
لائبہ عامر
پاکستان میں تقریبا 80 فیصد نوجوان طبقہ پایا جاتا ہے۔کسی ملک کے لئے اس کے نوجوان بہت قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں۔ ملک کی
ترقی اور تنزلی نوجوان طبقے پر منحصر ہوتی ہے۔ نوجوانوں کے اندر ایسی صلاحیتیں پائی جاتی ہے کہ وہ کچھ بھی کرنے کو تیار ہوتا ہے اور جوش ولولہ اس کو مزید تسکین دیتا ہے ۔مشہور قول ہے کہ:"اگر کسی قوم کو تباہ کرنا ہو تو اس کے نوجوانوں میں فتنے عام کر دو"۔آج کی نوجوان نسل جب دہانے پر کھڑی ہے سوائے بربادی اور تباہی کے اس کے ہاتھ کچھ نہیں آتا۔ پوری سوچی سمجھی پلاننگ کے تحت اس نوجوان نسل کو بگاڑنے کا کام یہود و نصاریٰ نے اپنے ذمےلیا ہوا ہے اور بہت حد تک اس کام میں انہیں ترقی مل رہی ہے۔ ہر دوسرے روز ایک نیا فتنہ سر اٹھائے کھڑا ہوتا ہے اور جوان نسل بنا سوچے سمجھے اس کو اپنا لیتی ہے اور ان کی چالوں کا آسانی سے شکاربن جاتی ہے۔ باطل قوتیں اس فتنے کو اس انداز سے پیش کر رہے ہیں کہ اس میں سب جھوٹے بڑوں کے لیےدلکشی کا سامان ہوتا ہے۔ اس سے بچنا بہت ہمت اور حوصلے کا کام ہے۔
آج کے دور کا المیہ یہ ہے کہ نوجوان طبقہ بالا صحیح غلط کی تفریق کۓ فتنوں کے سمندر میں بہتا چلا جا رہا ہے۔ سب سے بڑا فتنہ اس وقت ہمارے ہاتھوں کی زینت بنا ہوا ہے۔ وہ اسمارٹ فون ہے، جس کی وجہ سے کوئی بدی انسان سے صرف ایک انگلی کی دوری پر ہمیشہ اس کے ساتھ ہے۔ اس لئے دنیا ایک گلوبل ولیج بن کر رہ گئی ہے۔ کوئی چیز اس کی پہنچ سے دور نہیں رہی۔ اگر اس میں آپ صرف کسی کام کے متعلق بھی سرچ کریں تو بھی آپ کا آنکھ کے فتنے سے بچنا ناممکن سی بات ہے۔فحاشی وعریانی کے بے تحاشا ایڈ ہماری اسکرین پرنظر آئیں گے،جس سے نگاہ کی حیا درجہ بدرجہ ختم ہوتی جارہی ہے۔ آپ قرآن کی تلاوت بھی سننا چاہیں توان ایڈ سے آپ کی جان نہیں چھوٹتی۔ ایک تو دس سے پندرہ منٹ کی ویڈیو تین سے چار بار فضول ایڈ کا آنا ایک تووقت کا ضیاع اوردوسرا اپنے ایمان کو گھاٹے میں ڈالنے کے مترادف ہے۔
ایک اورفتنہ جو موبائل کے اندر موجود ہے وہ ٹک ٹاک ویڈیوز ہیں،جس طرح ہمارا معاشرہ دن بدن تنزلی کا شکار ہو رہا ہے۔ جبکہ ٹک ٹاکرز کا ماننا ہے کہ وہ مشہور ہو رہے ہیں اور اس میں ایک دوسرے سے آگے بڑھنے کی ایک ہوس ہے جیسے پتا نہیں کوئی قیمتی خزانہ ہےجو ان کی جوانی میں چار چاند لگا رہی ہے۔
ایک اور نام جو آج کل سماعتوں سے ٹکرا رہا ہے وہ ہے بی ٹی ایس کا ہے یہ بھی کچھ نوجوانوں کا گروہ ہے جو گانا گاتے اور رقص کرتے ہیں۔
یہ نوجوان ہم جنس پرست ہیں جو کام اسلام نےحرام کیے ہیں۔ ہمارے معاشرے نے اسے "روح کی غذا" کہا ہے۔ گانے سننا اور گانا کوئی گناہ کا کام اب لگتا ہی نہیں ہےکیونکہ ہرچیز میں ہمیں میوزک سنا سنا کر اس کا عادی کر دیا ہے۔جب انسان برائی کا عادی ہو جاتا ہے تو اسے برائی برائی نہیں لگتی اور آج ہمارا یہی المیہ ہے۔ گانے سننے کے بارے میں سخت وعید آئی ہے کہ کانوں میں پگھلا ہوا سیسہ ڈالا جائے گا، لیکن ہم اس سے بے فکر ہیں اور اس کی روک تھام کے لئے کوئی کوشش نہیں کر رہے بلکہ اس کو دن بدن بڑھاوا ہی حاصل ہو رہا ہے۔
جب یہ تمام فتنہ ہمارے اندر گردش کر رہے ہیں تو ان کے اثرات بھی ہمارے اوپر نظر آئیں گے۔ کوئی ہلکا سا بھی میوزک بجتا ہے تو ہمارے بچے فوراً ہلنا شروع ہو جاتے ہیں کیونکہ وہ انہیں یہ مسحور کررہا ہے۔
پھر پتہ نہیں چلتا کہ ہم کیا کر رہے ہیں۔ ایک نشےکی سی کیفیت پیدا ہوجاتی ہے۔نوجوانوں کےبڑھتے ہوئے مسائل اسی کی وجہ سے پیدا ہو رہے ہیں۔ آئے دن کوئی نہ کوئی حادثہ پیش آ رہا ہے کوئی پوچھنے والا ہی نہیں ہے۔نوجوان طبقہ بہت مایوسی و لاچاری کا شکار بھی ہو رہا ہے نوجوانوں کے پاس اپنے آپ کو دینے کے لیے وقت نہیں ہے اپنے معاشرے کو کیسےتعمیر کریگا؟؟۔نوجوانوں میں پڑھنے لکھنے کا شوق بلکل ختم ہوتا جارہا ہے..... اس سے نوجوان طبقہ زنگ آلود ہو رہا ہے...... اس طبقہ کو تو ملک کا معمار کہا جاتا ہے۔اسی طبقہ سے قوموں کی پہچان ہوتی ہے۔لیکن افسوس آج یہ کس کھائی میں گرنے والے ہیں انہیں خبر ہی نہیں ہے۔نوجوانوں کے پاس وقت ہی ختم ہو گیا ہے۔ایک قیمتی سرمایہ جو بہت تیزی سے پگھل رہا ہے صرف موبائل کی نظر ہو رہا ہے۔ نوجوانوں میں کچھ کرنے کاجوش اور جذبہ بھی مدھم پڑ رہا ہے۔
ان میں صحیح اور غلط کی تمیزسرے سے ہی ناپید ہوگئی ہے۔ایک اور ٹرینڈ سننےمیں آیا ہے کہ کزن کی سحری ہے اس کے لیے مجھے باسکٹ تیار کرنی ہے،اس میں یہ یہ اور یہ ہوگا یعنی فضول خرچی انتہا کو پہنچ گئی ہے۔ روزے کا مقصد صرف دعوتیں کرنا رہ گیا ہے۔اصل مقصد کہیں کھو گیا ہے۔ صرف 80 فیصد میں سے میں اگر کہوں کے 10فیصد ان فتنوں سے بچے ہوئے ہیں تو غلط نہ ہوگا۔ان آٹے میں نمک کے برابر نوجوانوں کا ایمان اتنا مضبوط ہو گا کہ وہ ان فتنوں سے اپنے آپ کو محفوظ رکھنے کی کوشش کرتے ہیں اور اگر کبھی غلطی سے کوسی غلط کام میں قدم بھی رکھ دیتے ہیں تو پلٹ آتے ہیں اور اپنے رب سے رجوع کرتے ہیں نہ کہ اس پر ڈٹے رہتے ہیں۔ایسے ہی کچھ لوگوں کی وجہ سے ملک چل رہا ہے ورنہ تو ہمارے ملک میں ہر وہ برائی موجود ہے جو پچھلی تمام قوموں میں پائی جاتی تھی اور ان کی ہلاکتوں کا سبب بنی تھی۔ لیکن آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی دعا اور کچھ نیک لوگوں کی بدولت ہی یہ ملک بچا ہوا ہے ورنہ اس کا اللہ کے عذاب سے بچنا مشکل ترین بات ہے۔
محمد بن قاسم بھی ایک نوجوان تھے۔ انہوں نے اس چھوٹی سی عمر میں سندھ فتح کر لیا تھا۔ ایسے ہی بہت سے نوجوانوں کے بارے میں ہم پڑھتے اور سنتے ہیں لیکن ان جیسا بننے کی کوشش نہیں کرتے اور ایکٹرز اور ٹک ٹاکرس کو فالو کرتے ہوۓ ہمیں مشکل نہیں ہوتی۔
یہود و نصاریٰ کے معاشرے کا ہی ہم جائزہ لیں تو وہ اپنے بچوں کو بچپن ہی سے ایسی تربیت دیتے ہیں کہ وہ بڑے ہو کر بھی ان فتنوں(اسمارٹ فون کی دنیا سے)بے بہرہ ہوتے ہیں۔ جب کہ ہمارے معاشرے کی کم عقلی یہ ہے کہ ہر چھوٹے سے چھوٹے بچے کے ہاتھ میں اسمارٹ فون ہے۔اب چاہے اسے کتنی ہی دیر دکھاوا لو وہ بور نہیں ہوگا اور جیسے ہی اس سے فون لے لیا جائے گا وہ فوراً رونا دھونا مچا کر آسمان سر پر اٹھا لے گا۔مائیں اس چکر میں بچوں کو موبائل دے دیتی ہیں کہ بچے چپ رہیں گے اور ہم اپنے کام آسانی سے نمٹا لیں گے۔
اگر تنہائی میں اس قوم کا جائزہ لیا جائے تو شرمساری اور آنکھیں نم ہونے کے سوا کچھ نظر نہ آئے گا ۔ اللہ سے دعا ہے کہ ہماری نسلوں اور قوموں کی حفاظت فرمائے اور ہمیں حق و باطل کو سمجھنے والا بنائے (آمین)۔



































