
لطیف النساء
جب اطلاع آئی کہ فلاں جگہ گیس سلنڈر پھٹ گیااورایک ہی خاندان کےسات افراد جل گئےاوردوسرے ارد گردکےعلاقوں میں بھی تباہی مچی!سوچا واقعی
کیا دنیا ہے۔ لمحے میں کیا سے کیا ہو جاتا ہے؟ اس عورت نے کیا سوچ کر گیس کا بٹن آن کیا ہوگا کہ دھماکہ ہوگیااورخود وہ اس آگ کا شکار، زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھی!۔ اللہ اکبر!ہم کیا کیا منصوبے بناتے ہیں مگر ہوتا وہی ہے جو منظور خدا ہوتا ہے۔
شوہر کو بتانے کےلیےان کی طرف متوجہ ہوئی جنہوں نےابھی سورۂ رحمٰن لگا کرسننا شروع کیا تھا اور میں دوست کے فون سےیہ خبر سن کر آئی تھی،خاموش ہو گئی اور سورۂ رحمٰن سننے لگی! واقعی! ہم اپنے رب کی کون کون سی نعمتوں کو جھٹلائیں گے؟ اچانک میرے شوہر سو گئے اور عجیب و غریب آوازیں نکالنے لگے،جیسےکہ انہیں کھانسی، کف، بلغم اور سفر کی تھکان تھی لمحے میں سو گئے اور میں سوچنے لگی ان کو کیا ہو رہا ہے؟یہ سانس ٹھیک لے رہے ہیں یا کوئی مسئلہ؟ کیونکہ تین سال پہلے میری جیٹھانی محض سانس کی بدلتی آوازوں سے ہمیں مطلع کر گئی تھیں کہ کچھ غلط ہو رہا ہے۔ سانس کا مسئلہ ہے۔ ڈاکٹر کوبلوایا گیا اور آکسیجن کا سلنڈر منگوا کر بھی لگوایا مگر سانسیں کم ہوتی گئیں اور گنتی کی سانسوں کے بعد ہمیشہ کی خاموشی! ڈاکٹر نے موت واقع ہو جانے کا اعلان کر دیا اوراس تلخ تجربے کی یاد آج پھر مجھے تڑپا گئی مگر میں دعا کرتی رہی کہ اچانک شوہر کے ہاتھ سے فون گرنے لگااور وہ دوبارہ اٹھ کر متوجہ ہو گئے اور سورۂ رحمن سننے لگے۔
میں نے بھی اپنی دوائی کھانے کے لیےجیسےہی قدم بڑھایا ذراچکرسےآئےمیں گرتے گرتے بچی۔ شوہرنےسنبھالا اورمیں نےشکر اداکیا۔واقعی انسان کتنا کمزور اور بے بس ہے؟ کسی کو کچھ کرنے کی ضرورت نہیں ۔اپنا توازن ہی بگڑ جائے تو زندگی اکھڑ جائے۔سوچ کر ہی دل کانپ گیا! موت کتنی قریب ہے اور ہم کتنے غافل! آئے دن ایسے ہی تو واقعات سنتے ہیں۔
اللہ!ابھی رمضان آنے ہی والےہیں، اللہ مجھے بلکہ ہم سب کو رمضان نصیب فرما،روزےر کھ سکیں اورایمان کی بہترین حالت میں ہمیں رکھ اور ہماری تمام عبادات کو قبول و مقبول فرما،نہ جانے کل ہو نہ ہو۔ پچھلارمضان!دل کانپ گیا اف! کتنے لوگ نوجوان بچے بڑے بوڑھے ہم میں نہیں جبکہ پچھلے سال سب حیات تھے تو گویا کوئی مخصوص دن بتا کر تھوڑی آئے گا کہ میں آخری دن ہوں! زندگی کا؟ مجھے تو ہر لمحے کی تیاری چاہیے۔رب سے ملنے کا تو وقت رب کو ہی معلوم ہے مگر میری تیاری تو ہو، اللہ!میرا حلیہ،میرا کام، میرا رویہ، میرا تعلق اپنوں سے پرایوں سے!کیا یہ رب کی پسند کے مطابق ہے؟میرا کھانا پینا سونا جاگنا اور بچے بڑوں کے ساتھ تعلقات! شکر الحمدللہ!سب ٹھیک تو ہیں کوئی ناراض تو نہیں کوئی اداس تو نہیں؟ہاں ہاں ہیں نا کچھ لوگ ناراض!کیا کروں؟ وہ تو خود ہی کٹے جا رہے تھے۔ دعا ہی میرا ہتھیار ہے تو یا رب انہیں سرخرو رکھنا،صحت زندگی ایمان کی بہترین حالت میں بے بسی اور بے کسی سے دور رکھنا اور اپنے سوا کسی کا محتاج نہ بنانا، اے رب! مجھے اور میری اولاد کو بھی اور مجھے احساس ہے کہ مجھے پلٹ کر تیری ہی طرف آنا ہے۔کتنا ڈر گئی تھی میں جب منہ سے اچانک خون نکلنے لگا تھا، نمکین ذائقہ پا کر تھوکا تو کیا دیکھا؟ سر ہی تو درد کی جگہ سے دبایا تھا!کتنا میں ڈر گئی تھی کہ اگر کوئی رگ پھٹ گئی ہو اور خون بند نہ ہوا تو کیا ہوگا؟کتنی تڑپ کر دعا کی تھی کہ اے رب ابھی نہیں! مجھے معاف کر دے مجھ سے راضی ہو جا، مہلت زندگی دے دے پھر چاہے بلا لینا!سبحان اللہ! کلیاں کرتے دعا کرتے فکر مندی اور طلب تڑپ کی دعا کام کر گئی اور نماز مغرب کے بعد خون نکلنا بالکل بند ہو گیا۔ اے رب مجھ سے راضی رہنا۔ ہر دن ہر لمحے تیری طرف پلٹنے کے ہی تو ہیں جو دنیا میں آگیا اس کا جانا ضرور ہے اور تجھ کو حساب دینا ضرور ہے۔
اے رب!میں اس وقت سے ڈرتی ہوں، اپنے اعمال سےڈرتی ہوں، اپنے کردار اور گناہوں سے خائف ہوں، مگر تیری رحمت پر پورا بھروسہ ہے تو ضرور مجھے میرے والدین، اساتذہ، عزیز،رشتہ داروں، دوست احباب بلکہ کل مسلمین و مسلمات، مومنین و مومنات کو بخش دے۔اس دن جب کوئی سایہ نہ ہو (آمین)تو بس آج سے ابھی سے مجھے اپنی طرف مائل کر لے۔ الٰہی گناہوں سے منہ موڑ دے، برائی سے رشتہ میرا توڑ دے، الٰہی تو رحمان ہے بخش دے!الٰہی تو غفار ہے بخش دے کیونکہ تو ہی جاہ پناہ ہے پلٹنا تیری طرف ہی ہے۔آمین





































