
شہلا خضر
(سانحہ اےپی ایس کے تناظر میں لکھا گیا افسانہ )
آڈیٹوریم کی پرشکوہ عمارت پرسکوت طاری تھا۔۔آرمی کے ماہر ڈاکٹرز کلاس نہم اوردھم کے طلباء کو معمول کی فرسٹ ایڈ بریفنگ دینے کیلئے موجود تھے۔۔۔۔سورج کی کرنیں کہرے کی دبیز پرتوں کوعبور کرنے میں ناکام ہو کر نیلے آسمان کےاس پارلوٹ رہی تھیں ۔۔۔۔ دسمبر کی یخ یختہ ہوائیں روشندانوں سےآڈ یٹوریم کے احاطے میں داخل ہو کرہمیں گد گدا رہی تھیں ۔۔۔۔ فائق میرے بچپن کا گہرا دوست ۔۔ میرے برابر والی کرسی پربیٹھا ہواتھا ۔ وہ سدا کا کھلنڈرا لڑکا تھا۔ ہنس مکھ اورباتونی فائق ہردل عزیز طالب علم تھا ۔۔۔۔ اس کے نزدیک دنیا میں اس بریفنگ سے زیادہ بورنگ چیز کوئی نہ تھی۔
سرعبدالرشید گوندل ڈاکٹرزکی ٹیم کی معاونت کررہے تھے۔۔۔ وہ اسکول کےڈسپلن ایڈمنسٹریٹر تھے۔۔ ان کی موجودگی میں کسی کوشرارت کرنےکی قطعی جرات نہ تھی ۔۔۔ پرفائق کا معاملہ سب سے الگ تھا، وہ بلا کاہوشیارتھا اورزیادہ دیرخاموش بیٹھنے والوں میں سے نہی تھا۔۔۔۔ سرسےنظربچا کر باربار سرگوشیوں میں کوئی نہ کوئی چٹکلاچھوڑ دیتا جس پر ہم سب کو ہنسی روکنا محال تھا۔۔۔۔
اچانک آڈیٹوریم کےلکڑی کےتینوں گیٹ زورداردھماکے سے ٹوٹے اور خونخوارچہرے والےخوفناک دہشت گرد ہتھیاروں سمیت اندر گھس گئے ۔۔
ہم سب سمجھ نہ پائے کہ یہ کیا معاملہ ہے۔۔۔۔۔ سب لڑکے پلٹ کرحیرت زدہ نظروں س انہیں دیکھنے لگے ۔۔۔۔۔ سمجھ تو ہمیں تب آیا جب اگلے ہی لمحے ان دہشت گردوں نےفائر کھول دیے۔۔۔۔ان کی آگ اگلتی شارٹ گن کی گولیوں کی زد میں آنے والا ہر بچہ تڑپتا ہوا زمیں پرجا گرا اور خاک اور خون میں لوٹ پوٹ ہونےلگا ۔۔۔۔۔۔ ہرطرف چیخ و پکاراور بھگدڑ مچ گئی ۔۔ سب بچےبوکھلا کرادھر ادھر دوڑنے لگے۔۔۔۔۔ چند لمحوں کےاندراندرپرسکون تربیٔت گاہ خوفناک مزبح خانہ میں تبدیل ہو چکی تھی ۔۔۔۔ چاروں جانب خون سے لتھڑی کاپیاں کتابیں اسکول بیگزاور بوٹ اپنے ننھے مالکان کے بچھڑجانے کا نوحہ سنا رہی تھیں ۔۔۔۔
گزشتہ کچھ عرصےسے تمام اسکولوں کو دہشت گردوں کی جانب سے حملے کا خطرہ تھا اور مسلسل دھمکی آمیز پیغامات موصول ہو رہے تھےپرآرمی بیس کے اتنے قریب واقع اے پی ایس جیسی محفوظ درسگاہ پراس قدر سفاکانہ حملہ کسی کےوہم و گمان میں بھی نہ تھا ۔۔۔۔۔۔اسی اثناء میں اپنے اوسان بحال کرنے کی کوشش کرتے ہوئےمیں باہر کی طرف لپکا لیکن ایک دہشت گرد نے مجھے دیکھ لیا اورتاک کرنشانہ لگایا۔۔۔۔۔۔ پانچ گولیاں میری دائیں بازو اور تین میرے کندھے کو چیرتی ہوئی عقب کی دیوار میں پیوست ہوگئیں ۔۔۔۔۔۔خون کے فواروں نےمیرے یونیفارم کی بےداغ اجلی قمیص کورنگین بنا دیا ۔۔۔۔۔۔ میں فرش پر اوندھے منہ جا گرا،اس لمحےنیچے گرنے کی وجہ سے کچھ دیر کے لیے میں اس دہشت گرد کی نظروں سےاوجھل ہو گیا۔
فرش پربے شمار بچوں کی خون میں لت پت لاشوں کے ڈھیر تھے۔۔۔۔۔۔ تیزی سے بہتے خون کی وجہ سےمیری نبض کی رفتار مدھم ہو چکی تھی ۔۔۔ دن رات اکھٹے کھیلنے والے ساتھیوں کے بے جان لاشے اور پتھرائی نگاہیں دیکھنا کس قدرکربناک تھا اس کا اندازہ اس منحوس دن مجھےاچھی طرح ہو گیا ۔ گولا بارود کی تیزمہک اور دھویں کےغبار میں درد سے کراہتے بچوں کی ہر آواز پر نشانہ لگاکراسے خاموش کیا جا رہاتھا۔۔ایسی خطرناک صورتحال میں میراذہن ماؤف ہو چکا تھا ۔۔۔۔۔۔ خدا سے گڑگڑا گڑگڑا کر دعائیں مانگ رہا تھا کہ وہ کسی کو ہماری مدد کے لیے بھیج دے ۔۔۔
آڈیٹوریم کا فرش برف سے بھی زیادہ ٹھنڈا تھا ۔۔۔۔کمزوری اورٹھنڈ سےمیرےجسم پر کپکپی طاری ہو گئی۔۔۔۔۔۔ میرے بلکل برابردائیں جانب زمین پربےحس و حرکت پڑے فائق اوراس کے ماتھے پر گولی کا چھید اورباہر ابلتی آنکھیں دیکھ کر میرے بچے کچھےحواس بھی ماؤف ہوگئے ۔۔۔ ۔کچھ لمحے قبل شگوفے چھوڑتا ہنستا مسکراتا فائق ہمیشہ کے لیے خاموش ہو چکا تھا ۔۔
اتنے میں بھاری قدموں کی دھمک اپنی جانب آتی ہوئی محسوس ہوئی ۔۔۔۔میرے ٹھنڈےپڑتے جسم میں سنسنی کی تیز لہر دوڑ گئی ۔ موت کی اتنی بھیانک تصویر دیکھنے کا کبھی تصور بھی نہ کیا تھا۔
مجھے اپنی یقینی موت دکھائی دے رہی تھی ،ٹوٹتی سانسوں کی ڈورکےساتھ ہمت یکجا کرکے زیر لب کلمہ طیبہ کا ورد کرنےلگا۔
اس لمحے نہ جانے کیوں میری پیاری ماں کا شفقت بھراچہرہ میری نظروں میں لہرا گیا ۔۔ ۔میرے والد سپاہی رشید خان میری پیدائش سے چند روز قبل وطن عزیز کی سرحدوں کا بہادری سےدفاع کرتے ہوئے شھید ہوئے تھے۔۔میری والدہ ایک صابراور شکر گزار خاتون تھی ۔۔ شوہر کی شھادت کی خبر ملی تو سجدہ ریز ہو گئیں ۔ اتنے بڑے صدمے کو خاموشی سے سہ لیا اور ایک ہی حرف شکایت زبان پر نہ لائیں ۔۔دن رات سلائی کی حتیٰ کہ ان کی بینائی بھی بے حد۔ متاثر ہوئی، پروہ موٹے فریم کا چشمہ لگائےمیرے ناتواں وجود کو اپنےخون جگرسے سینچتی رہی ۔۔۔۔ وہ میری تعلیم و تربیت میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھنا چاہتی تھیں۔۔۔وہ میری صورت دیکھ دیکھ کرجیتی تھی۔ماں ہمیشہ رب کا شکر ادا کرتی رہتی اورکہتی"میرے بیٹے رب اپنے چنیدہ خاص بندوں پر ہی کڑی آزمائشیں ڈالتا ہے"
ماں نے آج بھی حسب معمول ڈھیروں وضائف پڑھ کردم کیا ،پانی پلا کرمجھےاسکول روانہ کیا تھا۔۔۔۔۔اس کی امیدوں کا چراغ میرے توانا ہوتے وجود کی لو سے روشن تھا ۔۔۔۔۔
تڑ ۔۔۔تڑ۔۔۔۔تڑ۔۔۔۔تڑ۔۔۔۔۔شارٹ گن کی گرج نے میرے خیالوں کی اڑتی پتنگ کو میرے وجود کی طرح چھلنی کر دیا ۔۔۔۔۔۔۔۔ مجھ سے چند فٹ کے فاصلے پر موٹے چمڑے کے خاکی بوٹ پہنےوہ درندہ پھنکار رہا تھا۔۔۔۔۔۔۔'"ان میں سے ایک بھی بچنے نہ پائے ۔۔۔۔ سب کو بھون ڈالو "۔۔۔تڑ ۔۔۔تڑ۔۔۔تڑ ۔۔۔تڑ۔۔۔گولیوں کے لمبے راؤنڈ گرجدار گونج نے میرا دل دہلا دیا۔۔۔۔۔"یا اللۀ ہماری مدد فرما ۔۔۔۔ہم بچوں نے ان بے رحم حیوانوں کا کیا بگاڑا ہے۔۔۔۔ہمارے پاس تو ہتھیار بھی نہیں ۔۔۔۔۔ بے حس و حرکت ٹھنڈے پڑتے میرے جسم میں زندگی کی ننھی سی رمق باقی تھی ۔۔۔۔ ماں کی بے مثال تربیت کی وجہ سے دل نے امید کا دامن اب بھی ہاتھوں سے چھوٹنےنہ دیا تھا ۔۔۔۔۔۔۔بس ماں کے مجھ سے وابستہ امیدوں کے چراغ بجھ جانے کا خوف تھا ۔۔۔۔۔ماں کی محرومیاں اور راتوں کو میری کامیابیوں کے لیےطویل سجدے سب کچھ نظروں میں گھوم رہا تھا ۔۔۔۔۔"اے میرے رب میری ماں کا خیال رکھنا "یہ آخری دعا میرے لب سے نکلی اور پھر میری نگاہوں کے سامنے اندھیرا چھا گیا ۔آنکھ کھلی تو پتہ چلا کہ ماں کی دعاؤں کی بدولت اللہ پاک نے مجھے نئی زندگی بخش دی تھی ۔۔۔۔۔۔۔۔ میرے بے ہوش ہونے کے بعد پاک فوج کے جوان اسکول میں داخل ہو ۓ اور انہوں نے کامیاب آپریشن کے ذریعے ان بدبخت دہشت گردوں کا خاتمہ کیا ۔۔۔۔۔ سیکڑوں بچے شہید اور زخمی ہوئے ۔۔۔۔۔۔۔ہزاروں کو با حفاظت بچالیا گیا ۔۔۔فائق اوراس جیسے کئ مسکراتے چہرے منوں مٹی تلے سو چکے ہیں۔۔۔۔
میرا بایاں بازو ہمیشہ کے لیۓ ناکارہ ہو چکا طویل آپریشنز کے ذریعے میرے جسم میں پیوست آٹھ گولیوں کونکال لیا گیا ۔ پربازو کےجوائنٹس گولیوں کی وجہ سے بری طرح چکنا چور ہو گئے تھے،جنہیں کئی آپریشنز کے ذریعے نکالا گیا ۔۔۔۔۔کئی ماہ کی فزیو تھراپی اور علاج کے بعد بازو میں ہلکی سی جنبش شروع ہوئی ۔۔۔۔۔میری عظیم ماں نے اس صبرآزما علاج میں میری ہمت بندھائے رکھی۔۔علاج کے دوران ان کی حوصلہ افزائی اورمدد سے پڑھائی بھی جاری رکھی آج جبکہ اس سانحے کو گزرے آٹھ برس بیت چکے ہیں ایک سوال کا جواپ ڈھونڈنے سے اب بھی قاصر ہوں کہ " آخر ہمارا کیا قصور تھا ' ؟؟؟ '
میں پشاوریونیورسٹی سے سول انجئیرنگ کی ڈگری حاصل کر کے ایک باعزت نوکری کررہا ہوں اور کافی حد تک خود کو سنبھال چکا ہوں لیکن برسوں بیت جانے کے باوجود میرےساتھیوں کی جدائی کا زخم اب بھی ہرا ہے ۔



































