
لطیف النساء
عورت واقعی احساسِ ذمہ داری کی امین ہے۔ خاص کرماں وہ ہستی ہے جس کیلئے کچھ کہنےسننے کی ضرورت نہیں،اکثر مائیں ہی باکردارنئی نسل
میں تعلیم و تربیت کی ذمہ دارہوتی ہیں،ان ہی کے وجود سےبچوں بڑوں میں سکون وراحت میسر آتی ہے۔
اپنے بچوں کیلئے وہ ہمیشہ ایک روشن مستقبل کیلئے کوشاں رہتی ہیں۔ ہر عورت میں ایک ممتا چھپی ہوتی ہے، بس اللہ عورتوں کو اپنا یہ خوب صورت مقصد سمجھنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔ واقعی وہ بچوں بڑوں کیلئے صبر و برداشت، محنت اورمحبت کا ایسا نمونہ ہوتی ہےجس کے آنچل میں بچے پروان چڑھتے ہیں ، انہیں اپنی جائیداد سمجھتے ہیں۔
یوں دھیرے دھیرے ماں کی وجہ سے ہی ایک مضبوط اور مستحکم معاشرہ تشکیل پاتا رہتا ہے، گویا وہ ضامن ہے ایک مستحکم معاشرے کی۔ آج تومیرا دل خوش ہو گیا جب میں نے سنا کہ ڈاکٹررتھ گاٹسمین نامی ایک معلمہ جو نیو یارک میں البرٹ آئن انسٹائین کالج آف میڈیسن آف "ایشوا " یونیورسٹی نے انمول کام کیا۔
ڈاکٹررتھ گانٹسمین نے اپنے مرحوم شوہر سے موصول ہونے والی ایک ملین ڈالرز کی رقم جو اُس کے مرحوم شوہرنےیہ کہہ کرتحفے میں دی تھی کہ تم اسے اپنے بہترین مقصدکیلئےاستعمال کرنا تواس نےاسے کالج کے میڈ نکل کے اسٹوڈینٹس کیلئےسال بھرکی فیس کیلئےڈونیٹ کر دیا۔
یہ اتنا بڑا کام تھا کہ تمام طلباء طالبات انتہائی مسرت سےکھڑے ہو کر انہیں خراج تحسین پیش کرنے لگے۔ واقعی سبحان اللہ! کتنی اچھی بات کتنا اچھا کام ہزاروں میڈیکل کے طلباء وطالبات چارچھ گھنٹے جاب کر کے اور ان کے والدین بڑی محنت سے نوکریاں کرکے ان کی بمشکل فیسیں دیتے ہونگے؟ اب سال بھر کیلئے علم کے مستقبل کے یہ معمار ٹینشن فری ہو کر انتہائی محنت اور لگن سے کام کرینگے اور انسانیت کی خدمت کیلئے کئے جانے والے اس کام کو کبھی نہ بھو لیں گے بلکہ اپنی آنے والی زندگیوں میں اس کی مثال بنا کر عملی اقدامات کریں گے یوں دیے سے دیا جلے گا اور جہالت کا اندھیرا دورہوگا۔ کو۔ اتنا اچھا سبق عملی میدان میں وہ کبھی نہ بھو لیں گے۔
یہ ہے انسانیت کی خدمت جو مسلمانوں کا شیوہ تھا مگر اس کو اپنا رہےہیں انسانیت کا دردرکھنے والے۔شکر اللہ کا! بار بار اللہ ہمیں جگا رہا ہے ہماری اپنی آنکھیں اور ضمیر کھولنے کیلئے، اس سے بڑی مثال اور کیا ہوگی؟ خوش قسمت ہونگے وہ تمام لوگ جو انسانیت کے اس درس کو عملی زندگی میں جاری وساری رکھیں گے۔ ایمان میں اضافے اور اپنی زندگی کو مقصد ِحیات کو یاد رکھنے کیلئے پوری امت مسلمہ کو ایسے کام ہر سطح پر کرنے چاہئیں نا! ساتھیوں ہمیں اپنے رویئے بدلنے ہونگے، دنیا دنیا، پیسہ پیسہ زیادہ خوشی نہیں دے سکتا، نہ آخرت کی کا میابی! اصل کامیابی تو مہلت زندگی میں مخلوقِ خدا کا حق ادا کرنے کی ہے جو ہر لیول پر پوراکیا جانا چاہئے۔
دیکھئے وہ بھی تو ایک بڑے ادارے کی پروفیسر ہے اور اپنے اسٹوڈنٹس کیلئے کتنی مخلص، اتنا پیسہ کیسے کام پر لگایا؟ کیسے مستقبل کے معماروں کا مستقبل سنوار ا!!ایک ہم ہیں سب کچھ جانتے ہوئے ایک دوسرے کو عزت و توقیر تک دینے سے قاصر ہیں۔ جمعہ کو میں اپنے بھائی کے گھر جارہی تھی جگہ جگہ پانی تھا۔ راستے تنگ ٹریفک جام، لڑکے،بڑے، بوڑھے بائیک والوں سے لفٹ مانگ رہے تھے،وہ بھی یکا دو کا خالی موٹر سائیکلز والوں سے مگر کوئی مدد نہیں دے رہا تھا اور تو اور مجبوری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے نو جوان رکشے والے منہ مانگاکرایہ چاہ رہے تھے۔
بڑی مشکل سے ایک رکشہ والے نے دو سو روپے زیادہ لئے، بتائیےکیسے برکت ہوگی؟ یہ زندگی بڑی مختصر ہے جس میں پل کا بھروسہ نہیں اس پل کو بھی امر بنا لیں نیک کام کر جائیں اللہ پاک ہمیں آسانیاں بانٹنے والا بنا دے تو ہماری ساری مشکلات اللہ خود دور فرمادے گا کیونکہ اس جیسا کوئی قدردان نہیں، نیت پر اجر دینے والا مہربان ہمیں عمل پر کیا نہ دیگا؟ ہمیں ہمارے حکمرانوں کو سوچناچاہئےہمارے لئے، ہمارے فلسطینی ساتھیوں کیلئے امت مسلمہ کو سوچنا چاہئے۔
قیامِ امن کیلئےفوری عمل کرنا اتنی تباہی تو ہم نے کبھی نہیں دیکھی!کیا ہمارے دل اتنے سخت ہوگئے ہیں؟ دلوں کی سختی تو ایمان کے مرنے کی علامت ہے۔ خدارا دعا کریں، توبہ استغفار کریں، خیر کے کام کریں،"کر بھلا ہو بھلا " والا سودا کریں تو ہی دین و دنیا کی کامیابی ہے۔ ڈاکٹر رتھ گاٹسمین کا سال بھر کیلئے میڈیکل اسٹوڈنٹس کو ڈونیشن کا اعلان خوشی کا اتنا بڑاانعام تھا ان طلباء و طالبات اور تمام متعلقہ والدین۔
لوگوں اور اسٹاف ممبر ز کیلئے کہ ان کی خوشی دیکھ کرمجھے پھر ایک اچھا جملہ یاد آگیا کہ" واقعی اُن کی صورت سے عالم میں بہاروں کو ثبات" اور واقعی ماؤں کیلئے یہ ایک عظیم تحفہ ہے جن کے بچے دنیا میں معالج بن کر دکھی انسانیت کی خدمت کرینگے۔ انشا اللہ! اللہ امت مسلمہ میں بھی ایسا شعور و آگاہی دے کہ ہم بھی امت کے انسانیت کے درد کو محسوس کریں کیونکہ سب کو معلوم کی ہے کہ اصل کامیابی آخرت کی کامیابی ہے۔ اس کیلئے ضمیر کازندہ رہنا اور احساس کاباقی رہنا بہت ضروری ہے۔ اللہ ہمیں عمل کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین





































