
شہلا خضر
یہ ایک تسلیم شدہ حقیقت ہے کہ دنیا کی ترقی میں نوجوانوں نےایک اہم کردار اداکیا ہے ۔پاکستان دنیا کے ان چند خوش نصیب ممالک میں سے
ہے جن کی آبادی کا بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے۔اعدادو شمار کےحالیہ سروے کے مطابق پاکستان میں 64 فیصد سے زائد آبادی نوجوانوں کی ہے ۔اتنی بڑی تعداد میں نوجوانوں کی آبادی کا مطلب ہے کہ جوش و ولولہ سے بھر پور ' امنگوں اور انہیں پایۀ تکمیل تک پہنچانے کے جذبے سے سرشادنفوس کی دستیابی ہے ۔
لیکن پاکستان میں صورتحال اس کے برعکس نظر آتی ہے ۔نوجوان ہمارے ملک کا قیمتی سرمایۀ ہیں لیکن عدم توجہگی اور دور اندیش قیادت کے فقدان کی وجہ سے یہ اثاثہ ضائع ہو رہا ہے۔ہمارا نوجوان جس معاشرے میں پروان چڑھتا ہےوہ اس کی شخصیت کو آدھا تیتر آدھا۔بٹیر بنا رہا ہے ۔اسے نہ تو اپنے دینی شعائر کا مکمل ادراک ملتا ہے اور نہ ہی وہ فہم جسے بروۓ کار لا کر وہ عصر حاضرکے چیلینجز کا سامنا کر پائے ۔
تعلیمی ادارے علم کے ذریعےکردار سازی کرنے کےبجائے پیسہ کمانے کی پوری کی پوری انڈسٹری بن چکی ہے ۔ گورنمنٹ عوام کی تعلیمی ضروریات پورا کرنے سے قاصر نظر أتی ہے ' اسی لیے پرائیویٹ اداروں نے اس سیکٹر پر قبضہ کر لیا ہے غریب ملک کی سفید پوش عوام اس مافیا کو ان کی من چاہی فیسں دینے پر مجبور ہیں۔بڑی اور معیاری یونیورسٹیز کی فیس اسقدر مہنگی ہیں کہ غریب کا بچہ ان میں داخلہ لینے کا تصور بھی نہی کر سکتا ۔اس کے علاوہ اساتذہ بھی اپنےذاتی کوچنگ سینٹرز بنا کر والدین کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں۔
تعلیم کے اس دہرے معیار سے طبقاتی کشمکش پیدا ہوتی ہے اور نوجوان احساس محرومی کا شکارہوتے ہیں ۔اس کے ساتھ ساتھ ایک بہت بڑا المیہ یہ ہے کہ ہمارے ہاں اب تک بہتر کیرییر کاؤنسلنگ اور یوتھ پالیسی تک مرتب نہی کی گئی۔نہ تو ہمارا نوجوان یہ جانتا ہے کہ اس کی صلاحیتوں اور رجحان کے مطابق کون سے مضامین کا انتخاب کرنا چاہیےاور نہ ہی اس کی راہنمائ کے لیۓ کوئ موئثر پلیٹ فارم موجود ہے۔ اسی وجہ سے ہمارا نوجوان تزبزب کا شکار نظر آتا ہے ۔بےشمار صلاحیتوں کا مالک ہمارا نوجوان زندگی بھراپنی ان صلاحیتوں سے ناواقف ہی رہتا ہے یہ تعلیمی اداروں کی زمہ داری ہے کہ وہ مختلف نصابی اورغیرنصابی سرگرمیوں کے ذریعے طلباء کی صلاحیتوں کی نشونما کریں ۔اس کےعلاوہ انہیں درست سمت موڑنا بھی ان کی ذمہ داری ہے ۔ بے شمار محنت اور تگ و دو کبے بعد اگر اعلی تعلیمی اسناد حاصل کر بھی لی جائیں تو اقرباء پروری اور رشوت خوری کے باعث نوکری ملنا محال ہے ۔نوجوانوں میں اسی مایوسی اور احساس محرومی کی وجہ سے نفسیاتی مسائل بڑھتے جا رہے ہیں ۔دین سے دوری اور معاشی مسائل کی وجہ سے ایسے نوجوان منشیات کے استعمال میں راہ نجات تلاش کر تے ہیں اور یوں ملک کے لیۓ کار آمد بننے کےبجائے خود اپنے لیۓ اور گھر والوں کے لیے بھی باعث زحمت بن جاتے ہیں _
تعلیمی سیکٹرکےعلاوہ سپورٹس سیکٹر کی صورتحال بہت پریشان کن ہے۔جیم خانہ ،اسپورٹس کمپلیکس اور کھیل کے معیاری میدان ناپید ہیں۔ چند بڑے شہروں میں عالمی معیار کے گراؤنڈ تو موجود ہیں ' لیکن مائکرولیول پر کھلاڑیوں کی تربیتی پلیٹ فارم کی عدم دستیابی کی وجہ سے ہمارا باصلاحیت نو جوان پیچھے رہ جاتا ہے ۔
حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ ٹاؤن کی سطح پر اسپورٹس کمپلیکس تعمیر کرے۔کھیل کود کے ذریعے ہمارے نوجوان صحت مند بھی رہیں گے اور مثبت مصروفیت میں مشغول ہونے سے آوارہ گردی اور بے راہ روی سے بچے رہیں گے۔مشہورمقولہ ہے کہ " صحت مند جسم ہی صحت مند دماغ رکھتا ہے " ان تمام عوامل کے پیش نظر بجا طور پر یہ کہا جا سکتا ہےکہ آج اگر ہمارا ملک غربت اور پسماند گی کا شکار نظر آرہا ہے تو اس کے ذمہ دار ہم خود ہیں ۔
ضرورت اس امر کی ہے کہ نو جوانوں کو روزگار اور ترقی کے بہتر مواقع فراہم کیے جائیں۔۔تعلیم،صحت اورروزگار جیسے اہم اور فوری حل طلب مسائل کو ہنگامی بنیادوں پر ترجیح دی جائے۔اقتدار اعلی پر فائز سیاسی پارٹیاں اپنی پارٹی کے مفاد کے بجاۓ ملکی مسائل خصوصا" نوجوانوں کے مسائل پر سنجیدہ اقدامات کیے جائیں ۔تعلیمی بجٹ میں اضافہ کریں ۔وزارت تعلیم پبلک ' پرائیویٹ تعلیمی سیکٹر پر گرفت رکھیں اور یکساں نصاب تعلیم کے زریعے معاشرے کے تمام طبقات میں ہم آہنگی پیدا کی جائے تاکہ بہتر منظم معاشرہ قائم ہو ' اور سب مل کر ملکی ترقی میں اپنا حصہ ڈال سکیں _



































