
لطیف النساء
الحمدللہ!لاکھ لاکھ شکر ہے کہ اتنے سارے کرائسز، اتنی جنگ و جدل کے باوجود الحمدللہ ہم نئے سال میں داخل ہو گئے ہیں ،اللہ تعالیٰ ہمارے اس نئے
سال کو ہم سب کے لیے پر امن پر سکون، خوشیوں اور رحمتوں کا برکتوں کا سال بنائے اور ہمیں خصوصی ہدایت سے نوازے۔
فانوس بن کے جس کی حفاظت خدا کرے
وہ شمع کیا بجھے جسے روشن خدا کرے
مجھے لگتا ہے برا نہ ہونا بھی نیکی ہے تم بہت اچھے ہو بڑے بڑے کام کرو مگر بڑے بڑے دعوے یا وعدے نہ کرو یہ بھی دھوکا ہے، فلسطین اور غزہ سوڈان کے تھوڑے سے لوگ جو پوری دنیا کے لوگوں کا مقابلہ کر رہے ہیں کیونکہ جو چپ ہیں ،وہ بھی اس میں شامل ہیں اور جو تھوڑا بہت کوشش کر رہے ہیں لیکن اچھی طرح نہیں، ان کی مدد کریں، لیکن اسرائیلی بمباری اور دوسری ظالم طاقتیں ظلم سے باز نہیں آ رہیں!اللہ پاک اپنارحم فرما ئے ،ان کے خوف کو امن میں بدل کر کامیابی عطا فرما ئے۔ آمین
سال دو سال سے انہیں بری طرح سے تباہ و برباد کر کے رکھ دیا گیاہے یہاں تک کہ بھوک پیاس کو ہتھیار کے طور پر استعمال کر کے اور بے گھر بے در لوگوں کو بھی بار بار بمباری سے خوف زدہ کر کر کے انہیں مار رہے ہیں لیکن ان کا حوصلہ جواں ہے اور بقول علامہ اقبال:۔
عقابی روح جب پیدا ہوتی ہے جوانوں میں
نظر آتی ہے ان کو اپنی منزل آسمانوں میں
تو ہم کہتے ہیں نا بڑا جوان کا بچہ ہے تو اس کا مطلب صرف نوجوان ہی نہیں ہوتا اس کا مطلب جس کی روح زندہ ہو جس کاجذبہ جوان ہو ،وہ جوان ہے یعنی پر امید پر عزم بھی قابل عبرت ہیں۔وہ فلسطینی اور غزہ سوڈان کے عوام! ان کے جاں بلب حوصلوں سے ہی ملک آگے چلتا ہے اور ان کے اندر اگر غیرت ہو،حق ہو انصاف ہو اور عدل کی طاقت ہو تو ایمان کی طاقت ہو تو وہ کسی سے نہیں ہارتے اور وہ آگے بڑھتے چلے جاتے ہیں اور یہی وہ عقابی روح ہے جو انہیں آسمانوں پر ان کی منزلیں دکھاتی ہے اور ایسا ہی ہے، الحمدللہ!
اللہ تعالیٰ اس سال کو مبارک کرے پچھلے سال کیا کچھ کھویا، بہت کچھ کھویا قیمتی جانیں زبردستی کی ظالمانہ جنگ، ان گنت اموات اورحادثات ایسے ہوئے جو بہت دل خراش تھے سب گزر گئے، ڈمپر مافیا، پانی، گیس،بجلی،بارشوں کی تباہی، بے روزگاری، جلاؤ گھیراؤ سب کچھ ہوا لیکن اس کے باوجود بھی الحمدللہ! زندہ ہیں،پر امید بھی ہیں۔ اللہ تعالی ہمارے جذبوں کو جوان رکھے ہمیں نیک اعمال کرنے کی توفیق دے اور ہمیں بیماریوں سے پریشانیوں سے زمینی، آسمانی آفات سے بچا ئے رکھے، ہمیں ہر حال میں شکر ادا کرنا چاہیے کہ اللہ تعالی نے ہمیں ہر لحاظ سے بہتر رکھا ہے اور ہمیں ظالم کا ہاتھ رکنے اور ظلم سے روکنے پر ضرور توجہ دینی چاہیے،دیکھئے یہ سب سے بڑا ظلم ہے کہ ہم ظلم ہوتا ہوا دیکھیں اور نہ روک سکیں! بس ان حالات سے اب تک مجھے یہی غم کھایا جا رہا ہے کہ دنیا کو جو کام کرنا چاہیے تھا وہ کیوں نہیں کیا؟ ہے زندکی کا مقصد اوروں کے کام آنا۔کہتے ہیں کہ دل نہ دکھائیے کہ خدا کا مقام ہے۔
یہاں تو لاکھوں جانیں گئیں!اللہ اکبر!اب نیا سال ہے خرافات سے بچیں ہمیں نئے سال کیلئے ابھی سے دعاؤں کے ساتھ اچھے اعمال کریں، توفیق مانگیں،شکر کریں، اللہ کو راضی کرنے والے اعمال کیا ہیں؟اچھے اعمال ایمان کے ساتھ جڑے ہیں، اگر یہی نہ ہوگا تو کچھ بھی نہ ہوگا اس لیے اللہ تعالی ہمیں ایسے اعمال کرنے کی توفیق دے کہ رب راضی ہو جائے اور ہم ایسی کوئی خرافات نہ کریں جس سے رب ناراض ہو، پچھلے سالوں کے سے ڈھول ڈھمکے، فائرنگ کا نام بھی نہ لیں، آک کا کھیل منع ہے۔
اللہ تعالی ہمارے فلسطینیوں،غزہ،اور ہمارے سوڈان ہمارے کشمیری بھائیوں خود ہمارے اپنے ملک کے بھائیوں کے لیے آسانیاں پیدا فرمائے اور ان کے لیے رحمتیں اور برکتیں عطا فرمائے (آمین)۔ اس سال اور آئندہ بھی جنگوں سے، بیماریوں سے، حادثات سے دو رکھے آمین، اللہ تعالیٰ ہمارے ملک میں رحمتوں والی بارشیں برسائے، سڑکیں درست ہو جائیں،ہم اللہ سے امید رکھتے ہیں اور اپنی محنت پر بھروسہ کرتے ہوئے دعا گو ہیں کہ ہمیں بہترین قیادت عطافرما، عوام کو نیکی کی ہدایت دے،صبر شکر اپنے وسائل پر قناعت کرنے کی توفیق دے، ہم میں تنظیم، اتحاد اور یقین کی قوت اجاگر کر دے اور ہماری یہی دعا ہے کہ تیری رضا پر جئیں،پوری دنیا میں امن ہو سکون ہو،اے رب تیرے یہ بگڑے بندے بھائی بھائی بن کر رہیں (آمین)۔
ویسے کتنا شکر ہے کہ اس سال بہت کچھ ہم سے اچھے کام آپ نے کروا لیے جیسے بنو قابل پروگرام، رافیل گرانے پر عزت و توقیر اور جماعت کے اجتماع عام بدل دو نظام اور عوامی شعور گویا بیداری مقصد حیات اور پاکستان میں نفاذ اسلام کاشعور،کم وسائل میں بھی مسائل کا حل محنت اور خلوص کی عظمت،نئی تعمیرات اور دیگر پراجیکٹس وغیرہ خوش آئند ہیں ،الحمدللہ! اللہ سب کو نیا سال نئی زندگی مبارک فرمائے۔ آمین۔





































