
لطیف النساء
کچھ دن پہلے آئی بی اے یونیورسٹی کاپروگرام جو 27 مارچ کو منعقد ہوا تھا دیکھ کرخوشی ہوئی اور دل سےالحمدللہ نکلا اور دل پکارا ٹھا کہ ہماری "یوتھ
زندہ باد" ظاہر ہے آئی بے اے کے اسٹوڈنٹ ایلیٹ کلاس کی یونیورسٹی سےتعلق رکھتے ہیں اور بہترین نوکریاں چاہتے ہیں۔ ایک بڑی کمپنی سے جو کو کا کولا سے تعلق رکھتی تھی آئی بی اے یونیورسٹی میں ایک پروگرام رکھا۔ اسٹو ڈینٹس متوقع تھے مگر جیسے ہی کوکا کولا کا ایک کارکن اسٹیج پر چڑھ کر بات کرنے لگا تو یو نیورسٹی کے تمام بچوں نے فلسطین کے جھنڈے اور پلے کارڈز اٹھائے اور انتہائی خاموشی سے ہال سے باہر چلے گئے گویا کو کا کولا کمپنی کے خلاف زبردست احتجاج کیا۔ اس طرح یونیورسٹی کی دنیا پرست ایڈمنسٹریشن کے منہ پرطمانچا مارا اور کوکا کولا کے منہ پر بھی۔ صاف ظاہر ہے ہماری یوتھ جاگ گئی۔ نوکریوں کے متلاشی ان نوجوانوں نے اصولوں کی خاطران مجرمانہ نوکریوں پر لات ماری۔
شکر اللہ کا یہ قوم جاگ گئی واقعی "ہماری یوتھ زندہ باد" یہ نوجوان جن کے آگے حسین کیرئیر تھا اور یہ لاکھوں روپے فیس ہر ماہ دیتے ہیں لیکن انہوں نے اپنے فلسطینی بھائیوں کے حق میں اپنے ایمان کا اس گھناؤنے کیرئیر کے ساتھ گھٹیا سوداہرگز نہ کیا۔ سبحان اللہ الحمد للہ! واقعی ٹھنڈپڑگئی دل میں اللہ پاک انہیں سدا سرخرو کرے آمین۔ واقعی نیکی اپنا انعام آپ ہے۔
خالص اللہ کی رضا کیلئے کیا جانے والا کام بہت اہمیت رکھتا ہے والدین اپنی اولاد کیلئےکتنے مخلص ہوتے ہیں؟ جبھی توبچپن کی بے فکری اور خوشیوں کے دن انسان کو بار بار یاد آتے ہیں اور نہال کیے دیتے ہیں اللہ نے ایسے ہی نہیں کہا کہ ان کے یعنی اپنے ماں باپ کے چہروں پر جب ہم محبت کی نظر بھی ڈالتے ہیں تو ہمیں برکتیں ملتی ہیں اُن سے گفتگو کر نا ہمارے لیے کتنی خوشی اور اعزاز کی بات ہوتی ہے۔ جب ہی تو بچے اپنی ہر خوشی سب سے پہلے اپنے والدین سے ہی شیئرکرتے ہیں لیکن دین سے دوری اور ایمان میں کمزوری سے یہ اخلاقیات بھی اب کم ہی نظرآنے لگی ہیں۔ نفسانفسی کے اس عالم میں بھی کھرے کھوٹے کی پہچان صرف پر خلوص ہونے اور نیک نیتی پر ہے۔ اللہ کی بنائی ہوئی کسوٹی سب سے اعلیٰ ہے۔
اچھی نیت اچھا انعام۔ دنیا بھر کے مسلمان سبحان اللہ آج بھی ایک اُمت ہیں۔ ان کا عقیدہ توحید اور فکر آخرت انہیں بھٹکنےاوربگڑنےسے روکےہوئے ہے،لیکن پھر ہم کیوں کمزور پڑرہے ہیں؟ ہمارے حوصلے جواں کیوں نہیں؟ ہمارے کردار اتنے مشکوک کیوں؟ کیوں ہمارے قدم ظالم کو روکنے کیلئے آگے نہیں بڑھ رہے؟ آج اس یونیورسٹی میں طلبہ کا یہ مثبت رویہ دیکھ کردل نہال ہوگیا اورعلامہ اقبالؒ کا وہ شعر یاد آ گیا کہ:
نہیں ہے نا امید اقبال اپنی کشت ویراں سے
ذرا نم ہو تو یہ مٹی بہت زرخیز ہے باقی
نا امید ہم نہیں ہیں مگر ہر دن نئی تباہی نئی اموات وہی بمباری! کیاہوگیا ہےانسانیت کا دم بھرنے والے سپر پاور سے لیکر عام فرد تک کو؟ کہ وہ اس ظلم کو روکنے میں کیوں ناکام ہیں؟ اتنی شیطانیت اتنی تباہی بربادی تو اس دنیا کے امن کو خطرے میں ڈالنے کی سازش ہی لگتی ہے۔ یہ منافقت بھی ہوسکتی ہے۔ نیتوں کو اللہ جانتا ہے ہم بحیثیت پاکستانی اپنی سی کوشش کررہے ہیں۔ آئے دن احتجاج، سربراہوں کو بلانے کیلئے ظلم رکوانے کیلئے، امدادی کام، پھر مزید تباہی امدادی ٹیموں کو بھی روکا جارہا ہے۔ بمباری کے ساتھ ساتھ زخمیوں بھوکوں پیاسوں کو مزید تکلیف دینا ذلالت نہیں تو اور کیا ہے؟ آج وہ کلپ دیکھ کر دل خون کے آنسو رو رہا ہے کہ چیتھڑے اُڑے انسانی اعضا اور لاشوں سے ایک کتا دو تین سالہ بچے کی لاش کو منہ میں دبوچےجارہا ہے؟ کیا اب بھی امن عامہ کی کمیٹیاں اور انسانی فلاح بہبود کے ادارے ہیومن رائیٹس کی تنظیمیں خاموش تماشائی بنی رہیں گی؟
بمباری تو ان پر ہونا چاہیے جو حق کاساتھ تک نہیں دے رہے، ہر لیول پر اسرائیلی مصنوعات کی بائیکاٹ تو محض ایک ہلکا سا بدلہ ہے غصے کا اظہار ہے کیا ہم وہ بھی نہیں کر سکتے؟میڈیا تک بے حس ہوا ہے تو ہم کسی اور کو کیا کہیں! مگر میرا رب بڑا مہربان ہے وہ ہر طرح کی قدرت رکھنے والا اس شرسے ضرور نکالے گا اور مٹھی بھر نہتے سہی سب کی نیتوں کے مطابق قدر دانی سےبدلہ دے گاجزادے گا میرا ایمان ہے، بس اپنی سی کوششیں ہر سطح پر کرتے جائیں دعائیں مانگتے جائیں۔
لیلتہ القدر کے یہ ایام اللہ پاک ہمارے تمام اعمال کو قبول فرمائےاورہمیں دنیا کی شیطانی چالوں سے بچائے،اپنی رضا کے کام لے لے، ہم خود قاصر ہیں ہمیں ہر ہر قدم پر اے رب کریم تیری راہنمائی اور ہدایت کی ضرورت ہے۔؎ ہم پاکستانیوں کو وہ قوت ایمانی دے کہ دنیا پر چھا جائیں تیرے نیک بندوں کیلئے تیرے حواری بن جائیں۔ آمین۔
اللہ پاک جنگ کے نام و نشان کو ختم کر دے فلسطینی بھائیوں کو معجزاتی طور پر صحت تندرستی قوت طاقت دے۔ ان کی کمیوں کو تا ہیوں کو اپنی جانب سے دور کر کے دنیا کو ششدر کردے۔ آمین۔اللہ ہم اپنی امت سے سعودی عرب سے 57 ممالک سے اچھی امیدیں رکھتے ہیں۔ انہیں گمراہی سے بچا اور اپنے مشن پر لگا، خرافات سے بچااور مقصد حیات یاد دلا۔ مالک ہمیں بھٹکنے،، بہکنے اور بگڑنے سے بچا۔ یہ ٹیکنا لوجی کو مثبت طور پر استعمال کریں اور دنیا میں امن قائم کریں۔ انسانیت جگائیں اورطاغوت کوشکست دیں۔ آمین۔ یا اللہ ہر گزرتا دن ہماری تکالیف بڑھا رہا ہے اور ہمیں بے چین کیے دے رہا ہے۔ اے اللہ!امن قائم کر دے اوردلوں کو سکون دے دے، تیرے سوا کوئی نہیں جو سکون عطافرمائے۔ آمین
رَبََّنَا تَقَبََّلْ مِنََّا إِنَّکَ أَنْتَ السََّمِیْعُ الْعَلِیْمُ۔





































