
زرینہ انصاری
ارے فریال یہ کیا کر رہی ہو؟ ہاں سائرہ یہ رمضان المبارک کی تیاری ہو رہی ہے ارے رمضا ن کی تیاری ابھی سے، ہاں بھئی میں تو آنے والے رمضان
کی تیاری پچھلے رمضان ہی سے شروع کر دیتی ہو ں اچھا ماشاء اللہ یہ تو بہت اچھی بات ہے ۔ تو یہ روٹیاں رمضان کے لیئے بنا رہی ہو ؟ جی ! یہ میں کچی پکی روٹیاں بنا کر فریز کردیتی ہوں سحری میں پراٹھا بنانا آسان ہو جاتا ہے ، اچھا تو تم میاں بیوی سحری میں پراٹھا کھاتے ہو ؟ میں نے استفسار کیا ارے نہیں سائرہ میں تو دودھ ڈبل روٹی کھالیتی ہوں بس پراٹھا تو ایک بنتا ہے میرے میاں کے لیئے، تو ایک پراٹھا تو اسی وقت بن جاتا ہے وقت ہی کتنا لگتا ہے ،میں نے کہا، ہاں تم بلکل ٹھیک کہہ رہی ہو مگر میں چاہتی ہوں کہ یہ وقت میں بچا لوں اور تہجد میں اپنے رب کے حضور زیادہ وقت لگا دوں، ماشاء اللہ ا فریال آپ نے بہت اچھی بات کہی یقینا رمضان المبارک میں ہمیں ذیادہ سے ذیادہ وقت عبادت میں گزارنا چاہیے۔ فریال ابھی چند ماہ پہلے ہی میرے پڑوس میں اسلام آباد سے شفٹ ہو کر آئی تھی دو میاں بیوی اور ان کے دو بچے ، فریال بہت ہی نیک سیرت اور سگھڑ تھی آتے کے ساتھ ہی اس نے مجھ سے دوستی کر لی کبھی میرے یہا ںمہمان آتے تو وہ کھانا بنانے میں میری مدد کرتی اور کبھی اسے کہیں جانا ہوتا تو میں اس کے بچوں کو دیکھ لیتی۔
اچھا تو تم کیسے یاری کرتی ہو رمضان المبارک کی ؟ میں نے پھربات کا سلسلہ شروع کیا ، پچھلے رمضا ن کے فورا بعد میں نے بی سی ڈال دی تاکہ اگلے رمضان سے ایک ماہ پہلےہی گھر کی ضرورت کی اشیاء ، سودا اور عید کے کپڑے بنوا لئے جائیں اس طرح رمضان کے قریب ہونے والی مہنگائی سے بھی بچ جائیں گے اور بازاروں کے رش اور تھکاوٹ سے بھی نجات مل جائے گی فریال نے مزید اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ رمضان کا مہینہ بڑا برکتوں والا ہوتا ہے اس کی ایک ایک گھڑی سے ہمیں فائدہ اٹھانا چاہئے اس کی تمام رحمتوں کو سمیٹ لینا چاہئے جب ہمارے بچوں کے سالانہ امتحان ہو تے ہیں تو ہم اپنا پورا وقت اپنی صلاحتیں سب اس پر لگا دیتے ہیں کہ میرا بچہ اچھے گریڈ لائے صرف یہی نہیں بلکہ سارا سال بچوں کے ساتھ ساتھ ہم بھی محنت کررہے ہوتے ہیں اور اس محنت کا پھل ہمیں بہترین رزلٹ کی صورت میں ملتا ہے اور پھر ہم پھولے نہیں سماتےاور خوش ہو کر ہر کسی کو بتاتے ہیں کہ میرے بچے نے اے ون گریڈ لیا یہ تو دینا کی کامیابی ہے جبکہ ہماری آخرت کی کامیابی کے لئے ہم رمضان ہی سے مدد لے سکتے ہیں ہم ابھی ہی سے نیت کر لیں کہ اس ماہ مبارک میں ہم ایسے داخل ہونگے جیسے داخل ہونے کا حق ہے اس نیت اور عزم کو ہم اپنی روح میں اتار لیں پورے رمضان کا ایک ٹائم ٹیبل بنا لیں کھانے پینے کے اوقات تو اللہ تعالٰی مقرر کر دیتے ہیں سونے جاگنے کے اوقات مطالعہ قرآن کے اوقات طے کر لیں گھر والوں کے ساتھ خاص طور پر بچوں ساتھ بیٹھ کر بات کرنے کا بہترین وقت افطار سے کچھ دیر پہلے کا ہوتا ہے کیونکہ جو بچے روزہ دار ہوتے ہیں وہ اس وقت تک تھک چکے ہوتے ہیں اور بس مغرب کی اذان کا انتظار کر رہے ہوتے ہیں اگر ہم افطار کی تیاری تھوڑا پہلے کرلیں تو اسی وقت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ا ن کو لیکر بیٹھ جائیں اور قرآنی قصے دلچسپ انداز میں سنائیں رمضان کی فضیلت روزے کے فوائد اور اس کےذریعے جنت کا حصول کیسے ممکن ہےآپ کو معلوم ہے نہ کہ بچے کہانیاں بڑے شوق سے سنتے ہیں اور پھر گھر کے دیگر افراد بھی آپ کے ساتھ آکر بیٹھ جائیں گے اور قرآن اور حدیث کے متعلق گفتگو سے گھر پر نور ہو جائے گا۔ الحمد للہ مجھے آخری پارہ تو حفظ ہے ا ب میں کوشش کررہی ہو ں کہ قرآن کی مزید چھوٹی سورتیں اور بڑی سورہ کی آیات حفظ کر لوں تاکہ نماز میں اس کی تلاوت کروں جیسے ہم ہر روز ایک ہی کھانے پر صبر نہیں کرتے بلکل اسی طرح نماز میں بھی ہمیں صرف قل پر صبر نہیں کرنا چاہئے جتنا قرآن ہم نماز میں پڑھیں گے اس کے ذریعے رب سے تعلق بھی گہرا ہوگا جس نے قرآن نازل فرمایا ہے۔ ماشاء اللہ ! فریال واقعی تم نے تو ماہ مبارک کی مکمل تیاری کر لی ہے اللہ تعالٰی تمام امت مسلمہ کو ایمان کی سلامتی کے ساتھ اس ماہ مبارک میں داخل ہونا نصیب کرے آمین۔ اچھا اب میں بھی چلتی ہوں رات کے کھانے کا انتظام بھی کرنا ہے ۔ فریال کے گھر سے واپس آنے کے بعد مجھے ایک انجانی سی خوشی محسوس ہو رہی تھی مجھے بھی کچھ رہنما اصول مل گئے اور میرا یہ رمضان المبارک پچھلے رمضان کے مقابلے میں مختلف ہوگا۔



































