
نگہت فرمان
"کچھ نہیں ہوگا۔""کیوں؟"
"کیونکہ پہلے بھی دھرنے ہوئے، احتجاج ہوئے، لانگ مارچ ہوئے آخرمیں وہی حالات رہے۔ حکومتیں آتی جاتی رہیں، وعدے ہوتے رہے، مگر عوام کے مسائل اپنی جگہ موجود
رہے"یہ مایوسی ہر طرف ہے۔اور سچ بھی یہی ہے کہ صرف دھرنا یا احتجاج خود بخود کسی مسئلے کو حل نہیں کر دیتا۔
لیکن اس کا دوسرا پہلو بھی ہے۔
اگر حکومت کوئی ایسا فیصلہ کرے جس سے عوام متاثر ہوں، بجلی کے بل بڑھیں، ٹیکسوں کا بوجھ بڑھے یا کوئی دوسرا اجتماعی مسئلہ پیدا ہو تو کیا شہریوں کو اسی طرح ظلم سہتے رہنا چاہیے ؟ اپنے حق کے لیے آواز بھی نہیں اٹھانا چاہیے ؟جمہوریت صرف ووٹ ڈالنے کا نام نہیں۔ پُرامن احتجاج، مطالبہ کرنا اور حکومت سے جواب طلب کرنا بھی شہری اظہار کا حصہ ہے۔
لیکن اہم سوال یہ ہے کہ ایک جماعت کے دھرنے سے کیا فرق پڑے گا؟
فرق اس وقت پڑتا ہے جب معاملہ صرف ایک جماعت کا نہ رہے بلکہ عوام اپنے جائز مطالبات کے لیے اجتماعی طور پر آواز اٹھائیں۔ حکومت پر دباؤ تب ہی بڑھتا ہے جب عوام متحد و یکسو ہو کر اٹھے اور صرف تعداد ہی سے نہیں بلکہ مطالبات کی وضاحت، عوامی حمایت، مسلسل جدوجہد اور آئینی و پُرامن طریقۂ کار سے بھی اس دباؤ میں بتدریج اضافہ ہوتا ہے۔
"اگر پھر بھی کچھ نہ ہوا تو؟"
تو کم از کم یہ ضرور ہوگا کہ مطالبات ریکارڈ پر آئیں گے، عوامی رائے سامنے آئے گی اور حکومت کو معلوم ہوگا کہ اس فیصلے پر عوام خاموش نہیں ہیں۔
اصل سوال یہ نہیں کہ کچھ ہوگا یا نہیں؟
اصل سوال یہ ہے کہ اگر ہم آواز ہی نہیں اٹھائیں گے،یہ چند دیوانے بھی نا رہیں گے تو کیا ہوگا؟
جماعت اسلامی کے موجودہ دھرنے اور لانگ مارچ کے بارے میں ہر شخص کی اپنی سیاسی رائے ہو سکتی ہے، اختلاف بھی جمہوریت کا حصہ ہے لیکن کسی بھی پُرامن اور آئینی عوامی مطالبے کو صرف یہ کہہ کر مسترد کر دینا کہ "کچھ نہیں ہوگا" شاید مسئلے کا حل نہیں۔
اگر عام شہری اپنے سیاسی اختلافات،اپنے ذاتی مفادات ،اپنے لیڈر کی سحر پسندی سے قطع نظر کسی جائز مطالبے پر یکسو، پُرامن اور مستقل انداز میں ساتھ کھڑے ہوں تو اجتماعی آواز کو نظرانداز کرنا یقیناً زیادہ مشکل ہو جاتا ہے۔تبدیلی کی ضمانت کوئی نہیں دے سکتا۔ انقلابات یکدم نہیں آتے لیکن خاموشی بھی مسائل کا حل نہیں ۔
ظلم کرنے والے سے زیادہ قصوروار ظلم سہنے والا ہوتا ہے حکمران تو تقسیم کرو اور لوٹو کی پالیسی پر کار فرما ہیں اپنی عیاشیوں و مستیوں میں گم ،کیا عوام اسی طرح ٹکڑوں میں بٹے رہ کر انھیں۔ مزے کرنے دیں گے ؟ اصل سوال یہ ہے ۔۔۔جس کا جواب آنے والا وقت دے گا کہ اب تو ظلم کی انتہا ہوگئی اب چپ رہنے والا خود مجرم ہوگا ۔۔
ہوتی نہیں جو قوم حق بات پہ یکجا
اس قوم کا حاکم کی فقط اس کی سزا ہے



































