
لطیف النساء
سورۃ الکہف میں ہم نے ذوالقرنین کا ذکرسنا ہے،روایت میں آتا ہے کہ وہ اپنی ماں کے اکلوتےبیٹے تھے۔اللہ تعالیٰ نے ان پر بڑا فضل کیا تھا ،مشرق و
مغرب کے سفر کیے اور لوگوں کو دعوت دی۔ ایک مرتبہ سفر کے بعد بیماری کی وجہ سے انہیں اپنی زندگی کے ختم ہونے کا احساس ہوا تو انہوں نے سوچا میری ماں کو میری موت کا کتنا دکھ ہوگا تو انہوں نے اپنی ماں کو موت کی حقیقت سمجھانے کیلئے ایک بھیڑ اور ساتھ ہی ایک خط بھیجا۔
"ماں! اس دنیا میں ہر ایک اپنی زندگی کی مدت گزارنے آیا ہےاوریہ دنیا فانی ہے۔موت کا وقت مقرر ہے،جب آپ کو میرے رخصت ہونےکی اطلاع ملے تو آپ اس بھیڑ کو قربان کر کے اس کا گوشت پکائیں اور کھانا بنا کر لوگوں کو مدعو کریں کہ وہ آئیں مگر وہ شخص ہرگز نہ آئے جس نے اپنے کسی عزیز کو نہ کھویا ہو۔" موت کی خبر ملنے پر ماں نے ایسا ہی کیا،وصیت کے مطابق جو بیٹے نے کی تھی۔ماں کو بڑی حیرت ہوئی ،جب انہوں نے دیکھا کہ دعوت میں کھانے کے لیے کوئی بھی نہ آیا لہٰذا فوراً ہی انہیں سمجھ آ گیا کہ دنیا میں کوئی بھی ایسا نہیں جس نے ہمیں کسی عزیز کو نہ کھویا ہو۔بیٹے کی فراست پر انہوں نے کہا "میرے بیٹے!اللہ تم پر رحمت کرے تم نے اپنی موت پر بھی مجھے اتنا ہی سبق دیا جتنا تم نے اپنی زندگی میں دیا تھا"۔
واقعی یہ دنیا ملاقات کی جگہ نہیں ،مصیبتیں ہمیشہ آتی ہیں،دنیا تو واقعی جدائی کی جگہ ہے۔ کوئی آگے کوئی پیچھے،یہ مستقل ٹھکانہ نہیں۔یہ تو جدائی کی جگہ ہے۔سمجھو!یہ ایک عبوری مقام ہے یعنی یہ موت ہی زندگی کی ضد ہے، یہ درست نہیں کیونکہ یہ موت تو زندگی کا حصہ ہے؟ بس اسے منتقل ہونا ہے اس جہاں سے اس جہاں
ایک یہ جہاں ہےایک وہ جہاں
ان دو جہاں کے درمیاں
ایک سلسلہ ہے سانس کا
جو چل رہا تو یہ جہاں جو ٹوٹ گیا تو وہ جہاں
کسی کی موت پر ہم کتنے غمگین ہوتے ہیں کیونکہ ہم انسان ہیں۔ہم جلتے ہیں،ٹوٹ جاتے ہیں کیونکہ ہم محبت کرتےہیں انسان ہیں، ہم کمزور پڑجاتے ہیں کیونکہ ہم اپنے پیاروں پر زیادہ انحصار کرتے ہیں لیکن ہمیں اللہ کی ذات پر یقین ہونا چاہیے اور اللہ کے فیصلوں کو ادب و احترام سے مان لینا چاہیے، اس کی مرضی پر راضی رہنا چاہیے کیونکہ ہمارا غصہ ناراضی ،غم پریشانی، ہماری تقدیر کو کبھی نہیں بدلتے،اللہ تو ولی ہے۔ اس کی رضا میں ہماری رضا ہے، اس لیے وقت پر صبر اور رضا ہی دراصل ہمارےثواب میں اضافہ کرتے ہیں اور ہم اسی ثواب اور اجر کے محتاج ہیں۔





































