
عالیہ عثمان
بانی پاکستان قائداعظم محمدعلی جناح نے فرمایا تھاپاکستان اسی روزکا قائم ہو گیا تھا جس روز برصغیرکا پہلا شخص مسلمان ہوا تھا۔
قائداعظم کےاس بیان سےیہ اندازہ ہو جاتا ہے کہ ان کے نزدیک پاکستان کی بنیاداسلام پر ہے اور قیام پاکستان کے قیام کا سبب دو قومی نظریہ ہےاسی دو قومی نظریے کی بنیاد پر علامہ اقبال نے برصغیر کے مسلمانوں میں آزادی کی تڑپ پیدا کی اور ان کے ولولے تروتازہ کر دیے.پاکستان میں مدینہ منورہ کے بعد کرہ ارض پر اسلام کے نام پر وجود میں آنے والی پہلی مملکت خداداد ہے۔ پاکستان کا قیام بلاشبہ بیسویں صدی کا عظیم معجزہ ہے ۔ اس عطیہ خداوندی کا جتنا بھی شکرادا کیا جائے کم ہے قومیں اپنے نظریات کی بنیاد پرزندہ رہتی ہیں۔
اپنے اخلاق کے تحت نشان منزل کو گم کر دینے والی اور اپنے نظریات کو فراموش کربیٹھنےوالوں کا وجود، کائنات زیادہ دیر تک برداشت نہیں کرتی اور وہ حرف غلط کی طرح مٹا دیئے جاتے ہیں ۔
پاکستان اپنے نظریے کے بغیرایسے ہی ہےجیسے روح کےبغیر جسم ۔ آئندہ نسلوں کو پیام پاکستان کے اعلی مقاصد عام فہم کرنے اور مملکت خداداد کو ایک اسلامی اور فلاحی ریاست بنانے کے خواب کو شرمندہ تعبیرکرنے کے لیے پاکستان کے حصول کے لیے کی گئی بے مثال قربانیوں کی یاد کو زندہ جاوید رکھنا کتنا ضروری ہے۔
حکیم الامت علامہ اقبال نے جس پاکستان کا خواب دیکھا قائداعظم نےجس پاک سرزمیں کی تعبیرحاصل کرنے کے لیے دن رات ایک کیا اور پھربرصغیر کے لاکھوں مسلمانوں نے اپنا خون پیش کرکے جوزمین کا ٹکڑا حاصل کیا یہ وہی پاکستان ہے یہ وہی پاک سرزمین ہے،جس کی سرحد پرپہنچتے ہی لٹے پٹے اور زخموں سے چور مہاجرین وطن کی محبت میں پاک سرزمین پرگرکر اسے چومتے اوراس کی مٹی کو مٹھیوں میں بھر بھرکر اپنی آنکھوں سے لگاتے تھے۔
آزادی کے متوالے اپنے معصوم بچوں کے نیزوں پر جھولتے لاشے، اپنی عزتوں کو بچانے کے لیےدریا اور کنوؤں میں چھلانگیں لگاتی بہنیں اور بیٹیاں اور اپنے نوجوان بیٹوں کی خون میں تڑپتی ہوئی لاشیں دیکھنے کے بعدجن میں زندہ رہنے کی امید دم توڑ چکی تھی ۔اب انہیں زندگی پیاری لگ رہی تھی اور وہ بے ساختہ کہہ اٹھے کہ ہم نے بہت کچھ کھو کر بھی سب کچھ پا لیا ہے پاکستان مل گیا ہے تو ہمیں اپنے پیاروں کے بچھڑنے کا کوئی غم نہیں۔
واقعی پاکستان ہمارے پرکھوں کی امانت ہےجنہوں نےاتنی قربانیاں دے کر یہ وطن عزیز حاصل کیا اللہ پاکستان کا حامی و ناصر ہو آمین۔
جنون سے اور عشق سے ملتی ہے آزادی
قربانی کی بانہوں میں ملتی ہے آزادی



































