
نبیلہ شہزاد
اہل دل ذرا اپنے اپنےدلوں پر ہاتھ رکھ کرصرف چند لمحوں کے لیے تصور کریں۔ آپ کی ایک قابل رشک، سمجھدار،بےگناہ، جوان بہن بیس سال
سے کفارکی قید میں ہے۔اس دوران اس پر ہرقسم کا ظلم و ستم برپا کیا گیا ہو۔ کسی کواس کی کوئی خبر نہ ہو۔ اس کی شکل تک نہ دیکھنے دی گئی ہو۔ اس کے معصوم بچے تمہارے سامنے ماں کی جدائی میں روتے بلکتے ہوں، آپ سے سوال کرتے ہوں کہ ہماری ماں کب ہم سے ملے گی اور آپ کے پاس اس سوال کا کوئی جواب نہ ہو، اس کی ماں کی آنکھیں اس کے آنےکے انتظار میں جدائی کی کیفیت میں ہی اگلا جہان سدھار گئی ہوں ۔
تمہارے کثرت سےترلے، منتوں، رونے کرلانے،اصرار، جدوجہد کے باوجود اس کی رہائی کے لئے یا اس سےملاقات کے لیے حکومت وقت چپ سادھ لے، اس کو سانپ سونگھ جائے اور وہ ٹس سے مس نہ ہو پھر کسی اللہ والے کی ذاتی کوششوں سے یہ بیس سال کی جدائی ملاقات میں تبدیل ہو ۔ جب اس مظلوم، کفار کے ظلم و ستم کا شکار بہن کا نقاہت زدہ وجود آنکھوں کےسامنے آجائےتو اس وقت ایک بڑی بہن کا اپنی چھوٹی بہن کے لیے کیا دل چاہے گا۔
یہی کہ دوڑکراسے اپنے گلے سےلگالے،بیس سال کی جدائی کوایک پل میں مٹالے۔ارے بہنوں بہنوں کے تو دکھ سکھ ہی ختم نہیں ہوتے، ان کا تو ایک دن بھی بات کئے بغیر گزارا نہیں ہوتا لیکن یہاں تو شکل ہی بیس سال بعد دیکھ رہی تھیں۔ دونوں ایک دوسرے کی طرف بڑھیں، بے شک گزرتے شب و روزاور غموں کے پہاڑ نےدونوں کو جوانی کی بہار سےادھیڑ عمری کےموسم میں لا کھڑا کیا تھا لیکن ایک ہی والدین کے خون نے ایک دوسرے کوپہچاننے میں لمحہ بھی نہ لگایا ہو گا۔ وہ دونوں بہنیں بے خود ہوکر ایک دوسرے سے گلے ملنے کے لئے ایک دوسری کی طرف بڑھیں ہوں گی لیکن یہ کیا درمیان میں موٹے شیشے کی دیوار حائل ہو گئی۔
ظالم کی اس دیوار نے 20 سال بعد بھی بہن کو بہن کا لمس محسوس نہ ہونے دیا۔ وہ دونوں تڑپ کر رہ گئیں ہوں گی۔ یہ ملاقات تھی ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی اپنی بہن ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے امریکہ کی ایک جیل میں جسے امریکی حکومت نے کسی نہ کردہ جرم اور محض شک کی بنا پر پرویز مشرف کے دور میں پاکستان سے اغوا کر کے پہلے بد نام ترین جیل گوانتا موبے میں رکھا۔ بعد ازاں مقدمے کا فیصلہ بھی امریکی عدالت میں رکھا گیا جہاں پر قانون بھی امریکی جج بھی امریکی جنہوں نے اپنی مرضی کا فیصلہ دے کر عافیہ کو امریکی جیل میں 86 سال کے لئے قید کر دیا اور اب عافیہ صدیقی امریکہ کے شہر فورٹ ورتھ کی جیل ایس ایم سی کارسویل میں قید ہے۔
سفید سکارف اور خاکی جیل ڈریس میں ملبوس عافیہ صدیقی نےاپنی بہن سےاڑھائی گھنٹے ملاقات کی مگرشیشے کے پار رہ کر۔ اس نے جیل میں روز اپنے اوپر ہونے والی اذیت کی تفصیل سنائی۔ اس کے سامنے والے دانت جیل میں حملے سے ضائع ہو چکے ہیں۔ سر پر چوٹ لگنے کی وجہ سے ان کی قوت سماعت بھی متاثر ہو چکی ہے اس لیے سننےمیں بھی مشکل پیش آرہی تھی۔ ڈاکٹر عافیہ نے بتایا کہ "مجھے امی اوربچے ہروقت یاد آتے ہیں" وہ اپنی ماں کی وفات سے لاعلم ہے۔ہائےاللہ!۔۔۔۔ کتنی کربناک صورتحال ہےیہ۔ مغرب،خاص کر امریکہ جوہمارے گھر میں گھس کرانصاف کاعلمبردار بننے کی کوشش کرتا ہے۔ کیا دنیا کو اس کا یہ گھناؤنا چہرہ نظر نہیں آتا؟ یہاں ڈاکٹر عافیہ کو ان کے بچوں کی تصاویردکھانے سےمنع کردیا۔دل چیخ اٹھتا ہے۔ اس تصور سے ہی کیا ایک ماں کا دل نہ چاہا ہو گا؟ کہ وہ دیکھے تو سہی اس کے بچے کتنے بڑے ہوگئے ہیں۔اب وہ کیسےلگتے ہوں گے۔اس کی آنکھوں میں تو وہ ننھےمنے بچوں کا ہی تصور ہوگا۔ماں تو ایسی ہستی ہوتی ہےجس کےلئےبچوں کواپنےسےایک دن بھی دور کرنا مشکل ہوتا ہے۔وہ تھوڑی دیر بھی بچوں سے دورہوتی ہےتوجس کے حوالے بچے کرتی ہے اسے فکر مندی سے بیسوں ہدایات بھی دیتی ہے۔ اللہ!۔۔۔۔ ایک ماں کی ممتا سے اس سے بڑھ کر اور کیا ستم برپا ہوگا۔
انصاف کےنام نہاد جھوٹےعلمبردارامریکہ کے بارے میں یہ باتیں بھی آپ لوگوں کویاد ہوں گی جب پاکستان میں مختاراں مائی کا واقعہ ہوا۔ پتہ نہیں اس عورت کے ساتھ ریپ ہوایا نہیں کیونکہ بعد میں اس کیس کا جھوٹا ہونے کی باتیں بھی سنیں تھیں لیکن یہ مکار امریکہ اس عورت کا اتنا ہمدردبناحتیٰ کہ اس عورت کے باپ سے بھی زیادہ۔ اپنے خرچےپراپنے ملک میں بلوایا،انعام و اکرام سے نوازا اوراس عورت کے ذریعے دنیا میں پاکستان کو ریپیسٹ ملک ثابت کرنے کی کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ ملالہ یوسف زئی اور آسیہ مسیح کے ساتھ کی گئی ہمدردی بھی سب کے سامنے ہے۔ امریکہ بہادر پاکستانی عورتوں کا اتنا ہمدرد ہے کہ شرمین عبید چنائے کو نوبل انعام سے نوازدیا ۔ اس کا کارنامہ یہ تھا کہ اس نے ایک ڈاکومنٹری فلم بنا کر دنیا کو دکھایا تھا کہ پاکستانی مرد اپنی عورتوں کے چہروں پر تیزاب پھینک دیتےہیں اور وہاں عورتیں ان کے ظلم و ستم کا شکار ہوکر سسک سسک کر مر جاتیں ہیں۔
پاکستانیو! ڈاکٹرعافیہ صدیقی مظلوم ہے،بےگناہ قیدی ہے۔وہ پاکستان کا سرمایہ ہے،وہ پاکستان کی ایک قابل ترین ڈاکٹرہے۔ اس کےساتھ ہونے والے ظلم اور اس کے گھرانے پر ٹوٹنے والے غم کے تصور سے ہی کلیجہ پھٹتا ہے۔ان کےلیے آوازاٹھانے اور ان کی رہائی کے لیے جدوجہد کی ذمہ داری صرف ڈاکٹر مشتاق کی نہیں بلکہ ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
قیامت کے روز ہم سب سےاس کی پوچھ ہو گی۔ امام ابن تیمیہ نے فرمایا تھاکہ "امت مسلمہ کی ایک بیٹی بھی کفار کی قید میں چلی جائے توپوری امت مسلمہ پرجہاد فرض ہو جاتا ہے"۔اس صورت حال میں کیا ہم پر یہ جہاد فرض نہیں یاپھر ہم امت مسلمہ ہی نہیں رہے؟۔ قلم کاراپنے قلم کا استعمال کریں۔ مبلغ اپنی زبان کا، سوشل میڈیا سب کے ہاتھ میں ہے،اس بار سب اپنی بھر پور کوشش کریں اورحکمرانوں کو مجبورکر دیں کہ وہ حکومتی سطح پر ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی فوری رہائی کاانتظام کریں ۔



































