زمین پر نہیں گرتی بلکہ کئی گھروں کے خوابوں پر آ گرتی ہیں ۔جیسے کل ہوا مائیں اپنے بچوں کی واپسی کی منتظر تھیں، باپ روزی کی تلاش میں نکلے تھےاس یقین کے ساتھ کہ واپسی پر بچے بابا کے منتظر ہوں گے , انہیں کیا معلوم تھا کہ یہ مکتب مقتل گاہ بن جائے گا۔
ہم ہر بڑے سانحے کے بعد ایک ہی منظر دیکھتے ہیں۔کیمرے آتے ہیں۔بیانات آتے ہیں۔اظہارِ افسوس ہوتا ہے۔تحقیقات کا اعلان ہوتا ہےپھر خاموشی چھا جاتی ہے اور کوئی نیا سانحہ جنم لے لیتا یے۔ایسا لگتا ہے جیسے ہمارے ہاں انصاف بھی ملبہ ہٹنے ،دھول چھٹنے کا انتظار کرتا ہے۔ہمیشہ یہ سوال پریشان کرتا ہے کہ ہم نے"افسوس" کو اتنا ارزاں کیوں کر دیا ہے؟۔یہ ایک ایسا لفظ بن گیا ہے جو ہر سانحے کے بعد ادا تو ہو جاتا ہے مگر کسی ذمہ داری کا بوجھ اپنے ساتھ نہیں لاتا۔ اگر افسوس کے ساتھ احتساب نہ ہو تو وہ محض ایک رسم رہ جاتا ہے اور رسمیں انصاف نہیں دلاتیں۔
بچے قوم کا مستقبل ہوتے ہیں قیمتی اثاثہ ہیں ۔ وہ کسی سیاسی جماعت، کسی ادارے یا کسی طبقے کے نہیں ہوتے وہ معاشرے کے ہوتے ہیں۔ جب کسی ایک بچے کے ساتھ بھی زیادتی و ناانصافی ہوتی ہے تو ایک خاندان متاثر نہیں ہوتا دراصل ریاست کا اخلاقی وجود زمین بوس ہوتا ہے مگر المیہ یہ ہے کہ ہمارے حکمران اتنے ظالم و سفاک ہیں کہ اس بے ضمیری کے ساتھ جینا سیکھ چکے ہیں،ڈھٹائی کی وہ منازل طے کر چکے ہیں جو شاید ہی کسی اور ملک کے حاکموں میں پائی جاتی ہو اور یہی سب سے خطرناک مرحلہ ہے۔
حادثہ خطرناک ہوتا ہے لیکن حادثے کا معمول بن جانا خطرناک ترین ہے۔جب قومیں ہر سانحے کو چند دن بعد بھولنے لگیں، تو سمجھ لیجیے کہ ملبہ صرف زمین پر نہیں، شعور پر بھی گر چکا ہے۔مایوسی گھیر چکی اور انصاف کے حصول لیے کوشش کرنا بھی ہمیں بے کار لگنے لگا ہے۔۔
جان لیجیے
اس ملک کو نئی عمارتوں سے زیادہ نئی دیانت کی ضرورت ہے۔ سخت قوانین سے زیادہ ان پر بے لاگ عمل درآمد کی ضرورت ہےاور تعزیتی بیانات سے زیادہ ایسے نظام کی ضرورت ہے جو کسی ماں کو اپنے بچے کا نام پکارتے ہوئے ملبہ نہ کھودنے دیں ،جو کسی باپ کو منتہی و زینب کو ڈھونڈتےو فریاد نا کرنے دیں ۔
کیونکہ قومیں اس وقت نہیں مرتیں جب حادثات ہوتے ہیں۔قومیں اس وقت مرنے لگتی ہیں جب ہر حادثہ کے بعد بھی ان کا ضمیر کھڑا رہنے سے انکار کر دے۔یہ سانحہ صرف رونے کے لیے نہیں ہے کہ ہم ہمیشہ کی طرح آپس میں بات چیت کرکے روئیں اظہار افسوس کریں بلکہ یہ ہمارے دروازے پر دستک دیتا ہوا ایک سوال ہے۔
ہم اگلے بچے کو کیسے بچائیں گے؟
اگر اس سوال کا جواب بھی صرف ایک اور پریس کانفرنس، ایک اور کمیٹی اور ایک اور رسمی تعزیت ہے تو یقین رکھیے سانحات کا تسلسل جاری رہے گا ،بس جگہ تبدیل ہو جائے گی۔۔کراچی ہو سرگودھا ،لاہور ،کوئٹہ ،پشاور یا کوئی اور شہر ہمارے بچے کہیں بھی محفوظ نہیں۔اگر ہم محفوظ مستقبل اپنے بچوں کو دینا چاہتے ہیں تو ہمیں متحد ہو کر ،متفق ہو کر اپنے مفادات سے باہر آکر نظام تبدیل کرنا ہوگا۔دیانت دار و ایماندار انسانیت کا درد رکھنے والی قیادت ہی اس کا واحد حل ہے ۔۔
اللہ تعالیٰ معصوم بچوں کو اپنی رحمت کے سائے میں جگہ عطا فرمائے، زخمی بچوں کو صحتِ کاملہ نصیب کرے اور ان والدین کے دلوں پر اپنی خاص سکینت نازل فرمائے جن کے ہنستے کھیلتے بچے ان کی نظروں سے ہمیشہ کے لیے دور ہوگئے۔۔۔آمین



































