
لطیف النساء
مومن بننے کے لیے پہلے مسلم بننا ضروری ہے اور الحمدللہ ہم سب مسلم ہیں۔مسلمان مسلمان کا بھائی ہے ہر مسلمان کی عزت دوسرے مسلمان پر اس کی
جان مال اور عزت سے زیادہ ہونی چاہیے۔دوسرے کے درد کا مداوا کرنا اس کےغم میں مرتے دم تک شریک رہنا اوراس کی بھلائی کے لیے خیر خواہ ہو نا اس کا شیوہ ہونا چاہیے۔
جائزہ لیں کیا ہم ایسے ہیں؟ کیا ہمارے حکمران ایسے ہیں؟وقت کی پکار ہے اے امت مسلمہ تم کہاں ہو؟ خواہ ہلکے ہو یا بھاری بوجھل ہو جہاد کرو اپنی جانوں سے، یہ اللہ کا حکم ہے اور حکم کی خلاف ورزی کرنے والے کیا ہوتے ہیں۔اس کی دی گئی ڈھیل کو اپنی خوش بختی نہ سمجھیں۔کیا ہوا جو ہمارے پاس وسائل نہیں۔
فلسطین ہمارا اثاثہ ہے،ہمارے نبیوں کی ارضِ مقدس ہے اس سے دستبرداری کا ہم سوچ بھی نہیں سکتے!وہ دیکھیں!کیسے کچھ لوگ نہتے بھوکے پیاسے سال بھر سے جانوں کے نذرانے پیش کیے جا رہے ہیں. اسرائیلی خنجر کو نکالنے کے لیے،جو اسرائیلیوں نے امت مسلمہ کے دل میں گھونپا ہے۔ بچے،بوڑھے،جوان، نوجوان، نومولود، کمسن،کم عمر مائیں،بچیاں،بیٹیاں پورے کے پورے خاندان! اللہ اکبر! ظلم کے خلاف سر دھڑکی بازی لگائے جا رہے ہیں۔ ہمیں دیکھنا ہے اپنی نیتوں کو چڑیا کی چونچ جتنا پانی اور ابابیل کا چھوٹا سا کنکر کیسے کام کر گئے اپنی تسلی کر گئے وہ جذبہ گویا وہ حربہ دکھا گئے کہ اللہ تعالی آپ کے جذبہ ایمانی کو دیکھتا ہے! آپ کی حق کی خاطر دی گئی قربانی اور احساس کو دیکھتا ہے۔
ہمارا اصل پیمانہ تو یہی ہونا چاہیے, ہم حق کی خاطر جمع ہوتے ہیں کھڑے ہوتے ہیں یا صرف زبانی جمع خرچ!اللہ تو دلوں کے رازوں اور آنکھوں کے اشاروں کو تک جانتا ہے.اگر ہمارے دل و دماغ میں کھوٹ ہے اور ہم مدد کو نہیں جا رہے تو اللہ کا وعدہ ہے, وہ تم جیسے اور اٹھا کھڑا کرے گا یعنی تمہارے بدلے میں ایسے لوگ اٹھائے گا جو تم سے بہتر ہوں گے۔ اللہ کو کمی نہیں وہ تو قادر ہے لہٰذا مومن کے اس پیمانے کوسمجھو اور جو کرنا ہو کر گزرو کیونکہ وہ تو ٹیکنالوجیزکو انسانی بہبود کے بجائے انسانی فنا کے لیے بےدریغ استعمال کر رہے ہیں اور دنیا لاشیں گن رہی ہے! کیا چھوڑ دیں ایسوں کو؟کیا ان معصوموں کی سسکیاں، آہیں سنائی نہیں دیتیں؟ مصیبتیں آفتیں دیکھ کربھی دل نہیں پگھلتے؟.
دنیا میں کسی کو بھی اس طرح امن کو تہس نہس کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔مزید آگے بڑھتے جا رہے ہیں کیونکہ بڑے بڑے ممالک ان کے معاون ہیں۔لہٰذا اپنی سی ساری کوششیں اس ظلم کو روکنے کے لیے نیک نیتی سے کرنی چاہیے۔ میڈیا ہو، سوشل میڈیا ہو،بائیکاٹ ہو، مظاہرے ہوں یا کوئی بھی سرگرمی ہو ہر طرح کا ذریعہ ابلاغ استعمال میں لا کر لوگوں کا ذہن بنائیے اور ظلم کو رکوائیے۔ آخر اللہ کو منہ دکھانا ہے یا منہ کی کھانی ہے؟ مہلتِ زندگی کو غنیمت جانئے۔ امی کہتی تھیں
غنیمت جان لو مل بیٹھنے کو
قیامت کی گھڑی سر پر کھڑی ہے
اب سمجھ آتا ہے ایک لمحہ! بس ایک خبر! بڑی خبر! انتقال ہو گیا!پھر اس بڑی خبرا لنبا کا کیا ہوگا؟ سوچا ہے؟ تیاری پکڑیں آخر کو مسلمان،مومن اور محسن کب بنیں گے؟





































