
عالیہ عثمان /حریم ادب
ارکان اسلام میں سے آخری اور اہم رکن حج ہے۔ حج کےلغوی معنی زیارت کا ارادہ کرنے کےہیں۔ شریعت میں حج اس لیے کہا
جاتا ہے کہ اس میں حاجی معین دنوں میں بیت اللہ کی زیارت کے خاص احکام بجا لاتا ہے۔
حج کی عبادت ہراس بالغ مسلمان مرد و عورت پرعمر میں ایک مرتبہ فرض ہے جومکہ معظمہ تک آنے جانے کی قدرت رکھتا ہو۔اگر کوئی شخص استطاعت کے باوجود حج نہیں کرتا تو وہ گویا اپنے مسلمان ہونے کی نفی کرتا ہے۔حج کی فرضیت سورہ آل عمران کی آیت 97 سے ثابت ہوتی ہے۔
"لوگوں پر اللہ کا یہ حق ہے کہ جو اس کے گھر تک پہنچنےکی استطاعت رکھتا ہووہ اس کا حج کرےاور جو اس سےانکار کرے تو اسے معلوم ہونا چاہئے کہ اللہ تمام جہاں والوں سے بے نیاز ہے"۔
حضرت عبداللہ بن عمرسے روایت ہےکہ ایک شخص نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آیا اور عرض کیا" اے اللہ کے رسول کیا چیز حج کو واجب کرتی ہے"۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا۔آپ نے فرمایا "زاد راہ اور سواری۔"
بیت اللہ کی تعمیر آج سے پانچ ہزار سال پہلے حضرت ابراہیم اورحضرت اسماعیل علیہ اسلام کے ہاتھوں ہوئی تھی۔
پہلا گھر جو لوگوں کے لئے مرکز عبادت کی حیثیت سےبنایا گیا تھا، جومکے میں واقع ہے اور یہ برکتوں والا اور سارے جہاں کے لیے ہدایت کا سرچشمہ ہے۔
مناسک حج کی ادائیگی کے دوران ہر طرف تمام حجاج کرام کی پکار صرف لبیک اللھم لبیک۔۔۔۔ ہوتی ہے۔جو نہی حاجی کی نظر بیت اللہ پر پڑتی ہے آنکھوں میں وہ منظر گھوم جاتا ہے جو اس کی تعمیر سے وابستہ ہے اسے یادآجاتا ہے کہ میں اسی امت کا ایک فرد ہوں جس کے ظہور کے لیےحضرت ابراہیم علیہ السلام نے اللہ تعالی سےدعا مانگی تھی اور اس کا نام امت مسلمہ تجویز کیا تھا اور جو اللہ تعالی کی فرمانبرداراور دین کی علمبردارہوگی_
دنیا بھر سے آئے ہوئے اہل ایمان کا ایک مرکز پر جمع ہونا اور اس کے گرد طواف کرنا اس بات کی علامت ہے کہ دین پر ایمان رکھنے والے لوگ بے شمار اختلافات رکھتے ہوئے بھی اصل میں ایک ہیں۔ فرماں برداری اور جانثاری کے جذبات ایک ہی ذات حق کے لیے وقف ہیں۔
حج سمیت اسلام کے تمام ارکان محض چند اعمال اور عبادتیں ہی نہیں ہیں بلکہ یہ سب انسان کےاندر بندگی کی تکمیل کے ذرائع بھی ہیں۔
ان کی ادائیگی سے مومن کے قلب و ذہن میں اللہ تعالی کی محبت اور اطاعت کےجذبات پیدا ہوتے ہیں اور عملی طور پر وہ اللہ تعالی کی اطاعت و فرمانبرداری کے لئے مستعد ہو جاتا ہے۔
اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ ہمیں اپنی عبادت پورے حق کے ساتھ ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے_ آمین۔



































