
لائبہ عامر
سال کےگیارہ مہینے روزمرہ کی زندگی میں کوئی آدھی رات کواٹھ کر کھانا پینا شروع کر دے تو ایک ،دو دن تو گھر والے اسے دیکھیں گے اور
تیسرے دن اس کی دماغی حالت پر شک کرنے لگے گے کہ یہ روز اس وقت اٹھتا ہے اورکچھ کھا پی کرباقی دن بھوکا پیاسا رہتا ہے۔۔۔ لیکن رمضان وہ مہینہ ہے جس میں ہر کوئی یہ کام روزانہ کی بنیاد پر تیس دن تک کرتا ہےاور کوئی نہ کرے تو لوگ اسے براسمجھتے ہیں کہ کیسا مسلمان ہے۔ روزہ بھی نہیں رکھتا۔ سال میں ایک دفعہ تو یہ مہمان آتا ہے اور اس کی کیا بدنصیبی ہے کہ اسے بھی یوں ہی رخصت کردیتا ہے اوراس سے فیضیاب نہیں ہوتا ۔
رمضان کا چاند نظر آتےہی فضا میں ایک تبدیلی محسوس ہوتی ہے۔ ابھی روزہ رکھا نہیں ہوتاکہ ایک الگ سا احساس انسان میں رونما ہوتا ہے۔اس کا دل اللہ کی طرف خود بہ خود راغب ہوجاتا ہے۔ایک رحمت کی چھاؤں کے اندر انسان اپنے آپ کو محسوس کرتا ہےجبکہ باقی مہینوں کے چاند نظر آنے پر ایسی کوئی کیفیت نہیں ہوتی۔دراصل یہ وہ مقام ہے سوچنے کا۔۔۔۔ کہ پورا سال رمضان جیسا کیوں نہیں ہوتا؟؟؟
اس کا جواب ہم خود جانتے ہیں۔۔۔۔۔ کہ کیا میں پورے سال رمضان المبارک جیسی ہوتی ہوں کہ میرا دل نیکی میں زیادہ لگنےلگتا ہے۔ برائی کا شائبہ تک نہیں ہوتا۔ میں زیادہ قرآن مجید بھی پڑھتی ہوں ،انفاق میں بھی آگے ہوتی ہوں۔ نمازوں کو بھی خشوع و خضوع سے پڑھنے کی کوشش ہوتی ہے۔۔۔۔
میں ہی بدل گئی سال کے گیارہ مہینے تو وہ برکات اوررحمتیں کیوں کرہوں گی۔۔میں نےہی اپنی چھولی سمیٹ لی تو زیادہ ثمر کہاں سے پا سکوں گی۔۔مجھے باقی کے گیارہ مہینے دنیا اپنے اندر لگا کررکھتی ہے۔میں نماز بھی جلدی میں پڑھ لیتی ہوں،قرآن بھی کبھی کبھی پڑھ لیتی ہوں کسی بیماری یا تنگدستی کے وقت۔
میرے ملک میں وہ نظام ہی نہیں ہے جو ایک اسلامی ملک کا ہوناچاہیے ۔۔۔۔تو میں کیسے یہ توقع کر سکتی ہوں کہ جہاں برائی اتنی عام ہو کہ اس سے کوئی محفوظ نہیں رہ سکتا، جہاں وہ سزائیں نافذ نہ ہوں جو قرآن میں بتائیں گئیں ہیں تو میں وہ رحمتیں اور برکتیں نہیں سمیٹ پاتی جو اللہ تعالیٰ اس قرآن کیوجہ سے رمضان المبارک میں نازل فرماتے ہیں۔۔۔۔قرآن میں ہے کہ
"لوگوں تمہارے پاس رب کی طرف سے نصیحت آگئی ہے ،یہ وہ چیز ہے جو دلوں کے امراض کی شفاء ہے اور جو اسے قبول کر لیں ان کے لیے رہنمائی اور رحمت ہے۔اے نبی صلی اللہ علیہ وسلم یہ اللہ کا فضل ہے اور اس کی مہربانی ہے کہ یہ چیز اس نے بھیجی ۔اس پر تو لوگوں کو خوشیاں منانا چاہیے ۔یہ ان سب چیزوں سے بہتر ہے جو لوگ سمیٹ رہے ہیں ۔ (سورہ یونس10:58)
قرآن سے میرا تعلق کیسا ہے اس کو اس رمضان میں ایسا کریں کہ باقی کے گیارہ ماہ بھی میرا اور قرآن کا وہی تعلق ہو تاکہ میں باقی دنوں میں اللہ تعالیٰ کی رحمتیں سمیٹ سکوں ۔اللہ تعالیٰ ہمیں اس رمضان المبارک کا حق ادا کرنے والا بنائے اور ہمارے ملک کی حفاظت فرمائے ۔۔۔



































